رمضان میں کوئٹہ کی سڑکوں پر لڈو کھیلتے کھلاڑی

کوئٹہ میں یار دوست ماہ رمضان میں اکثر سحری تک تھڑوں اور سڑک کنارے لڈو کھیلتے وقت گزارتے ہیں۔

کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے وقاص احمد کو سال بھر ماہ رمضان کا انتظار رہتا ہے۔

وہ درزی کا کام کرتے ہیں تو عام دنوں میں ان کے لیے دوستوں کے لیے وقت نکالنا مشکل ہو جاتا ہے لیکن رمضان ایک ایسا وقت ہوتا ہے جب وہ پورا ماہ دوستوں کے ساتھ قدرے آرام سے مل سکتے ہیں۔

وقاص بتاتے ہیں: ’یہ وہ واحد مہینہ ہے جب ہم سارے بچپن کے دوست ایک ساتھ ہوتے ہیں۔ بلکہ ہم اس دوران لڈو کے کھیل سے بھی لطف اندوز ہوتے ہیں۔‘

وقاص اور اس کے دیگر ساتھی رمضان کے مہینے میں تراویح کے بعد سحری تک سڑک کنارے لڈو کھیلنے آتے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ لڈو کے کھیل کے ساتھ ان کا ملنا بھی ہوجاتا ہے اور وہ سحری تک کھیلتے رہتے ہیں، جس کے بعد وہ سو کر دوبارہ اٹھتے ہیں۔

وقاص کے مطابق یہ سلسلہ گذشتہ آٹھ دس سالوں سے چل رہا ہے اور تمام دوست صرف رمضان ہی میں ایک دوسرے ساتھ اتنا زیادہ وقت گزار سکتے ہیں، کیونکہ کام کی مصروفیت کے باعث سال کے باقی دنوں میں ایسا ممکن نہیں ہوتا ہے۔

وہ مزید کہتے ہیں کہ ایک تو رمضان ہے، دوسرا بندہ سارا دن بھوکا رہتا ہے، اس لیے وہ کسی سے ملنے سے گریز کرتا ہے۔ لیکن ہم اس موقع کو غنیمت جانتے ہوئے تراویح کے بعد یہاں ہر صورت جمع ہوجاتے ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے کہا کہ سب دوستوں کو علم ہےکہ یہ موقع سال میں صرف ایک بار ملتا ہے۔ اس لیے کوئی بھی اس کو ضائع نہیں کرنا چاہتا۔

وقاص کےمطابق: ’جہاں ہم سارے دوست لڈو کے ذریعے ایک ساتھ ملتے ہیں، وہاں اس دوران محلے والوں سے حال احوال ہوجاتا ہے۔ وہ بھی نہ صرف ملتے ہیں بلکہ ایک دوسرے کے حالات سے واقفیت ہوجاتی ہے۔ کبھی کبھی ایسا بھی ہو جاتا ہے کہ محلے کا کوئی ساتھی بھی اس کھیل میں ہمارے ساتھ شامل ہو جاتا ہے۔‘

گھر میں اور یہاں پر تھڑے پر لڈو کھیلنے میں فرق بتاتے ہوئے وقاص نے کہا کہ وہاں اگر ہم کسی کو بلائیں تو بھی صرف چند ہی آسکتے ہیں۔ لیکن یہاں ہم بہت سارے اکٹھے ہو جاتے ہیں، کھاتے پیتے ہیں اور گپ شپ بھی ہوجاتی ہے۔

لڈو کھیلنے والے کھلاڑی رات گئے سڑک کنارے تھڑے پر وقت گزارتے ہیں اور وہ سمجھتے ہیں کہ یہ ان کے لیے کسی قیمتی چیز سے کم نہیں، جو کھیل اور ملاقات کا واحد ذریعہ بھی ہے۔

کوئٹہ میں لڈو کھیلنے والے یار دوست اکثر تھڑوں اور سڑک کنارے بیٹھ کر رمضان کے مہینے میں وقت گزارتے ہیں۔ یہ سلسلہ عید تک جاری رہتا ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ملٹی میڈیا