معروف مذہبی شخصیت مولانا طارق جمیل نے گذشتہ ماہ کراچی کے معروف علاقے طارق روڈ اپنا ملبوسات کے برانڈ ’ایم ٹی جے‘ کے فلیگ شپ سٹور کا افتتاح کیا۔
’ایم ٹی جے‘ سٹور میں موجود خواتین اور حضرات کے تمام ملبوسات مشرقی طرز کے ہیں، جن میں خواتین کے عبایا، مردوں کے کوٹ، ٹوپی اور کرتے سمیت فارمل، عروسی، سلے، ان سلے ہر طرح کے ملبوسات رکھے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ جوتے اور خاص قسم کی خوشبو بھی سٹور پر دستیاب ہے۔
سٹور میں موجود ایک عبایا کی قیمت 29990 دیکھی گئی، جبکہ مردانہ کوٹ کی قیمت 5900 روپے رکھی گئی ہے۔
حالیہ دنوں پاکستان میں سوشل میڈیا پر ’ایم ٹی جے‘ کے ایک پراڈکٹ ازار بند کی قیمت کو لے کر خاصی تنقید کی گئی۔ تاہم ’ایم ٹی جے‘ آؤٹلیٹ کراچی کے اسسٹنٹ منیجر فیاض شفیع کے مطابق ان کے سٹور میں ایسا کوئی آئٹم ہے ہی نہیں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ان کا کہنا تھا: ’آج کل ازار بند کو لے کر بہت کچھ چلا رہا ہے کہ یہ ایم ٹی جے کا ازار بند ہے۔ بنیادی طور پر ہماری ایسی کوئی پراڈکٹ ہی نہیں ہے۔ نہ ہی ہم نے کوئی ایسی پراڈکٹ لانچ کی ہے۔ مستقبل میں اگر آئی بھی تو یہ شلوار قمیص کے ساتھ مفت ہوگی۔‘
سٹور میں موجود مختلف مصنوعات کی قیمت کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں فیاض شفیع نے کہا کہ کپڑے کی کوالٹی، سلائی کے معیار، ڈیزائن اور ان پر کی گئی کڑھائی کے حساب سے قیمت تھوڑی اوپر رکھی ہے۔
ان کے مطابق: ’ہمارے پاس کچھ مصنوعات کی قیمت 1900 روپے بھی ہے۔ اس کے علاوہ ہم 20 فیصد کی چھوٹ بھی دیتے ہیں۔ یہ قیمتیں مناسب ہیں۔‘
پرفیوم کے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ ڈی نیچرڈ الکوہل پرفیوم ہیں جو قدرتی اجزا سے بنے ہوئے ہیں اور دیر تک ان کی خوشبو چلتی ہے۔
ان کے مطابق ایم ٹی جے کراچی میں ٹوپی سب سے زیادہ بکنے والا آئٹم ہے۔