’بھارت سے تعلقات میں بہتری کشمیریوں سے غداری ہوگی‘

وزیراعظم عمران خان سے ’آپ کا وزیراعظم آپ کے ساتھ‘ نامی پروگرام کے تحت شہریوں نے معیشت، مہنگائی، کشمیر، فلسطین اور بھارت سے تعلقات کے حوالے سے سوالات کیے۔

عمران خان عوام کے سوالوں کے جواب دے رہے تھے (عمران خان فیس بک/ فائل فوٹو)

پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات میں بھارت سے تعلقات استوار کرنا کشمیریوں سے غداری ہوگی۔

وزیراعظم عمران خان نے عوام کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کشمیر کے حوالے سے سوال پر کہا کہ اگر بھارت پانچ اگست کا اقدام واپس لے تو بات چیت ہو سکتی ہے۔

’آپ کا وزیراعظم آپ کے ساتھ‘ نامی پروگرام کے تحت اتوار کو ایک شہری نے وزیر اعظم عمران خان سے کشمیر اور فلسطین کے حل اور تحریک انصاف کی حکومت کی پالیسی کے حوالے سے سوال کیا تھا۔

کشمیر، فلسطین اور بھارت سے تعلقات

جس کے جواب میں عمران خان نے کہا کہ ’ہمارے ایک طرف دنیا بڑی معیشت چین ہے اور دوسری طرف بھارت جیسی بڑی مارکیٹ ہے۔ تجارت بڑھتی ہے تو یقینی طور پر سب کو فائدہ ہوتا ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’میں نے اقتدار میں آنے کے بعد پہلے دن سے ہی بہت کوشش کی کہ بھارت سے تعلقات معمول پر آجائیں۔‘

تاہم ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ’اگر ہم اب بھارت سے تعلقات استوار کرتے ہیں تو یہ کشمیروں کے ساتھ غداری ہوگی۔‘

’بھارت سے تعلقات میں بہتری کا مطلب ہم کشمیریوں کی جد و جہد، ان کے خون کو نظرانداز کر دیں گے، کشمیروں کا خون ضائع ہو جائے گا، ان کے خون پر تجارت کو فروغ نہیں دے سکتے۔‘

ان کا کہنا مزید کہنا تھا کہ اگر بھارت پانچ اگست کے اقدام سے پیچھے ہٹتا ہے تو پھر کچھ ہو سکتا ہے۔‘

اسی سوال کے دوسرے حصے جو فلسطین کے حوالے سے تھا کہ جواب میں عمران خان نے کہا کہ فلسطین کا مسئلہ بھی کشمیر جیسا ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ان کا کہنا تھا کہ ایسا نہیں ہو سکتا کہ ’آپ فلسطینیوں پر ظلم کریں، انہیں ڈرائیں گے، وہ چپ کر جائیں گے۔‘

’وہ (فلسطینی) کچھ وقت بعد دوبارہ اٹھیں گے اور جد و جہد شروع کر دیں گے اور یہ سلسلہ چلتا رہے گا۔‘

عمران خان کا کہنا تھا کہ فلسطین کے مسئلے کا واحد حل دو ریاستی حل ہے۔ ’جو باقی دنیا کو بھی سمجھ آ گئی ہے۔‘

راولپنڈی رنگ روڈ

وزیراعظم سے براہ راست سوالات کے دوران کے اور شہری نے راولپنڈی رنگ روڈ کے حوالے سے بھی سوال کیا جس پر عمران خان کا کہنا تھا کہ رنگ روڈ پر کام رکے گا نہیں۔

’مجھے کسی نے بتایا کہ راولپنڈی رنگ روڈ میں فراڈ ہو رہا ہے اور الائنمنٹ بھی ٹھیک نہیں۔ پھر تحقیقات سے معلوم ہوا کہ یہ بات ٹھیک تھی۔‘

انہوں نے کہا کہ ’اس حوالے سے دو ہفتوں میں انکوائری کی رپورٹ آ جائے گی مگر رنگ روڈ رکے گی نہیں۔‘

مہنگائی اور معیشت

پروگرام کے آغاز میں ہی ملتان سے ایک شہری نے وزیراعظم عمران خان سے مہنگائی، معیشت اور روزگار کے حوالے سے سوال کیا تھا۔

اس سوال کے جواب میں وزیراعظم عمران نے پہلے تو اپنے کرکٹ کریئر کی مثالیں دیں اور پھر انہوں نے کہا کہ ’ایک ہی دن میں گراف صرف کہانیوں اور خوابوں میں ہی اوپر جاتا ہے۔‘

ان کا ایک مرتبہ پھر کہنا تھا کہ ’کسی بھی انڈپینڈنٹ شخص سے پوچھ لیںت کسی حکومت کو اتنی مشکلیں نہیں ملیں جتنی ہماری حکومت کو ملیں۔‘

’عوام کو مشکل وقت میں سے گزرنا تھا۔ میں نے پہلے دن ہی کہا تھا کہ ہمیں مشکل وقت سے گزرنا پڑے گا۔‘

معیشت کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا کہ ’چار فیصد گروتھ ریٹ کی امید نہیں تھی۔ اس کا مطلب ہے کہ جو ہم اور ہمارے مخالف سوچ رہے تھے اس سے کہیں تیزی سے ہم اوپر گئے ہیں۔‘

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان