سعودی عرب میں مقیم 60 ہزار افراد ہی رواں برس حج کرسکیں گے

سعودی وزارت حج نے کہا ہے کہ اس سال سعودی شہریوں اور سعودی عرب میں مقیم افراد کو ہی حج کرنے کی اجازت ہوگی اور ان کے لیے بھی کرونا ویکسین لگوانے کی شرط عائد کی گئی ہے۔

اس سال فریضہ حج جولائی کے وسط میں ادا کیا جائے گا(فائل  فوٹو: اے ایف پی)

سعودی عرب نے ہفتے کو اعلان کیا ہے کہ اس سال ملک میں موجود ان 60 ہزار لوگوں کو فریضہ حج ادا کرنے کی اجازت دی جائے گی، جنہیں کرونا (کورونا) وائرس کی ویکسین لگ چکی ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق سعودی وزارت حج نے کہا ہے کہ ’اس سال سعودی شہریوں اور سعودی عرب میں مقیم افراد کو ہی حج کرنے کی اجازت ہوگی اور ان کی تعداد 60 ہزار تک محدود ہو گی۔ وہ لوگ جو حج کرنا چاہتے ہیں ان کے لیے ضروری ہے کہ انہیں کوئی لاعلاج مرض نہ ہو، کرونا ویکسین لگی ہوئی ہو جبکہ ان کی عمر18 سے 65  سال کے درمیان ہونی چاہیے۔‘

وزارت حج کا مزید کہنا تھا کہ ’عازمین حج کی تعداد محدود رکھنے کا فیصلہ اس لیے کیا گیا ہے کہ سعودی حکومت کی بھرپور خواہش ہے کہ حرمین شریفین حج اور عمرے کی خاطر مہمانوں اور زائرین کے لیے کھلے رہیں، تاہم لوگوں کی صحت اور سلامتی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔‘

واضح رہے کہ اس سال فریضہ حج جولائی کے وسط میں ادا کیا جائے گا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

گذشتہ برس کرونا وبا کی شدت کے پیش نظر سعودی عرب نے بیرون ملک سے آنے والے حجاج کی مکہ آمد پر مکمل طور پر پابندی عائد کر دی تھی اور صرف سعودی عرب میں پہلے سے موجود غیر ملکی افراد کو ہی حج کا فریضہ ادا کرنے کی اجازت دی گئی تھی جبکہ عازمین حج کے لیے حج سے پہلے اور حج کے بعد 14 دن قرنطینہ میں گزارنے کی شرط بھی عائد کی گئی تھی۔

تمام عازمین حج کے لیے مناسک حج کی ادائیگی کے دوران منہ پر ماسک پہننے کو بھی لازمی قرار دیا گیا تھا۔ اسی طرح حج میں طواف کے دوران تمام حاجیوں کو ایک دوسرے سے کم از کم دو میٹر کے فاصلے پر رہنے کا پابند کیا گیا تھا، جس کے لیے صحن کعبہ میں لائن اور نشانات لگائے گئے تھے۔

ہر سال 20 لاکھ سے زیادہ افراد حج کے موقعے پر سعودی عرب کے شہر مکہ میں جمع ہوتے ہیں جس کے بعد وہ مدینہ جاتے ہیں لیکن کرونا وبا کی وجہ سے گذشتہ سال کی طرح اس سال بھی حاجیوں کی تعداد محدود رکھی گئی ہے۔

اس سے قبل سعودی عرب نے کرونا وائرس پر قابو پانے کے لیے کئی ماہ تک اپنی سرحدیں بند رکھی تھیں۔ خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق کرونا وبا شروع ہونے کے بعد سعودی عرب میں چار لاکھ 62 ہزار متاثرین اورساڑھے سات ہزار اموات رپورٹ کی گئی ہیں جبکہ سعودی محکمہ صحت کے مطابق ملک میں اب تک ڈیڑھ کروڑ سے زیادہ لوگوں کو کرونا ویکسین لگائی جا چکی ہے۔

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا