میکسیکو میں فائرنگ کے متعدد واقعات، 18 افراد ہلاک

حکام کے مطابق شمالی میکسیکو کے شہر رینوسہ کے کئی علاقوں میں ایک سے زیادہ گاڑیوں میں سوار افراد نے لوگوں کو گولیوں سے نشانہ بنایا۔

فائرنگ کے واقعات کے بعد فوج، ریاستی پولیس اور نیشنل گارڈز کو مختلف علاقوں کی نگرانی کے لیے تعینات کردیا گیا ہے(فائل فوٹو: اے ایف پی)

میکسیکو کے مختلف علاقوں میں مسلح افراد کی فائرنگ سے کم از کم 18 افراد ہلاک ہوگئے۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ریاستی سکیورٹی فورسز نے اتوار کو بتایا کہ شمالی میکسیکو کے شہر رینوسہ کے کئی علاقوں میں کاروں سے فائرنگ کی گئی۔

بیان میں مزید بتایا گیا کہ ہفتے کے روز فائرنگ کے متعدد واقعات پیش آئے جن میں ایک سے زیادہ گاڑیوں میں سوار افراد نے لوگوں کو گولیوں سے نشانہ بنایا۔

ہلاک ہونے والے افراد اور اس واقعے کے پیچھے محرکات کا فی الحال پتہ نہیں چل سکا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ابتدا میں ان واقعات کے بعد حکام نے 15 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی تھی، تاہم بعد میں بتایا گیا کہ مزید تین افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

فائرنگ کے واقعات کے بعد فوج، ریاستی پولیس اور نیشنل گارڈز کو مختلف علاقوں کی نگرانی کے لیے تعینات کردیا گیا ہے۔

بیان میں مزید بتایا گیا کہ حکام نے ایک شخص کو گرفتار کیا ہے اور مشتبہ حملہ آوروں کے زیر استعمال تین ٹرکوں کو بھی قبضے میں لیا گیا ہے۔

امریکی سرحد کے بالکل قریب واقع اس شہر پر کنٹرول کے لیے کئی سالوں سے منشیات فروشوں کے گروپوں کے درمیان خونی جھڑپوں کا تبادلہ جاری ہے جس کی وجہ سے اس کا شمار میکسیکو کا سب سے پُرتشدد شہروں میں ہوتا ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا