فیس بک، وٹس ایپ اور انسٹا گرام پر آسان کاروبار اور خریداری

مارک زکربرگ کا کہنا ہے کہ وہ سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر ایک نئے کامرس فیچرز متعارف کرا رہے ہیں جس سے کاروبار کرنا اور خریداری آسان ہوگی۔

امریکی سماجی رابطوں کی ویب سائٹس فیس بک، انسٹا گرام اور موبائل میسیجنگ سروس واٹس ایپ موبائل فون اور ٹیبلیٹ کی کی اسکرین پر موجود ہیں  (اے ایف پی/ فائل)

سماجی رابطوں کی امریکی ویب سائٹ فیس بک کے بانی مارک زکربرگ کا کہنا ہے کہ وہ سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر نئے کامرس فیچرز متعارف کرا رہے ہیں جس سے کاروبار اور خریداری کرنا آسان ہوگا۔

فیس بک پر ہی اپنے کمنٹ میں مارک زکربرگ نے لکھا کہ نئے فیچرز شاپس آن وٹس ایپ اور مارکیٹ پلیس، انسٹاگرام وژیول سرچ اور شاپس ایڈز پر متعارف کرائے جائیں گے۔

کمنٹس میں تفصیلات بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انسٹا گرام وژیول سرچ کا فیچر ان مصنوعات کی تلاش میں صارفین کی مدد کرے گا جو تصویر کی بنیاد پر فروخت کی جا رہی ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ جیسے وہ مزید سرمئی رنگ کی ٹی شرٹس تلاش کرنا چاہیں گے۔

شاپس آن مارکیٹ پلیس کی تفصیلات بتاتے ہوئے انہوں نے کمنٹ کیا کہ کم از کم ایک ارب افراد ہر ماہ مارکیٹ پلیس استعمال کرتے ہیں۔ ’تو ہم اسے کاروبار کرنے والوں کے لیے آسان بنا رہے ہیں تاکہ وہ اپنی دکانوں کو مارکیٹ پلیس پر لائیں اور زیادہ افراد تک رسائی حاصل کریں۔

اس پر شریل گیل نامی صارف نے کہا کہ مارکیٹ پلیس پر سب سے بڑا مسئلہ محفوظ ادائیگیوں کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مسئلے کو حل کریں یا پھر ای بے جیسے پلیٹ فارم سے شراکت داری کریں۔

چند صارفین نے یہ بھی شکایت کی کہ مارکیٹ پلیس پر ان کو وہ رسائی نہیں مل پا رہی جو کہ مارک زکر برگ کہہ رہے ہیں۔

اس کے علاوہ اپنے ایک اور کمنٹ میں مارک زکربرگ نے کہا کہ ’شاپس آن وٹس ایپ کے ذریعے آپ جلد ہی وٹس ایپ پر اپنی دکان سجا سکیں گے۔ آپ کسی بھی کاروبار کرنے والے سے کوئی چیز خریدنے سے قبل بات کرسکیں گے۔ کسی بھی کاروبار کو صرف ایک بار اپنی دکان قائم کرنی ہوگی اس کے بعد فیس بک، انسٹاگرام اور وٹس ایپ تمام پلیٹ فارم پر وہ کاروبار کرسکیں گے۔

اس پوسٹ پر کمنٹ کرتے ہوئے ایک صارف معظم جعفری نے لکھا کہ ’مستقل بنیاد پر بوسٹ مہیا نہیں کیا جا رہا۔ میں ایک مستند صارف ہوں اور میں نے پہلے بھی کئی بار اپنے کاروبار کی تشہیر کے لیے ادائیگیاں کیں ہیں۔ میرا مسئلہ حل کیا جائے۔‘

فیس بک کے بانی مارک زکربرگ نے شاپ ایڈز کی تفصیلات کے بارے میں لکھا کہ ’ہم نئے ایڈز متعارف کرا رہے ہیں تاکہ خریداری کے تجربے کو ذاتی شکل دی جائے اور آپ کو کسی بھی دکان کے سامان کی جانب مائل کیا جا سکے۔‘

زکربرگ کی اس پوسٹ پر کمنٹ کرتے ہوئے ایک صارف سکوٹی ملر نے مارک زکربرگ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’کیا آپ مہربانی کرکے یہ دیکھیں گے کہ ویڈیوز میں آپ کی ایڈ پلیسمنٹ کہاں ہے۔ جب ایڈ ختم بھی ہو جاتا ہے تو خانے میں لکھا آتا ہے ’ایڈ‘ اور یہ وہاں ہوتا ہے جہاں سب ٹائٹلز ہوتے ہیں۔ یہ ان کے لیے بڑا پریشان کن ہے جنہیں سننے میں مسائل کا سامنا ہے۔‘

 واضح رہے کہ فیس بک پر فی الوقت بھی بوسٹنگ ذریعے تشہیر اور آن لائن خریداری اور فروخت کی جا رہی ہے۔ دنیا بھر میں لاکھوں پیج اس مقصد کے لیے استعمال کیے جا رہے ہیں خصوصا کرونا کی وبا کے آغاز میں مختلف ممالک میں لگایے جانے والے لاک ڈاونز کے دوران فیس بک پر خریدو فروخت کی جاتی رہی ہے۔

وٹس ایپ بزنس کے ذریعے بھی لوگ اپنی مصنوعات کی تشہیر، فروخت اور خریداری کرتے رہے ہیں لیکن کاروبارکرنے والوں اور صارفین کو محفوظ ادائیگیوں اور خریدی جانے والی اشیا کے معیار کے تناظر میں خدشات کا سامنا رہا ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ایک اور بڑا مسئلہ جو پاکستان جیسے ممالک میں درپیش ہے وہ یہ یہاں فیس بک پر دکھائی جانے والی چیز اور ادائیگی کے بعد گھروں پر پہنچائی جانے والی چیز میں کبھی کبھار خاصا فرق ہوتا ہے اور اس صورت میں صارف کے پاس شکایات کے ازالے کا موثر طریقہ کار نہیں ہوتا۔

صارفین کو توقع ہے کہ فیس بک کے کاروبار اور خریداری کو آسان بنانے کے لیے متعارف کرائے جانے والے نئے فیچرز میں ان مسائل کے حل پر توجہ دی جائے گی۔  

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی سوشل