پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے انگلینڈ میں مجرمانہ تحقیقات کے باعث جمعرات کو کرکٹر حیدر علی کو عارضی طور پر معطل کر دیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے تحقیقات کی نوعیت کی وضاحت نہیں کی، تاہم بیان میں کہا گیا کہ ’وہ کرکٹر حیدر علی کے خلاف گریٹر مانچسٹر پولیس کی جانب سے کی جانے والی مجرمانہ تحقیقات سے آگاہ ہے۔‘
پی سی بی نے کہا کہ تحقیقات ’ایک واقعے سے متعلق ہے، جو مبینہ طور پر پاکستان شاہینز کے حالیہ دورہ انگلینڈ کے دوران پیش آیا تھا۔‘
بیان میں کہا گیا کہ ’شاہینز ٹیم دوسرے درجے کی بین الاقوامی کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی کرتی ہے۔‘
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق حیدر علی کے خلاف مجرمانہ تحقیقات کے بارے میں رابطہ کرنے پر گریٹر مانچسٹر پولیس نے ایک ای میل میں کہا: ’پیر، 4 اگست 2025 کو ریپ کی رپورٹ موصول ہونے کے بعد، ہم نے ایک 24 سالہ شخص کو گرفتار کیا ہے۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
مزید کہا گیا: ’یہ الزام لگایا گیا ہے کہ یہ واقعہ بدھ، 23 جولائی 2025 کو مانچسٹر کے ایک احاطے میں پیش آیا۔ ‘
ای میل میں مزید کہا گیا کہ ’اس شخص کو مزید پوچھ گچھ کے لیے ضمانت پر رہا کر دیا گیا ہے جبکہ متاثرہ فرد کو افسران کی معاونت حاصل ہے۔‘
برطانوی پولیس زیرِ تفتیش ملزمان کے نام ظاہر نہیں کرتی۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ ’پی سی بی برطانیہ کے قانونی طریقہ کار اور عمل کا مکمل احترام کرتا ہے اور تحقیقات کو اپنے مقررہ وقت پر چلنے کی اجازت دینے کی اہمیت کو تسلیم کرتا ہے۔‘
بیان کے مطابق اس لیے ’پی سی بی نے حیدر علی کو عارضی طور پر معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جو کہ جاری تحقیقات کے نتائج تک فوری طور پر نافذ العمل ہو گا۔‘
پی سی بی نے کہا ہے کہ حیدر علی کو مناسب قانونی مدد فراہم کی گئی۔
مزید کہا گیا: ’ایک بار جب قانونی کارروائی مکمل ہو جائے گی اور تمام حقائق درست طریقے سے سامنے آ جائیں گے تو پی سی بی اپنے ضابطہ اخلاق کے تحت مناسب کارروائی کرنے کا حق محفوظ رکھتا ہے، اگر ضروری ہوا تو۔‘
حیدر علی کون ہیں؟
24 سالہ حیدر علی نے 2019 میں فرسٹ کلاس کرکٹ کا آغاز کیا تھا۔ 2020 میں پشاور زلمی کی جانب سے کھیلتے ہوئے انہوں نے سٹائلش انداز میں بیٹنگ کرنے پر مقبولیت حاصل کی۔
وہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں نصف سنچری بنانے والے سب سے کم عمر کھلاڑی تھے۔ اس کارکردگی کی بنا پر 2020 میں انہیں پاکستان کی قومی ٹیم میں شامل کر لیا گیا۔
اب تک حیدر علی پاکستان کی جانب سے دو ون ڈے اور 35 ٹی ٹوئنٹی میچ کھیل چکے ہیں، تاہم ان سے جو توقعات وابستہ تھیں، وہ انہیں پورا نہیں کر سکے۔ وہ اکثر جلدبازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بڑی آسانی سے وکٹ گنوا بیٹھتے ہیں۔
حیدر علی کو ماضی میں تنازعات کا سامنا رہا ہے۔ 2021 میں پی ایس ایل کے دوران انہوں نے کووڈ کے دوران قائم کردہ بائیو سکیور ببل کی خلاف ورزی کی تھی، جس کی بنا پر انہیں سکواڈ سے نکال دیا گیا تھا۔
پاکستان شاہینز کے حالیہ دورے میں وہ ٹیم کے سینیئر رکن تھے۔ اس دورے میں انہوں نے فرسٹ کلاس الیون کے خلاف تمام تین 50 اوور کے میچوں کے علاوہ دو تین روزہ میچوں میں بھی حصہ لیا۔