فلپائن میں فوجی طیارے کو حادثہ، ہلاکتوں کی تعداد 50 ہوگئی

فلپائن کی سکیورٹی فورسز جنوبی مضافاتی جزیرے پر ناریل کے درختوں کے درمیان اس سی 130 فوجی طیارے کے ڈیٹا باکس کی تلاش میں مصروف ہیں، جو اتوار کو فوجی جوانوں کو لے کر جا رہا تھا لیکن لینڈنگ کے دوران حادثے کا شکار ہو گیا۔

فلپائن ملٹری جوائنٹ ٹاسک فورس سولو کی فراہم کردہ تصویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ فلپائنی ایئر فورس کے سی  130  طیارے کے ملبے سے دھواں اٹھ رہا ہے (اے ایف پی / جے ٹی ایف سولو)

فلپائن کی تاریخ میں اتوار کو ہونے والے فوجی طیارے کے بدترین حادثے میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر اب 50 ہوگئی ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق فلپائن کی سکیورٹی فورسز پیر کو جنوبی مضافاتی جزیرے پر ناریل کے درختوں کے درمیان اس سی 130 فوجی طیارے کے ڈیٹا باکس کی تلاش میں مصروف ہیں، جو اتوار (چار جولائی) کو فوجی جوانوں کو لے کر جا رہا تھا لیکن لینڈنگ کے دوران حادثے کا شکار ہو گیا۔ فلپائنی فوجی جہاز میں 96 افراد سوار تھے۔

مسافروں میں اکثریت حال ہی میں فارغ التحصیل فوجی اہلکاروں کی تھی۔

فلپائنی فوج کے ترجمان میجر جنرل ایڈگارڈ اریوالو کا کہنا ہے کہ اب تک 50 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے جن میں 47 فوجی اور تین شہری شامل ہیں۔ اس کے علاوہ 53 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جن میں سے اکثریت فوجی جوانوں کی ہے۔ تا حال یہ واضح نہیں ہے کہ پائلٹ زندہ بچ جانے والوں میں شامل ہے یا نہیں۔

صوبہ سولو کی جوائنٹ ٹاسک فورس کی جانب سے جاری کی جانے والی حادثے کے مقام کی تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جہاز کی دم سمیت اس کا پچھلا حصہ ناریل کے درختوں کے درمیان پڑا ہے اور اس میں سے دھواں اٹھ رہا ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

فلپائنی فوج کے ترجمان میجر جنرل ایڈگارڈ اریوالو کا کہنا ہے کہ ’ہمارے لوگ حادثے کی جگہ پر موجود ہیں، جو اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ کوئی بھی ثبوت ضائع نہ ہو، جو ہم حاصل کر سکتے ہیں خصوصاً فلائٹ ڈیٹا ریکارڈر۔‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’عینی شاہدین کے مشاہدات کے علاوہ ہم پائلٹ اور کنٹرول ٹاور کے درمیان ہونے والی ریڈیو ریکارڈنگز بھی تلاش کر رہے ہیں۔‘

انہوں نے مزید بتایا کہ فوج نے حادثے کی جگہ کو محفوظ بنا دیا ہے اور وہ اس بات کو بھی یقینی بنائے گی کہ جزیرے پر موجود عسکریت پسند اس تلاش میں خلل پیدا نہ کر یں۔

یہ جزیرہ مسلم اکثریتی خطے میں عسکریت پسندی کے انسداد کی کوششوں کا مرکز رہا ہے۔ فوج جنوبی فلپائن میں بھاری تعداد میں موجود ہے، جہاں عسکریت پسند گروپ بشمول ابو سیاف گروپ موجود ہیں، جو اغوا برائے تاوان میں ملوث ہیں۔

بد ترین فضائی حادثہ

سی 130 کئی دہائیوں سے دنیا بھر کی فضائی افواج کے لیے سب سے کارآمد جہاز رہا ہے، جس کے ذریعے اہلکاروں، سازوسامان اور سواریوں کو لایا اور لے جایا جاتا ہے۔

استعمال شدہ ہرکولیس سی 130 امریکہ سے خریدا گیا تھا جو رواں سال ہی فلپائن کو ملا تھا۔ یہ ملک میں سی 130 کے فلیٹ میں شامل چار جہازوں میں سے ایک تھا۔ اس کے دو جہازوں کی مرمت ہو رہی ہے جبکہ ایک کو اس حادثے کے بعد گراؤنڈ کر دیا گیا ہے۔

فوجی ترجمان کا کہنا ہے کہ ’تمام پائلٹ منجھے ہوئے اور تجربہ کار تھے یہی وجہ ہے کہ ہم فوری طور پر یہ نہیں کہہ سکتے کہ یہ کیسے ہو گیا؟ یہ (جہاز) بھی نئے نہیں تھے۔۔۔ یہ فضا، زمین اور سمندر کے قابل تھے بھی یا نہیں۔‘

یہ واقعہ فلپائن میں رواں سال کے دوران دوسرا واقعہ ہے۔ گذشتہ ماہ رات کے وقت ایک بلیک ہاک ہیلی کاپٹر تربیتی پرواز کے دوران گر کر تباہ ہوگیا تھا، جس کے نتیجے میں اس میں سوار تمام چھ افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ اس کے بعد فلپائن نے بلیک ہاک کے پورے فلیٹ کو گراؤنڈ کر دیا تھا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا