50 اقسام کے کینسرز کا ایک بلڈ ٹیسٹ اور پاس ورڈز کو کہیں الوداع

رواں ہفتے آئی فون 13 کی ریلیز ٹیکنالوجی کی دنیا میں چھائی رہی لیکن ہم یہاں آپ کو اس ہفتے کی دوسری اہم خبروں کے بارے میں بتائیں گے۔

کینسر کی جلد تشخیص سے مریضوں کی زندگی بچانے کے امکانات میں ڈرامائی اضافہ ہو گا(پکسا بے)

اس ہفتے کے ٹیکنالوجی راؤنڈ اپ میں خوش آمدید۔ یوں تو اس ہفتے ایپل کی جانب سے نئے آئی فونز اور آئی پیڈز کی لانچ، ٹیکنالوجی کی دنیا میں چھائی رہی اور اس سے متعلقہ خبروں کا راج رہا لیکن ہم یہاں آپ کو دوسری خبروں کے بارے میں مختصراً بتائیں گے۔

نئے آئی فونز سے متعلق تفصیلی خبر آپ نیچے لنکس میں پڑھ سکتے ہیں۔

50 اقسام کے کینسرز کے لیے خون کا ایک ٹیسٹ

برطانیہ میں صحت کے سرکاری ادارے نیشنل ہیلتھ سروسز (این ایچ ایس) نے پیر سے 50 مختلف اقسام کے کینسرز کی علامات ظاہر ہونے سے قبل تشخیص کے لیے خون کے ٹیسٹ کا سب سے بڑا ٹرائل شروع کر دیا ہے۔

Grail Inc کا Galleri ٹیسٹ مریض کے ڈی این اے کو دیکھتا ہے کہ آیا یہ کسی کینسر سیل سے تو نہیں آیا۔

کینسر کی جلد تشخیص سے مریضوں کی زندگی بچانے کے امکانات میں ڈرامائی اضافہ ہو گا۔

این ایچ ایس کا کہنا ہے کہ وہ اس ٹیسٹ کے لیے انگلینڈ میں ایک لاکھ 40 ہزار رضاکار بھرتی کرنا چاہتا ہے۔


عام شہریوں کا تاریخی خلائی سفر

سیپس ایکس کی مدد سے پہلی مرتبہ چار عام شہری خلا کا سفر کر رہے ہیں۔

یہ تاریخی سنگ میل رواں ہفتے اس وقت عبور ہوا جب سیپس ایکس کے فیلکن نائن راکٹ نے فلوریڈا میں ناسا کے کینیڈی سپیس سینٹر سے کریو ڈریگن سپیس کرافٹ میں چار مسافروں کو لے کر اڑان بھری۔

ان چار مسافروں میں سے کسی نے ناسا کے خلانوردوں کے لیے مخصوص انتہائی سخت تربیت حاصل نہیں کی۔

سپیس ایکس کے مطابق چاروں سیاح تین دن تک خلا سے زمین کا نظارہ کریں گے۔


الوداع پاس ورڈز

کیا آپ کے لیے مختلف ایپس کے پاس ورڈز یاد رکھنا مشکل ہے؟ تو مائیکروسافٹ آپ کو اس سے چھٹکارہ دلانے لگا ہے۔

 اب آپ کو مائیکروسافٹ کی ایپس اور سروسز کے پاس ورڈ یاد رکھنے کی ضرورت نہیں۔

مائیکروسافٹ نے پاس ورڈز کے متبادل کے طور پر Microsoft Authenticator ایپ متعارف کرائی ہے۔

اس ایپ کو ڈاؤن لوڈ کریں اور پاس ورڈ یاد رکھنے کی فکر سے آزاد ہو جائیں۔


شاؤمی کے سمارٹ گلاسز

گذشتہ ہفتے فیس بک نے’رے بین سٹوریز‘ نام کے سمارٹ گلاسز متعارف کرائے تھے۔

اس ہفتے چین کی نامور ٹیکنالوجی کمپنی شاؤمی نے اپنے سمارٹ گلاسز کا اعلان کیا ہے۔

شاؤمی کے مطابق یہ گلاسز برائے فروخت نہیں ہوں گے لیکن کمپنی نے آئندہ کے لیے ایسے گلاسز کے ممکنہ استعمال کے طریقے ضرور پیش کیے ہیں۔

ان گلاسز میں مونو کروم مائیکرو ایل ای ڈی ڈسپلے سسٹم ہوگا، جس سے اے آر کی فیچرز بھی استعمال ہو سکیں گے۔

یہ گلاسز آزادنہ طور پر استعمال ہوں گے اور انہیں کسی اینڈرائیڈ فون کے ساتھ منسلک کرنے کی ضرورت نہیں۔

شاؤمی کا دعویٰ ہے کہ یہ گلاسز ایک دن سمارٹ فونز کا متبادل بن سکتے ہیں۔


گوگل اور ایپل سٹورز پر صدر پوتن کے مخالف کی ایپ بلاک

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

گوگل اور ایپل نے روسی صدر ولادمیر پوتن کے جیل میں بند سیاسی مخالف الیگزی نوالنی کی ووٹنگ ایپ کو اپنے اپنے سٹورز سے ہٹا دیا ہے۔

روئٹرز کی ایک رپورٹ کے مطابق روس میں نئی پارلیمنٹ منتخب کرنے کے لیے تین روزہ الیکشنز آج سے شروع ہو رہے ہیں۔

توقع کی جا رہی ہے کہ گذشتہ کئی سالوں سے کریملن کے مخالفین پر کریک ڈاؤن کے باعث حکمران جماعت ’یونائیٹڈ رشیا‘ مقبولیت میں کمی کے باوجود فاتح بن کر ابھرے گی۔

نوالنی کے اتحادیوں کا منصوبہ تھا کہ وہ اس ایپ کے ذریعے حکمران جماعت کو سخت ٹکر دیں گے۔

روس نے رواں مہینے ایپل اور گوگل سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ اپنے سٹورز سے اس ایپ کو ہٹائیں بصورت دیگر وہ اسے ملکی انتخابات میں مداخلت تصور کریں گے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ٹیکنالوجی