خواتین کھلاڑیوں سے جنسی بدسلوکی کے الزام، امریکی فٹ بال میں بحران

ایک ہیڈ کوچ کے خلاف جنسی بدسلوکی کے الزامات پر ٹھیک سے کارروائی نہ کرنے کی وجہ سے ان دنوں زیر عتاب امریکہ کی خواتین کی پروفیشنل فٹ بال لیگ نے کمشنر کو برطرف کرتے ہوئے ویک اینڈ کے میچ ملتوی کر دیے۔

 خواتین کھلاڑیوں کی جانب سے جنسی بدسلوکی کے الزامات کا سامنے کرنے والے نارتھ کیرولائنا کریج کے  ہیڈ کوچ پال رائیلی  (اے ایف پی فائل)

ایک ہیڈ کوچ کے خلاف جنسی بدسلوکی کے الزامات پر ٹھیک سے کارروائی نہ کرنے کی وجہ سے ان دنوں زیر عتاب امریکہ کی خواتین کی پروفیشنل فٹ بال لیگ نے اعلان کیا ہے کہ وہ اس ہفتے کے آخر میں ہونے والے میچ ملتوی کر رہی ہے۔

امریکی میڈیا نے جمعے کو رات گئے رپورٹ کیا کہ لیزا بیئرڈ کو نیشنل ویمن ساکر لیگ (این ڈبلیو ایس ایل) کی کمشنر کے عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔

امریکی سپورٹس براڈ کاسٹر ’ای ایس پی این‘ کے مطابق بیئرڈ کو ہٹانے کا فیصلہ لیگ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے کیا، جنہوں نے جنرل کونسلر لیزا لیون کو بھی جانے کا کہا ہے۔ فی الحال ان دونوں کے متبادل کا اعلان نہیں کیا گیا۔

بیئرڈ کی برطرفی کی اطلاع اس وقت سامنے آئی جب ایک دن پہلے نارتھ کیرولائنا کریج نے اپنے ہیڈ کوچ پال رائیلی کو ’انتہائی سنگین الزامات‘ کے تحت ٹیم سے نکال دیا۔

برطرفی سے قبل بیئرڈ نے کہا تھا: ’یہ ہفتہ اور اس سیزن کا بیشتر حصہ ہمارے کھلاڑیوں اور عملے کے لیے ناقابل یقین حد تک تکلیف دہ رہا ہے اور میں نے جو کردار ادا کیا ہے میں اس کی پوری ذمہ داری لیتی ہوں۔‘

انہوں نے ایک بیان میں مزید کہا: ’میں اس درد کے لیے بہت معذرت خواہ ہوں جو بہت سے لوگ محسوس کر رہے ہیں۔ اس صدمے کو پہچانتے ہوئے ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ اس ہفتے کے آخر میں میدان میں نہ اتریں تاکہ ہر ایک کو معاملے کا جائزہ لینے کے لیے وقت مل سکے۔‘

امینڈا ڈفی کے بعد بیئرڈ کو فروری 2020 میں این ڈبلیو ایس ایل کا کمشنر نامزد کیا گیا تھا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

58 سالہ کوچ رائیلی کی برطرفی اس وقت ہوئی جب دی ایتھلیٹک نامی ویب سائٹ نے ان کی 2010 سے متعدد ٹیموں اور لیگوں میں وسیع پیمانے پر جنسی بدسلوکی کی تفصیل دی۔

ادھر فیفا نے اعلان کیا ہے کہ اس نے ابتدائی تفتیش کے سلسلے میں این ڈبلیو ایس ایل اور یو ایس ساکر سے رابطہ کیا ہے۔ یہ معلوم نہیں کہ فیفا کی مداخلت کا بیئرڈ کی برطرفی سے کوئی تعلق ہے یا نہیں۔

عالمی فٹ بال باڈی نے کہا کہ ’فیفا امریکہ میں کئی کھلاڑیوں کی جانب سے حالیہ رپورٹس پر گہری تشویش کا شکار ہے۔

’کھلاڑیوں کے الزامات کی سنگینی اور شدت کو دیکھتے ہوئے ہم تصدیق کر سکتے ہیں کہ فیفا کے جوڈیشل محکمے اس معاملے کو بغور دیکھ رہے ہیں۔‘

بیان میں مزید کہا گیا: ’فیفا کی پوزیشن واضح ہے: جو بھی فٹ بال میں بدسلوکی کا مرتکب پایا جائے گا اسے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا، اسے سزا دی جائے گی اور اسے کھیل سے ہٹا دیا جائے گا۔‘

یو ایس ساکر ، جس نے 2013 میں این ڈبلیو ایس ایل کو بنانے میں مدد کی تھی، کہا کہ وہ اپنی علیحدہ تحقیقات شروع کر رہا ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی فٹ بال