پاکستان فوج کا افسر ’حاسد دوست کے ہاتھوں قتل‘ ہوا

سیکنڈ لیفٹیننٹ عثمان لیاقت کے والد کا کہنا ہے کہ ان کا بیٹا چھٹی پر گھر آیا تھا جب اس کے دوست نے حسد میں آ کر اسے سر میں گولی مار دی۔

عثمان  لیاقت نے جناح کالج کلورکوٹ سے ایف ایس سی کرنے کے بعد آئی ایس ایس بی کا امتحان پاس کیا تھا (تصویر بشکریہ دوست)

پاکستان فوج کے مقتول افسر سیکنڈ لیفٹیننٹ عثمان لیاقت کے والد نے کہا ہے کہ ان کے بیٹے کو ایک بچپن کے دوست نے مبینہ طور پر حسد کی بنا پر قتل کیا۔

نو اکتوبر کو عثمان پاکستان ملٹری اکیڈمی سے 144 لانگ کورس ختم ہونے پر پاس آؤٹ ہوئے تھے۔ وہ یونٹ جوائننگ سے پہلے چُھٹی پر گھر آئے تھے۔

لیکن 17 اکتوبر کو ان کے دیرینہ دوست محمد تصور نے مبینہ طور پر انہیں سر پر گولی مار کر قتل کر دیا۔

بعد ازاں 24 اکتوبر کوعثمان کی نعش تھل نہر سے برآمد ہو گئی۔

عثمان کے والد رانا لیاقت نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ ان کے بیٹے کی نعش پولیس اور آرمی کی کوششوں سے ملی۔

ان کا کہنا تھا کہ پوسٹ مارٹم کے بعد اتوار کی شام تک ملٹری اعزاز کے ساتھ عثمان کا جنازہ ہو گا۔

اُن سے جب سوال پوچھا گیا کہ ان کے بیٹے کی آیا کسی سے دشمنی تھی تو انہوں نے الزام عائد کیا کہ تصور نے حسد میں آ کر عثمان کا قتل کیا اور وہ اس جرم کا پولیس کے سامنے اعتراف بھی کر چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ’ہم غریب لوگ ہیں۔ ہمارا بیٹا فوج میں افسر لگ گیا تھا۔ غریب آدمی کو کوئی ترقی کرتا نہیں دیکھ سکتا۔‘

انہوں نے کہا عثمان اُن کا بڑا بیٹا تھا اور اُن کو اُس سے بہت امیدیں تھیں، اب سب ختم ہوگیا۔

بھکر پولیس تحصیل کلورکوٹ میں درج ایف آئی آر کے مطابق 17 اکتوبر کو سیکنڈ لیفٹینیٹ عثمان گھر سے حجام کے پاس جانے کے لیے نکلے لیکن واپس نہیں آئے جس پر اُن کے والد نے پولیس سٹیشن سے رجوع کیا۔

تحقیقات میں سامنے آیا کہ عثمان گھر سے نکلنے کے بعد اپنے دوست تصور سے ملے اور سی سی ٹی وی فوٹیج میں اُنہی کے ساتھ بائیک پر جاتے دیکھے گئے۔

پولیس نے شُبے پر تصور کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ کی تو پتہ چلا کہ عثمان تصور کی موٹر سائیکل چلا رہے تھے جب پیچھے بیٹھے تصور نے ان کے سر کا نشانہ لے کر گولی چلا دی۔ بعد ازاں ملزم نے نعش تھل نہر میں پھینک دی۔

عثمان کے ایک قریبی دوست کے مطابق ملزم کے خلاف مقتول کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ تصور نے حسد کی وجہ سے قتل کیا کیونکہ عثمان فوج میں افسر بن گئے تھے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

تاہم پولیس کی جانب سے قتل کی ٹھوس وجہ تاحال سامنے نہیں آئی۔ کیس آرمی کی زیر نگرانی ہونے کی وجہ سے پولیس کچھ بھی تفصیل دینے سے گریزاں ہے۔

اُن کے کالج کے دوست علی (فرضی نام) نے بتایا کہ عثمان نے 19 اکتوبر کو اپنییونٹ 48 سپلائی اینڈ ٹرانسپورٹیشن بٹالین جوائن کرنا تھی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ عثمان نے جناح کالج کلورکوٹ سے ایف ایس سی کرنے کے بعد آئی ایس ایس بی کا امتحان پاس کیا تھا۔

سوشل میڈیا میں وائرل ایک وڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پاسنگ آؤٹ پریڈ کے بعد جب عثمان گھر پہنچے تو اپنی والدہ کو گھر کے صحن میں پریڈ کرکے دکھائی۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان