ورلڈ کپ 2019: پاکستان پہلے امتحان میں ناکام

ٹرینٹ بریج میں کھیلے جانے والے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے دوسرے میچ میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو لاجواب کر دیا ہے۔

(روئٹرز)

ٹرینٹ بریج میں کھیلے جانے والے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے دوسرے میچ میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو لاجواب کر دیا ہے۔

ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا تو پاکستان کی پوری ٹیم 105 رنز پر ڈھیر ہوگئی، جس کے جواب میں ویسٹ انڈیز نے مطلوبہ ہدف تین وکٹوں کے نقصان پر 13ویں اوور میں ہی حاصل کر لیا۔

اس طرح پاکستان نے اس ورلڈ کا آغاز ایک اور شکست کے ساتھ کیا ہے۔ ون ڈے میچوں میں یہ پاکستان کی مسلسل 11ویں ہار ہے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے پہلے بولروں نے عمدہ کھیل پیش کیا اور بعد میں مایاناز بلے باز کرس گیل نے تین چھکوں کی مدد سے نصف سنچری سکور کر کے پاکستان کو میچ سے بالکل ہی باہر کر دیا۔

پاکستان کے لیے اس میچ میں سوائے عامر کی تین وکٹوں کے کچھ بھی مثبت نہیں تھا۔ محمد عامر نے ورلڈ کپ میں پہلی بار وکٹ حاصل کی ہے۔

محمد عامر بھرپور ردھم میں دکھائی دیے اور اچھی لائن و لینتھ پر گیندیں کراتے رہے جبکہ گراؤنڈ میں موجود شائقین مسلسل محمد عامر کی آوازیں لگاتے رہے۔

اس سے قبل ویسٹ انڈیز کی ٹیم باقاعدہ منصوبے کے ساتھ میدان میں اتری اور ٹاس سے لے کر پاکستانی اننگز کی آخری گیند تک ہر چیز ان کے حق میں ہی گئی۔ انھوں نے پاکستانی بلے بازوں کو اپنے تیز اور شاٹ پچ گیندوں سے پریشان کیے رکھا اور وکٹیں بھی اسی جارحانہ بولنگ کے نتیجے میں حاصل کیں۔

سرفراز احمد اور محمد حفیظ کے تجربے سے بھی پاکستان کو کوئی خاص فائدہ نہ ہوا اور دونوں بلہ بازوں نے بالترتیب آٹھ اور 16 رنز بنائے۔ سب سے نمایاں بلے باز بابر اعظم اور فخر زمان رہے جنھوں نے 22، 22 رنز بنائے۔

دوسری جانب ویسٹ انڈیز کی طرف سے ٹامس چار، جیسن ہولڈر تین اور آندرے رسل دو وکٹوں کے ساتھ نمایاں بولر رہے۔

اننگز کے آغاز پر پاکستانی بلے باز جارحانہ اور اٹیکنگ کرکٹ کھیلنے کے موڈ میں تو دکھائی دیے لیکن جلد ہی دونوں اوپنرز کو آؤٹ کرنے کے بعد ویسٹ انڈیز کے بولر بھی نئے آنے والے بلے بازوں پر دباؤ ڈالنے کے لیے شارٹ پچ بولنگ کا زیادہ استعمال کرتے رہے۔

یہ سلسلہ ویسٹ انڈیز کے آندرے رسل نے شروع کیا اور دو بلے بازوں کو شاٹ بولنگ پر آؤٹ کیا۔ حارث سہیل اور فخر زمان ان کے شکار بنے جو تیزی سے اٹھتی ہوئی گیندوں کو نہ سمجھ سکے۔

ایک موقع پر جب بابر اعظم اچھی فارم میں دکھائی دے رہے تھے بریتھویٹ کی گیند پر پوائنٹ پر کھڑے فیلڈر نے کیچ چھوڑ دیا، لیکن بابر اعظم اس کا فائدہ نہ اٹھا سکے اور ایک ضروری شاٹ کھیلتے ہوئے جلد ہی وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوگئے۔ 

پہلے آؤٹ ہونے والے بلے باز امام الحق تھے جنھوں نے صرف دو ہی رنز بنائے اور لیگ سٹمپ سے دور جاتی ہوئی گیند پر کیپر کو کیچ دے بیٹھے۔ انھیں کوٹریل نے آؤٹ کیا۔

اس سے پہلے ٹاس کے موقع پر ویسٹ انڈیز کے کپتان کا کہنا تھا کہ انھوں نے پہلے بولنگ کروانے کا فیصلہ کنڈیشنز اور موسم کو دیکھتے ہوئے کیا ہے۔ وہیں سرفراز احمد نے بھی کہا کہ وہ بھی پہلے بولنگ ہی کرنا چاہتے تھے۔

سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ اچھی بات یہ ہے کہ ہماری بیٹنگ فارم میں ہے لہٰذا ویسٹ انڈیز کو بڑا ہدف دینے کی کوشش کریں گے۔ 

یہ چوتھا موقع ہے کہ پاکستان  نے ورلڈ کپ کا آغاز ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ سے کیا۔ گذشتہ تین میچوں میں سے پاکستان کو ایک میں کامیابی ملی جبکہ دو میچوں کا فاتح ویسٹ انڈیز رہا ہے۔

پاکستان ٹیم: سرفراز احمد ( کپتان )، فخرزمان، امام الحق، بابراعظم، حارث سہیل، محمد حفیظ، عماد وسیم، شاداب خان، حسن علی، محمد عامر، وہاب ریاض۔

ویسٹ انڈیز ٹیم: جیسن ہولڈر، ڈیرن براوو، شمرون ہیٹمائر، نکولس پورن، آندرے رسل، کارلوس بریتھویٹ، شیلڈن کوٹریل، کرس گیل، شے ہوپ، ایشلے نرس، اوشنے ٹامس۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ