کیا چائے پینے سے ہڈیاں مضبوط ہوتی ہیں؟

محققین کے مطابق جو لوگ روزانہ چائے پیتے ہیں، ان کی ہڈیوں کی معدنی کثافت ان افراد کے مقابلے میں زیادہ ہوتی ہے جو چائے نہیں پیتے۔

15 جون 2022 کو اسلام آباد کے ایک ریستوران میں لوگ چائے پیتے ہوئے (عامر قریشی / اے ایف پی)

چائے اور کافی دونوں ہی مقبول گرم مشروبات ہیں، لیکن ماہرین کے مطابق ان میں سے ایک آپ کے لیے دوسرے کے مقابلے میں کہیں زیادہ فائدہ مند ہو سکتا ہے۔

ایک نئی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ باقاعدگی سے چائے پینے والے افراد میں کافی پینے والوں کے مقابلے میں ہڈیوں کے بھربھرے پن کا خطرہ کم ہو سکتا ہے۔

محققین کے علم میں آیا ہے کہ جو لوگ روزانہ چائے پیتے ہیں، ان کی ہڈیوں کی معدنی کثافت (بی ایم ڈی) ان افراد کے مقابلے میں زیادہ ہوتی ہے جو چائے نہیں پیتے اور سائنس دانوں کے مطابق یہ نتیجہ ’خاصا معنی خیز‘ ہے۔

تحقیق میں یہ بات سامنے آئی کہ معتدل مقدار میں کافی پینے سے ہڈیوں کی کثافت پر منفی اثر نہیں پڑتا، تاہم جو افراد روزانہ پانچ کپ سے زیادہ کافی پیتے تھے، ان میں بون منرل ڈینسٹی (بی ایم ڈی) کم پائی گئی، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ حد سے زیادہ کافی کا استعمال ہڈیوں کی صحت کے لیے نقصان دہ ہو سکتا ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

فلنڈرز یونیورسٹی کی ٹیم نے تقریباً 10 برس کے دوران 65 سال یا اس سے زائد عمر کی تقریباً 10 ہزار خواتین کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا اور اس دوران ان کی ہڈیوں کی کثافت کی پیمائش کی۔ تحقیق میں یہ بھی سامنے آیا کہ چائے پینے والی خواتین میں، چائے نہ پینے والوں کے مقابلے میں، کولہے کی ہڈی کی مجموعی بون منرل ڈینسٹی قدرے زیادہ تھی۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ یہ فرق معمولی تھا، لیکن ہڈیوں کی کثافت میں معمولی سا اضافہ بھی بڑی آبادی میں فریکچر کے واقعات کم کرنے میں مدد دے سکتا ہے۔

جریدے نیوٹریئنٹس میں شائع ہونے والے نتائج سے یہ بھی پتہ چلا کہ جن خواتین نے زندگی بھر زیادہ مقدار میں الکحل استعمال کی تھی، ان پر کافی کے منفی اثرات زیادہ نمایاں تھے، جب کہ موٹاپے کا شکار خواتین کے لیے چائے خاص طور پر زیادہ فائدہ مند ثابت ہوئی۔

پروفیسر این وو لیو نے کہا کہ یہ نتائج اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہیں کہ روزانہ ایک کپ چائے پینا ہماری عمر بڑھنے کے ساتھ ہڈیوں کی صحت کو سہارا دینے کا ایک سادہ طریقہ ہو سکتا ہے۔

انہوں نے کہا: ’اگرچہ معتدل مقدار میں کافی پینا محفوظ دکھائی دیتا ہے لیکن بہت زیادہ مقدار میں کافی کا استعمال مناسب نہیں ہو سکتا، خاص طور پر ان خواتین کے لیے جو الکحل استعمال کرتی ہیں۔‘

تاہم انہوں نے نتائج کی بنیاد پر طرز زندگی میں بڑی یا اچانک تبدیلیاں کرنے سے خبردار بھی کیا۔

انہوں نے وضاحت کی کہ ’ہمارے نتائج کا یہ مطلب نہیں کہ آپ کو کافی بالکل چھوڑ دینی چاہیے یا لیٹرز کے حساب سے چائے پینا شروع کر دینی چاہیے۔ البتہ یہ ضرور ظاہر ہوتا ہے کہ معتدل مقدار میں چائے پینا ہڈیوں کی صحت کو سہارا دینے کا ایک آسان طریقہ ہو سکتا ہے، جب کہ حد سے زیادہ کافی کا استعمال مثالی نہیں، خاص طور پر الکحل استعمال کرنے والی خواتین کے لیے۔

’اگرچہ کیلشیم اور وٹامن ڈی بدستور ہڈیوں کی صحت کے بنیادی ستون ہیں، لیکن آپ کے کپ میں موجود مشروب بھی اس میں اپنا کردار ادا کر سکتا ہے۔ بڑی عمر کی خواتین کے لیے روزانہ ایک کپ چائے صرف سکون دینے کی روایت نہیں، بلکہ مضبوط ہڈیوں کی طرف ایک چھوٹا سا قدم بھی ہو سکتا ہے۔‘

یہ تحقیق اس حالیہ مطالعے کے بعد سامنے آئی ہے جس میں زیادہ کافی پینے کو بڑی عمر کے افراد میں درد کی زیادہ شدت سے جوڑا گیا تھا۔ سائنس دانوں نے پایا کہ کافی کے استعمال میں اضافہ کرنے والے افراد میں، کافی کم کرنے والوں کے مقابلے میں، درد کی شدت میں اوسطاً 6.56 پوائنٹس کا اضافہ دیکھا گیا۔

© The Independent

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی صحت