جنوبی بھارت میں شدید بارشیں، 17 افراد ہلاک

سال کے اس وقت جنوبی بھارت میں بارشیں غیر معمولی نہیں ہیں جہاں نومبر اور دسمبر میں بارشیں ہوتی ہیں لیکن ان کی شدت موسیماتی تبدیلی کی جانب اشارہ کرتی ہے جہاں رواں مون سون کے موسم میں بھی معمول سے زیادہ بارشیں ہوئی تھیں۔

آندھرا پردیش جمعرات سے شدید طوفانی بارشوں کی زد میں ہے (فائل تصویر: اے ایف پی)

بھارت کی جنوبی ریاست آندھرا پردیش میں کئی دنوں سے شدید بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس میں اب تک کم از کم 17 افراد کے ہلاک اور درجنوں کے لاپتہ ہونے کی اطلاعات ہیں۔

ہفتے کو بھارتی حکام کی جانب سے دیے گئے بیان کے مطابق آندھرا پردیش جمعرات سے شدید طوفانی بارشوں کی زد میں ہے جس سے ریاست کے کم از کم پانچ اضلاع میں بڑے پیمانے پر سیلاب کی سی صورت حال پیدا ہو گئی ہے۔

پولیس حکام کے مطابق جمعے کی رات ایک عمارت گرنے سے مزید تین افراد کی ہلاکت کے بعد مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 17 ہو گئی۔ اس واقعے میں ملبے تلے دبے دس افراد کو بچا لیا گیا لیکن دو ابھی تک لاپتہ ہیں۔

قبل ازیں جمعے ہی کے روز ایک مسافر بس سیلابی ریلے میں بہہ گئی جس میں 12افراد سوار تھے۔ لاپتہ مسافروں کی تلاش اور ریسکیو کی کوششیں ہفتے کو بھی جاری رہیں۔

گذشتہ چند دنوں کے دوران جنوبی بھارت کے مختلف اضلاع سے ہلاکتوں کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں اور بھارتی حکام نے خبردار کیا ہے کہ امدادی کارروائیوں کے باوجود ہلاکتوں کی تعداد بڑھ سکتی ہے۔

نیشنل ڈیزاسٹر ریلیف فورس کی ٹیموں کو سب سے زیادہ متاثرہ اور سنگین صورت حال کا سامنا کرنے والے اضلاع میں تعینات کیا گیا ہے۔ دوسری جانب مقامی حکام نے بھی سینکڑوں خاندانوں کو ریسکیو کر کے محفوظ پناہ گاہوں میں منتقل کیا ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

کڑپہ ضلع ریاست میں سب سے زیادہ متاثر ہونے والا علاقہ ہے جہاں مسلسل بارشوں اور سیلاب سے مقامی ہوائی اڈے کو آئندہ جمعرات تک بند کر دیا گیا ہے۔ علاقے کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ڈیموں اور بند ٹوٹنے سے مزید سیلاب آ گیا جس سے سینکڑوں دیہات تباہ ہو گئے ہیں اور بہت سے رہائشی اپنے گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔

سال کے اس وقت جنوبی بھارت میں بارشیں غیر معمولی نہیں ہیں جہاں نومبر اور دسمبر میں بارشیں ہوتی ہیں لیکن ان کی شدت موسیماتی تبدیلی کی جانب اشارہ کرتی ہے جہاں رواں مون سون کے موسم میں بھی معمول سے زیادہ بارشیں ہوئی تھیں۔

گذشتہ ہفتے آندھرا پردیش کی پڑوسی ریاست تامل ناڈو بھی سیلاب کی زد میں آ گئی تھی جب کہ پچھلے ماہ ہی کیرالہ ریاست میں شدید بارشوں کے نتیجے میں ہونے والی لینڈ سلائیڈنگ سے کم از کم 28 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ایشیا