چینی پاکستان کو ’پا تھیے‘ کیوں کہتے ہیں؟

میں نے اپنی چینی زبان کی استاد سےاس بارےمیں پوچھا توانہوں نےبتایا کہ چینی پاکستان کے بارے میں سب سے پہلا لفظ پاتھیے ہی سیکھتے ہیں اور یہ لفظ کچھ اس قدر استعمال ہوتا ہے کہ وہ واضح طور پر بتا بھی نہیں سکتے کہ انہوں نے یہ پہلی بار کب،کہاں اور کس سےسناتھا۔

چین پاکستان سے اپنی دوستی کو لوہے جیسا مضبوط سمجھتا ہے اور اپنی اسی دوستی کے احترام میں پاکستان کے لیے  لفظ  ’پاتھیے‘ کا استعمال کیا جاتا ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)

چین آنے کے بعد جب میں نے پہلی بار اپنا تعارف اپنے چینی اساتذہ سے بطور پاکستانی کروایا تو مجھے جواب میں ایک لفظ سننے کو ملا اور وہ تھا ’پاتھیے۔‘ میں جواب میں صرف مسکرا دی تھی۔ 

اس وقت مجھے چینی زبان کا ایک لفظ بھی نہیں آتا تھا، لیکن کمیونیکیشن تو آتی تھی، لہذا میں نے خود ہی سمجھ لیا کہ اس لفظ کا مطلب ’اوکے‘ یا ’نائس‘ ہوگا۔ 

ہمیں بھی کوئی اپنی قومیت بتائے تو ہم اسے آگے سے ایسا ہی کچھ کہتے ہیں۔ میں نے سوچا کہ چینی بھی یہی کہہ رہے ہوں گے۔

چین ویسے بھی ہمارا دوست ہے۔ ہمارا دنیا میں جیسا بھی امیج ہو چین کے لیے ہم اس کے گہرے دوست ہیں۔ 

میں کم از کم چین میں قومیت کی بنیاد پر امتیاز کی توقع نہیں کر رہی تھی، اس لیے میں نے اس لفظ پر غور کرنے کی بھی ضرورت محسوس نہیں کی۔

لیکن جب مجھے بار بار اپنے تعارف کے جواب میں یہی لفظ سنائی دینے لگا تو مجھے اس پر غور کرنا ہی پڑا۔

مجھے پتہ لگا کہ چینی صرف مجھے ہی نہیں بلکہ ہر پاکستانی کو پاتھیے ہی کہتے ہیں۔ وہ یہ لفظ خاص طور پر پاکستان کے لیے اس سے اپنی دوستی کی وجہ سے استعمال کرتے ہیں۔

چین میں یہ لفظ کچھ اس قدر استعمال ہوتا ہے کہ جیسے ہی ایک عام چینی پاکستان کا نام سنتا ہے تو اس کے ذہن میں پہلا لفظ یہی آتا ہے، پاتھیے۔

اسی لیے میں ہر جگہ اپنے تعارف کے جواب میں پاتھیے پاتھیے سن رہی تھی۔

میں نے اپنی چینی زبان کی استاد سے اس بارے میں پوچھا تو انہوں نے بتایا کہ چینی پاکستان کے بارے میں سب سے پہلا لفظ پاتھیے ہی سیکھتے ہیں اور یہ لفظ کچھ اس قدر استعمال ہوتا ہے کہ وہ واضح طور پر بتا بھی نہیں سکتے کہ انہوں نے یہ پہلی بار کب، کہاں اور کس سے سنا تھا۔

میں نے ان سے اس کا مطلب پوچھا تو انہوں نے بتایا کہ پاتھیے دو مختلف الفاظ ’پا‘ اور ’تھیے‘ سے مل کر بنا ہے۔  لفط ’پا‘ چینی زبان میں ’پاکستان‘ کے نام یعنی ’پا چس تھان‘ سے لیا گیا ہے، جبکہ ’تھیے‘ چینی زبان میں ’لوہے‘ کو کہا جاتا ہے۔

ان دونوں الفاظ کو جب ملایا جاتا ہے تو لفظ ’پاتھیے‘ بنتا ہے۔ جس کا مطلب ہے ’لوہے جیسا مضبوط دوست۔‘

چین پاکستان سے اپنی دوستی کو لوہے جیسا مضبوط سمجھتا ہے اور اپنی اسی دوستی کے احترام میں پاکستان کے لیے اس لفظ کا استعمال کیا جاتا ہے۔

چینی میڈیا بھی اپنی رپورٹس میں پاکستان کا تعارف پاتھیے کہہ کر ہی کرواتا ہے۔ خاص طور پر ایسی رپورٹس جس میں پاکستان چین دوستی کا ذکر ہو، اس کی سرخی میں ہی پاکستان کے نام کے ساتھ پاتھیے لکھا ہوتا ہے۔ 

لیکن اس کا مطلب یہ نہ سمجھیں کہ چینی پاکستانیوں کو سر آنکھوں پر بٹھاتے ہیں یا ان کے ساتھ خصوصی سلوک کرتے ہیں بلکہ چینیوں کی پاکستانیوں کے بارے میں گرم جوشی پاتھیے کہنے کے ساتھ ہی ختم ہو جاتی ہے۔ اس سے زیادہ وہ پاکستانیوں میں دلچسپی نہیں رکھتے۔

پاکستانیوں کو چین میں نوکری ڈھونڈنے میں بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ بہت سے چینی پاکستانی پاسپورٹ دیکھ کر ہی نوکری دینے سے انکار کر دیتے ہیں۔  ان کی نوکری کے لیے پہلی ترجیح امریکی، برطانوی یا یورپیئن افراد ہوتے ہیں۔ 

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

چینی پاکستان اور پاکستانیوں کے بارے میں پاتھیے سے زیادہ کچھ جانتے بھی نہیں ہیں۔  پاکستان کے کتنے صوبے ہیں۔ پاکستان کے لوگ کیسے ہیں۔ ان کا رہن سہن کیسا ہے۔ ایک عام چینی پاکستان کے بارے میں اتنی سی بنیادی معلومات بھی نہیں رکھتا۔

تاہم، پاکستان میں پچھلے کچھ عرصے میں چینیوں پر ہونے والے حملوں کی خبریں عام چینیوں تک ضرور پہنچی ہیں۔

کچھ ماہ پہلے میری ملاقات میری یونیورسٹی میں زیرِ تعلیم ایک چینی طالب علم سے ہوئی۔ اسے پاکستان کے کچھ شہروں کے بارے میں پتہ تھا۔ 

میں نے اسے پاکستان آنے کی دعوت دی تو اس نے صاف انکار کرتے ہوئے کہا کہ اسے نہیں لگتا کہ پاکستان چینیوں کے لیے محفوظ ملک ہے۔  

کچھ پاکستانی بھی چین میں ملک کا نام ڈبونے سے باز نہیں آتے۔ 

کچھ سال قبل ایک پاکستانی طالب علم بیجنگ میں ہواوے کے ایک سٹور سے ہینڈز فری چوری کرتے ہوئے پکڑا گیا تھا۔ ہواوے نے اس کی یونیورسٹی کو شکایت لگا دی۔ یونیورسٹی نے فوراً اس کا داخلہ کینسل کیا اور اسے واپس پاکستان بھیج دیا۔ 

اس کے بعد اس یونیورسٹی میں ہر سال آنے والے نئے طالب علموں کو اورینٹیشن میں وہ واقعہ سنا کر چین کے قوانین کا احترام کرنے کا کہا جاتا ہے۔

کچھ پاکستانی مرد چینی عورتوں کا استحصال بھی کرتے ہیں۔ وہ ان سے جھوٹے وعدے کرکے رشتے استوار کر لیتے ہیں۔ کچھ عرصہ ان کے ساتھ رہتے ہیں اور پھر غائب ہو جاتے ہیں۔ چینی عورتیں اس کے بعد پاکستانی تو کیا کسی مسلمان کو بھی اچھا نہیں سمجھتیں۔ 

ایسے واقعات سن کر سر شرم سے جھک جاتا ہے۔ 

چین ہمارا بہترین دوست ہے۔ چین اور اس کے عوام پاکستان سے اپنی دوستی کا بہت احترام کرتے ہیں، اسی لیے وہ ہمارے لیے پاتھیے جیسا اچھا لفظ استعمال کرتے ہیں۔

ہمیں ان کی اس محبت کا احترام کرتے ہوئے ان کے ساتھ کچھ بھی ایسا کرنے سے گریز کرنا چاہیے جو ان کے دل میں ہمارا امیج خراب کرنے کی وجہ بن سکے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی بلاگ