انڈونیشیا: غیر ازدواجی تعلق قائم کرنے پر خاتون کو سو کوڑوں کی سزا

جنرل انویسٹی گیشن ڈویژن کے سربراہ ایوان نجار علوی نے بتایا کہ عدالت نے خاتون کو اس لیے زیادہ سزا سنائی کیوں کہ وہ شادی شدہ تھیں اور انہوں نے تفتیش کاروں کے سامنے ایک ساتھی مرد سے غیر ازدواجی تعلقات قائم کرنے کا اعتراف کیا تھا۔

ایک خاتون کو غیر ازدواجی تعلقات قائم کرنے اور ان کا اعتراف کرنے پر انڈونیشیا کے صوبے آچے میں 13 جنوری 2022 کو 100 کوڑے مارے جا رہے ہیں جبکہ ان کے ساتھی کو صرف 15 کوڑے مارے گئے تھے (تصویر: اے ایف پی)

انڈونیشیا میں ایک خاتون کو غیر ازدواجی تعلقات کا اعتراف کرنے کے ’جرم‘ میں 100 کوڑوں کی سزا دی گئی جب کہ ان کے ساتھی مرد کو محض 15 کوڑے مارے گئے۔

یہ واقعہ جمعرات کو انڈونیشیا کے قدامت پسند صوبے آچے میں پیش آیا۔ یہ سزا اسلامی شرعی قانونی نظام کے مطابق دی گئی تھی جس کے تحت غیر ازدواجی تعلقات قائم کرنے والے مرد و خواتین کو سرعام کوڑے مارے جاتے ہیں۔

جمعرات کو سرعام کوڑے مارنے کی اس سزا کا بہت سے لوگوں نے مشاہدہ کیا اور وہاں جمع ہونے والے کئی افراد اسے فلم بند کرتے رہے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق خاتون کو کوڑے مارنے کا عمل کچھ دیر کے لیے روکنا پڑا کیوں کہ وہ درد کو برداشت نہیں کر سکتی تھیں۔

مغربی آچے کے پراسیکیوٹرز کے دفتر میں جنرل انویسٹی گیشن ڈویژن کے سربراہ ایوان نجار علوی نے اے ایف پی کو بتایا کہ عدالت نے خاتون کو اس لیے زیادہ سزا سنائی کیوں کہ وہ شادی شدہ تھیں اور انہوں نے تفتیش کاروں کے سامنے ایک ساتھی مرد سے غیر ازدواجی تعلقات قائم کرنے کا اعتراف کیا تھا۔

جب کہ ان کا کہنا تھا کہ ان کے ساتھی مرد، جو مشرقی آچے کی ماہی گیری ایجنسی کے سربراہ ہیں، نے ایسا کوئی اعتراف نہیں کیا اس لیے جج انہیں مجرم نہیں ٹھہرا سکے۔ اطلاعات کے مطابق وہ بھی شادی شدہ تھے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

علوی نے جوڑے کی سرعام سزا کے بعد نیوز ایجنسی کو بتایا: ’مقدمے کے دوران اس (مرد ساتھی)ٌ نے تمام الزامات کی تردید کرتے ہوئے کچھ بھی تسلیم نہیں کیا۔ اس طرح جج انہیں مجرم تسلیم نہیں کرسکے۔‘

2018  میں ایک ناریل کے باغ میں مقامی لوگوں کی طرف سے ان دونوں کو ایک ساتھ دیکھے جانے کے بعد ججز نے اس شادی شدہ مرد کو اپنی خاتون ساتھی (جو ان کی بیوی نہیں تھی) سے پیار ظاہر کرنے پر مجرم قرار دیا۔

اس شادی شدہ مرد کو 30 کوڑوں کی سزا سنائی گئی۔ لیکن انہوں نے صوبے کی شرعی عدالت میں اپیل کی جس نے ان کی سزا کو کم کر کے 15 کوڑے کر دیا۔

ایسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹ کے مطابق اسی روز ایک اور شخص کو ایک نابالغ کے ساتھ جنسی تعلق قائم کرنے کے جرم میں 100 کوڑے مارے گئے تھے۔

اس شخص کو اس جرم کے لیے 75 ماہ قید کی سزا بھی سنائی گئی تھی۔

انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیموں نے سرعام کوڑوں کے خلاف آواز اٹھائی ہے۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کہا ہے کہ کوڑے مارنا ایک ’ظالمانہ اور غیر انسانی‘ عمل ہے۔

عالمی ایجنسی نے گذشتہ سال ملک میں کوڑوں کی سزا پر فوری پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

© The Independent

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا