پی ٹی اے نوٹس: ایلون مسک کے سیٹلائٹ انٹرنیٹ کی بکنگ بند

پی ٹی اے کے ترجمان نے بتایا کہ نوٹس لیے جانے سے قبل امریکی کمپنی کی ویب سائٹ پر ایڈوانس بکنگ جاری تھی جو اب ختم کر دی گئی۔

سٹار لنک کی سیٹلائٹ سروسز کے استعمال کی اجازت اور رجسٹریشن پر دنیا بھر میں بحث جاری ہے (سٹار لنک ویب سائٹ سکرین شاٹ)

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے نوٹس لینے کے بعد امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ٹیسلا سے جڑے سٹار لنک نے پاکستان میں سیٹلائٹ فون سروس کی پیشگی بکنگ ختم کر دی۔

سٹار لنک نے اپنی ویب سائٹ پر کنکشنز کی بکنگ شروع کر رکھی ہے، جس کی ایڈوانس فیس 99 ڈالرز ہے۔

پی ٹی اے نے رواں ہفتے اپنے ایک اعلامیے میں پاکستانی شہریوں کو سٹار لنک کے کنکشن کی ایڈوانس بکنگ کرانے سے منع کیا تھا، جس کے بعد اس کی ویب سائٹ پر پاکستان سے بکنگ کا سلسلہ ختم ہو گیا۔

اعلامیے کے مطابق سیٹلائٹ براڈ بینڈ مہیا کرنے والے ادارے سٹار لنک نے پاکستان میں خدمات مہیا کرنے کے لیے پی ٹی اے سے نہ تو کوئی لائسنس حاصل کیا اور نہ ہی اس کے لیے کوئی درخواست جمع کروائی لہذا عوام کو مطلع کیا جاتا ہے کہ وہ سٹار لنک کی اپنی یا اس سے وابستہ کسی بھی ویب سائٹ کے ذریعے ایڈوانس بکنگ آرڈر دینے سے گریز کریں۔

پی ٹی اے کے مطابق یہ ہدایات ان رپورٹس کے سامنے آنے پر جاری کی گئیں جن کے مطابق سٹار لنک اپنی ویب سائٹ کے ذریعے سروس کے خواہش مند سبسکرائبرز کو آلات اور خدمات کے لیے 99 ڈالر(قابل واپسی) کی رقم پیشگی جمع کرانے کے لیے کہہ رہی ہے۔

انڈپینڈنٹ اردو نے اپنے اسلام آباد میں واقع دفتر سے ٹیسٹ کی خاطر سٹار لنک کنکشن کی بکنگ کے لیے اپلائی کیا تو ویب سائٹ پر نوٹیفکیشن ملا کہ یہ سہولت آپ کے ملک میں میسر نہیں۔

ترجمان پی ٹی اے خرم مہران نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ پی ٹی اے کے نوٹس لینے تک سٹار لنک پر کنکشنز کی ایڈوانس بکنگ جاری تھی لیکن اب انہوں نے یہ سروس خود ہی بند کردی۔

سٹار لنک کی سیٹلائٹ سروسز کے استعمال کی اجازت اور رجسٹریشن پر دنیا بھر میں بحث جاری ہے۔

ٹوئٹر پر صارفین نے ٹیسلا کے بانی ایلون مسک سے سوال کیے کہ مختلف ممالک میں سٹار لنک رجسٹر نہ ہوئی تو مقامی اتھارٹیز کیا کریں گی، جس پر انہوں نے جواب دیا کہ وہ صرف ہوا میں مکا لہرا سکیں گی۔

اس سے قبل تھرایا کمپنی سیٹلائٹ کنکشن فروخت کر رہی ہے لیکن ان کے کنکشن کی فیس زیادہ ہونے کی وجہ سے دنیا میں صرف مخصوص لوگ ہی استعمال کرتے ہیں۔

سٹار لنک کمپنی کی سروس کا باقاعدہ آغاز تو نہیں ہوا البتہ کنکشنز کی پیشگی بکنگ شروع ہوچکی ہے۔

کمپنی نے اپنی ویب سائٹ پر کنکشن کے خواہش مندوں کے لیے پیغام دیا جدید سیٹلائٹس کا استعمال کرتے ہوئے سٹار لنک ویڈیو کالز، آن لائن گیمنگ، سٹریمنگ اور دیگر اعلیٰ ڈیٹا ریٹ کی سرگرمیاں قابل بناتا ہے جو تاریخی طور پر سیٹلائٹ انٹرنیٹ کے ساتھ ممکن نہیں رہیں۔

سیٹلائٹ کنکشن اجازت کے بغیر لیے جا سکتے ہیں؟

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

پنجاب یونیورسٹی کے شعبہ سپیس انجینیئرنگ کے سربراہ سید امر محمود نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ سیٹلائٹ سروسز کے ذریعے کنکشن کا استعمال دنیا میں کسی بھی جگہ بغیر رکاوٹ کے کیا جا سکتا ہے لیکن سیٹلائٹ سروسز پر بھی مقامی ریاستوں کے قوانین کی پاس داری لازمی ہوتی ہے۔

انہوں نے قانونی طور پر سروسز کے لیے طریقہ بتایا کہ اگر کوئی کمپنی دنیا بھر میں سروسز فراہم کرنا چاہتی ہو وہ انٹرنیشنل ڈیموکریٹ یونین(آئی ڈی یو) میں رجسٹرڈ ہوتی ہے جس کے رکن تمام ممالک ہوتے ہیں۔ دوسرا مختلف ممالک کے قوانین کے مطابق وہاں سے این او سی لے کر رجسٹریشن اور اجازت لازمی ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کیونکہ سٹار لنک ایک سیٹلائٹ کمپنی ہے اور بیرون ملک سے آپریٹ کرے گی لہذا ملکی مفاد کو مدنظر رکھتےہوئے دفاعی اداروں کی اجازت بھی لازمی ہوگی۔

امر محمود کے بقول ایلون مسک جو مرضی کہیں لیکن مقامی قوانین کا اطلاق ضروری ہے۔

زیادہ پڑھی جانے والی ٹیکنالوجی