دفاعی چیمپیئن ملتان سلطانز پی ایس ایل 7 کے پہلے میچ کی فاتح

محمد رضوان کی ٹیم نے بابر اعظم کی کراچی کنگز کو سات وکٹوں سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کا فاتحانہ آغاز کیا۔

کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں 27 جنوری 2022 کو کراچی کنگز اور ملتان سلطانز کے درمیان کھیلے جانے والے پہلے  پی ایس ایل میچ میں ملتان کے  شعیب مقصود ایک شاٹ کھیلتے ہوئے۔ میچ ملتان سلطانز نے اپنے نام کیا (اے ایف پی)

رنگ برنگی روشنیوں سے دمکتے ہوئے نیشنل سٹیڈیم میں پاکستان سپر لیگ 7  کے آغاز میں ہی دفاعی چیمپیئن ملتان سلطانز بازی لے گئی اور ٹورنامنٹ کے پہلے ہی میچ میں کراچی کنگز کو شکست دے دی۔

اس میچ کے ہیرو کپتان محمد رضوان رہے جن کی ایک مشکل وکٹ پر 52 رنز کی اننگز نے فتح کا سفر آسان بنا دیا۔

پہلے میچ سے قبل جمعرات کی شام کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں مختصر افتتاحی تقریب ہوئی، جس میں پاکستان کے نامور گلوکار عاطف اسلم اور آئمہ بیگ نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔

اس سے قبل غیر ملکی پیرا گلائیڈرز نے سٹیڈیم میں گلائیڈنگ کی، جبکہ تقریب میں وزیراعظم عمران خان اور چئیرمین پی سی بی رمیز راجہ کا ویڈیو پیغام سکرین پر دکھایا گیا۔ پاکستان کی کرکٹ کی تاریخ بھی دکھائی گئی اور تقریب کا اختتام خوبصورت آتش بازی سے ہوا۔

اس کے بعد ٹورنامنٹ کا پہلا میچ کھیلا گیا جس میں ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا، جو درست ثابت ہوا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

کراچی کنگز کے بلے باز کوئی بڑا سکور کرنے میں ناکام رہے۔ شرجیل خان نے 43 رنز کی اننگز کھیلی تاہم بابر اعظم سمیت کوئی بھی بلے باز تیزی سے سکور نہ کرسکا اور پوری ٹیم پانچ وکٹوں کے نقصان پر 124 رنز بنا سکی۔

ملتان سلطانز کی طرف سے سب سے عمدہ بولنگ عمران طاہر نے کی جنہوں نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ دوسرے بولرز نے بھی نپی تلی بولنگ کی۔

ملتان سلطانز نے مطلوبہ ہدف تک پہنچنے کے لیے سکون سے بیٹنگ کی اور 18ویں اوور کی دوسری گیند پر سکور پورا کرتے ہوئے سات وکٹوں سے میچ جیت لیا۔

ملتان سلطانز کی طرف سے کپتان محمد رضوان کا شاندار بیٹنگ فارم جاری رہا، جنہوں نے 47 گیندوں پر 52 رنز کی فاتحانہ اننگز کھیلی۔ صہیب مقصود نے 30 اور شان مسعود نے 26 رنز کی اننگز کھیلی ۔

ملتان سلطانز نے پہلے ہی میچ میں فتح حاصل کرکے اپنا جیت کا کھاتہ کھول لیا اور رواں سیزن کے لیے بھی اپنے عزائم کا اظہار کردیا ہے۔

پی ایس ایل کے دوسرے دن یعنی جمعے کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کے درمیان میچ کھیلا جائے گا ۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ