چینیوں کا ناشتہ پاکستانیوں سے کس حد تک مختلف ہے؟

ویسے تو دونوں ملکوں کی سرحدیں ملتی ہیں لیکن پاکستان اور چین میں کھانے پینے کے رواج اور آداب بالکل الگ الگ ہیں۔

چین کے بعض حصوں میں ناشتے میں ڈمپلنگ بھی کھائے جاتے ہیں (تصویر:پکسا بے)

پاکستان میں ناشتہ بھاری بھرکم کیا جاتا ہے۔ نان چنے، نہاری، پائے، پراٹھے، انڈے، چائے اور لسی۔

ہمارے ہمسائے اور عزیز از جان دوست ملک چین میں ناشتہ نسبتاً ہلکا کیا جاتا ہے۔ اتنا ہلکا کہ چار گھنٹے بعد پھر سے بھوک لگنے لگتی ہے، پھر انہیں مجبوراً دوپہر کا کھانا تناول کرنا پڑتا ہے۔

چین میں صبح کا ناشتہ آٹھ بجے تک کرلیا جاتا ہے۔ 11 بجے دوپہر کے کھانے کا وقت ہو جاتا ہے۔ 12 سے دو بجے تک پورا چین قیلولہ کرتا ہے، اس سے جاگتا ہے تو دن بھر کے بقیہ کام نمٹاتا ہے۔

چینی پانچ بجے کام ختم ہونے پر رات کے کھانے کی تیاری شروع کر دیتے ہیں۔ ساڑھے چھ بجے تک وہ بھی ہو جاتا ہے۔ سرحد پار ہم اس وقت چائے کی پیالی ہاتھ میں پکڑے ’رات کے کھانے میں کیا پکائیں‘ سوچ رہے ہوتے ہیں۔

چین میں ناشتے میں کیا کھایا جاتا ہے۔ اس کا کوئی ایک جواب نہیں دیا جا سکتا۔

چین ایک بہت بڑا ملک ہے۔ اس کے ہر علاقے کی اپنی ثقافت اور اپنے رواج ہیں اور اسی کے مطابق وہاں کے لوگوں کی کھانے اور پینے کی عادات ہیں۔

صرف شمالی اور جنوبی چین کی بات کریں تو شمالی چین میں ناشتے میں گندم کا استعمال کیا جاتا ہے جبکہ جنوبی چین میں چاول سے بنی ہوئی مختلف اشیا کھائی جاتی ہیں۔

بیجنگ سمیت شمالی چین میں عام طور پر تلی ہوئی بریڈ سویا دودھ میں ڈبو کر کھائی جاتی ہے۔

اس کے علاوہ بھاپ میں پکے ہوئے بن بھی ناشتے میں عام کھائے جاتے ہیں۔ انہیں چینی زبان میں ’باؤ زا‘ کہا جاتا ہے۔ ان کے اندر مختلف اقسام کی سبزیوں اور گوشت کی بھرائی موجود ہوسکتی ہے۔

شمالی چین میں ناشتے میں پراٹھے بھی عام دستیاب ہوتے ہیں۔ ان پراٹھوں کے اندر یا اوپر انڈا موجود ہوتا ہے۔ ساتھ ہلکی سی چٹنی، سلاد کے پتے اور ہری پیاز۔

چین میں مقیم پاکستانی اسی کو انڈا پراٹھا سمجھ کر مزے سے کھا جاتے ہیں۔

چین میں ناشتے میں توفو بھی کھائے جاتے ہیں۔ شمالی چین میں نمکین توفو کھائے جاتے ہیں جبکہ جنوبی چین کے لوگوں کو میٹھے توفو زیادہ پسند ہیں۔  

جنوبی چین میں عام ناشتہ ایک چاولوں سے بنا ہوا دلیہ ہے جسے چینی زبان میں ’کون جی‘ کہا جاتا ہے۔ اس میں خشک میوہ جات بھی شامل ہوتے ہیں۔

کچھ لوگ نرم چاولوں سے بنے ہوئے رول بھی ناشتے میں کھاتے ہیں۔ ان میں سبزیوں، لوبیے اور گوشت کی بھرائی کی گئی ہوتی ہے۔ علاوہ ازیں چاولوں سے بنے ہوئے نوڈلز بھی وہاں ناشتے میں عام ملتے ہیں۔

گوانگ ڈونگ صوبے میں ناشتہ دھوم دھام سے کیا جاتا ہے۔ بالکل ایسے جیسے ہمارے ہاں ویک اینڈز پر بڑے بڑے ریستورانوں میں برنچ پر کیا جاتا ہے۔

اس ناشتے کو چینی زبان میں ’یم چھا‘ کہا جاتا ہے۔ اسے صبح کی چائے کہہ لیں۔ یہ ناشتہ قدیم طرز پر بنے ہوئے چائے خانوں میں ملتا ہے۔

اگر آپ کنوارے ہیں تو ’یم چھا‘ کھاتے ہوئے اپنا پیالہ مکمل طور پر صاف کرنا نہ بھولیں۔ چینی عقائد کے مطابق یم چھا کا پیالہ مکمل طور پر صاف کرنے سے آنے والے جیون ساتھی کی جلد اسی صاف اور ہموار  پیالے کی طرح نرم و ملائم ہو گی۔

لوگ اپنے خاندان اور دوستوں کے ساتھ ان چائے خانوں میں جاتے ہیں اور چائے کے ساتھ مختلف اشیا کھاتے ہوئے ناشتہ کرتے ہیں۔

چینی چائے بھی سادہ سی ہوتی ہے۔ پانی لیں، اسے ابالیں، پھر اس میں اپنی مرضی کی چائے کی پتی، پھلوں کے خشک ٹکڑے، پھول یا میوہ جات ڈال کر دم پر رکھ دیں۔ چائے تیار ہے۔

اس چائے کے ساتھ یم چھا میں ڈمپلنگ، بن اور انڈے سے بنی ہوئی مختلف اشیا کھانے کے لیے پیش کی جاتی ہیں۔

اگر آپ کنوارے ہیں تو یم چھا کھاتے ہوئے اپنا پیالہ مکمل طور پر صاف کرنا نہ بھولیں۔ چینی عقائد کے مطابق یم چھا کا پیالہ مکمل طور پر صاف کرنے سے آنے والے جیون ساتھی کی جلد اسی صاف اور ہموار  پیالے کی طرح نرم و ملائم ہوگی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

میں نے ابھی تک یم چھا نہیں کھایا۔ جس دن کھاؤں گی، پیالہ بالکل صاف کر کے اٹھوں گی۔

جدید چین میں ناشتے کا کلچر بھی جدت اختیار کر رہا ہے۔ اب بہت سے چینی امریکی فاسٹ فوڈ چینز پر بھی امریکی طرز کا ناشتہ کر رہے ہوتے ہیں۔

بہت سے لوگ صبح کے ناشتے میں صحت بخش غذا کھانے کو ترجیح دیتے ہیں۔ وہ لوگ جو صحت افزا کھانے کے شوقین ہوں وہ ناشتے میں تازہ پھل، انڈے، دہی، دودھ وغیرہ کا استعمال کرتے ہیں۔

چین میں دہی میٹھا ملتا ہے۔ چینی پہلے دودھ میں چینی ملا کر اسے میٹھا کرتے ہیں۔ پھر اس کی دہی جماتے ہیں۔

کسی کو مٹھاس کے بغیر دہی خریدنا ہو تو اسے پورا نہیں تو آدھا شہر چھاننا پڑتا ہے۔

میٹھا دہی کھانا ہو تو درجنوں آپشن موجود ہیں۔ سادہ میٹھا دہی، فلیورڈ دہی۔ ہر قسم کے پھل کے ذائقے والا دہی آسانی سے مل جاتا ہے۔

نہیں ملتا تو بس تنور سے نکلا ہوا تازہ کلچہ اور اس کے ساتھ میٹھے دہی کا پیالہ، جو لاہوریوں کا کسی بھی دن پسندیدہ ناشتہ ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی بلاگ