فخر زمان کی مسلسل تیسری نصف سینچری، لاہور قلندرز کی دوسری فتح

پی ایس ایل کے نویں میچ میں لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو 29 رنز سے ہرا دیا۔

لاہور قلندرز کے فخر زمان دو فروری، 2022 کو کراچی میں پشاور زلمی کے خلاف کھیلے گئے میچ میں شاٹ کھیلتے ہوئے (اے ایف پی)

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن سیون کے بدھ کو کھیلے گئے نویں میچ میں لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو 29 رنز سے ہرا دیا۔ 
فاتح ٹیم کے اوپنر فخر زمان نے ایونٹ میں مسلسل تیسری نصف سنچری بنا کر ٹیم کی تین میچوں میں دوسری کامیابی کو یقینی بنایا۔
200 رنز کے تعاقب میں پشاور کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 170 رنز ہی بنا سکی۔ 
کراچی کے نیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں آج پشاور کی دعوت پر لاہور نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز بنائے۔ 
اوپنر فخر زمان نے عبداللہ شفیق کے ہمراہ کریز سنبھالتے ہی جارحانہ انداز اپنایا اور 94 رنز کی ابتدائی شراکت قائم کرکے ٹیم کو مستحکم آغاز فراہم کیا۔
انہوں نے 38 گیندوں پر چھ چوکوں اور تین چھکوں کی بدولت 66 رنز کی اننگز کھیلی. عبداللہ نے تین چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 41 رنز بنائے۔
دونوں اوپنرز کے پویلین لوٹنے پر تجربہ کار بلے باز محمد حفیظ نے 19 گیندوں پر 194 کے سٹرائیک ریٹ سے ناقابل شکست 37 اور کامران غلام نے 30 رنز بنا کر سکور بورڈ کو چلانے کا سلسلہ آگے بڑھایا۔
آخر میں راشد خان نے آٹھ گیندوں پر تین چھکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ 22 رنز بنا کر سکور 199 تک پہنچا دیا۔
سلمان ارشاد نے دو جبکہ حسین طلعت اور عثمان قادر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
پشاور نے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو اننگز کے پہلے اوور کی تیسری گیند پر شاہین شاہ آفریدی کا شکار بننے والے اوپنر حضرت اللہ ززائی کے پویلین واپس لوٹنے پر وکٹ کیپر بیٹر کامران اکمل نے حسین طلعت کے ہمراہ 62 رنز کی شراکت قائم کرکے پشاور کو سہارا دینے کی کوشش کی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)


تاہم وہ بھی 41 کے انفرادی اسکور پر پویلین واپس لوٹ گئے۔ 24 گیندوں پر مشتمل ان کی اننگز میں چار چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔
حسین طلعت 15 سکور پر آؤٹ ہوئے۔ اس موقعے پر پشاور کی کمان حیدر علی نے سنبھال لی تھی۔ انہوں نے 144 کے سٹرائیک ریٹ سے رنز بنانے کی رفتار جاری رکھی مگر انہیں کریز کے دوسرے اینڈ سے خاطر خواہ مدد نہ مل سکی۔
نوجوان بلے باز تین چھکوں اور تین چوکوں کی بدولت 49 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ 
ایک رن کی کمی سے اپنی نصف سنچری مکمل نہ کرنے والے حیدر کے پویلین واپس لوٹتے ہی پشاور کی تمام تر امیدیں بھی دم توڑ گئی  اور پوری ٹیم مقررہ اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 170 رنز ہی بنا سکی۔ 
اس دوران شیرفین ردر فورڈ 21، بین کٹنگ10، شعیب ملک سات جبکہ آرش علی خان اور وہاب ریاض کھاتہ کھولے بغیر پویلین واپس لوٹے۔ 
زمان خان نے تین جبکہ شاہین شاہ آفریدی اور ڈیوڈ ویزے نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ