برازیل میں سیلاب سے 94 ہلاکتیں: ’یہ میدان جنگ جیسا ہے‘

یہ سیلاب برازیل میں گذشتہ تین ماہ کے دوران آنے والے طوفانوں کے سلسلے کی تازہ کڑی ہے۔

برازیل میں حکام کے مطابق حالیہ بدترین سیلاب سے اب تک 94 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ ریسکیو ورکرز کو متاثرہ علاقوں میں لاپتہ افراد کی تلاش ہے، جن کے بچنے کے امکانات گزرتے وقت کے ساتھ ساتھ کم ہوتے جا رہے ہیں۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو کے شمال میں معروف سیاحتی مقام پر گلیاں اور گھر ابھی تک پانی سے بھرے ہوئے ہیں۔

 شہر کے پبلک پراسکیوٹر کے مطابق اس علاقے میں ابھی تک 35 افراد لاپتہ ہیں جبکہ سیلاب کے ملبے میں مزید لوگوں کو تلاش کرتے امدادی کارکنوں کو خدشہ ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد بڑھ بھی سکتی ہے۔

یہ سیلاب برازیل میں گذشتہ تین ماہ کے دوران آنے والے طوفانوں کے سلسلے کی تازہ کڑی ہے۔

ریاستی حکومت کے مطابق اب تک 24 افراد کو زندہ بچایا جا چکا ہے۔

امدادی کارکن لوگوں کی تلاش میں کتوں اور کھدائی کے آلات سمیت ہیلی کاپٹرز کا بھی استعمال کر رہے ہیں۔

حکام کے مطابق سیلاب سے متاثر ہونے والے 300 افراد کو سکولوں میں قائم پناہ گاہوں میں ٹھہرایا جا رہا ہے جبکہ خیراتی اداروں نے ان افراد کی مدد کے لیے کھانے اور پانی سمیت دیگر اشیائے ضروریہ کے لیے اپیل کی ہیں۔

’یہ ناقابل یقین ہے‘

24 سالہ وینڈیل پیو لورینزو ایک مقامی چرچ میں پناہ لینے کے لیے اپنا ٹی وی ہاتھوں میں اٹھائے چل رہے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’وہ اپنی کچھ چیزیں‘ بچانا چاہتے ہیں۔

وہ گذشتہ رات سیلاب سے متاثر ہونے والے افراد کی مدد کرتے رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا: ’مجھے ایک لڑکی ملی جو زندہ دفن ہو چکی تھی۔ سب کہہ رہے ہیں یہ کسی جنگ سے متاثرہ علاقے جیسا لگتا ہے۔‘

گورنر کلاڈیو کاسترو کے مطابق: ’یہ جنگ کے منظر جیسا دکھائی دیتا ہے۔ یہ ناقابل یقین ہے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ان کا کہنا تھا کہ اس سال 1932 کے بعد سے بدترین بارشیں ہوئی ہیں۔ انہوں نے امدادی کارروائیوں میں مصروف کارکنوں کی بھی تعریف کی ہے۔

سوشل میڈیا پر پوسٹ کی جانے والی ویڈیوز میں بھی برازیل کے 19صدی کے دارالحکومت پیٹروپولس کی گلیوں کو سیلاب کی تند و تیز لہروں میں ڈوبا دیکھا جا سکتا ہے۔  پیٹروپولس کو برازیل کا ’شاہی شہر‘ بھی قرار دیا جاتا ہے۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ ان امدادی کارروائیوں میں 180 فائر فائٹرز جب کہ 400 فوجی شریک ہیں۔

شہری کونسل کی جانب سے سیلاب کے متاثرین کے لیے تین روزہ سوگ کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔

برازیل کے جنوب مشرقی علاقے میں گذشتہ مہینے بھی سیلاب اور تودے گرنے سے 28 افراد ہلاک ہوگئے تھے جبکہ دسمبر 2021 میں بھی شمال مشرقی ریاست باہیا میں شدید بارشوں کے نتیجے میں 24 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

اسی طرح 2011 میں بھی پیٹروپولس اور نواحی علاقوں میں شدید طوفان، سیلاب اور تودے گرنے سے 900 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا