’سرگودھا جیسے چھوٹے شہر سے 151 لڑکیاں کیسے اغوا ہوئیں؟‘

سپریم کورٹ میں پنجاب کے ضلع سرگودھا سے اغوا شدہ 151 لڑکیاں بازیاب کرانے کا انکشاف ہوا ہے۔

سپریم کورٹ نے ثوبیہ بتول کے اغوا کیس میں گرفتار ملزم عمیر کی درخواست ضمانت خارج کردی ہے (فائل تصویر: انڈپینڈنٹ اردو)

سپریم کورٹ میں آج بروز پیرسرگودھا سے اغوا شدہ ثوبیہ بتول برآمدگی کیس کی سماعت ہوئی، جس میں ڈیڑھ سال قبل اغوا ہونے والی لڑکی کی بازیابی کی کوشش کے دوران سرگودھا سے اغوا ہونے والی 151 لڑکیاں بازیاب کرانے کا انکشاف ہوا۔

ان لڑکیوں کے اغوا اور بازیابی کا انکشاف ڈی پی او سرگودھا ڈاکٹر رضوان نے دوران سماعت رپورٹ پیش کرتے ہوئے کیا۔ انکشاف پرعدالت نے بڑی تعداد میں لڑکیوں کے اغوا پر تشویش کا اظہار کیا۔

پولیس کی 200 صفحات پر مشتمل رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سرگودھا کے مختلف علاقوں سے اغوا کی گئی اِن 151 لڑکیوں اور خواتین کو ڈیڑھ برس قبل لاپتہ ہونے والی 18 سالہ ثوبیہ بتول کی تلاش کے دوران چھاپوں میں بازیاب کرایا گیا۔

ڈی پی او کے مطابق عدالتی حکم پر کیے گئے آپریشن کے نتیجے میں سرگودھا ڈویژن کے مختلف علاقوں سے 151 لڑکیاں برآمد ہوئی ہیں۔ ان میں سے 21 لڑکیاں قحبہ خانوں سے برآمد ہوئی ہیں۔

جسٹس مقبول باقر نے استفسار کیا، ’جولڑکیاں برآمد ہوئی ہیں، کیا ان کی ایف آئی آرز درج تھیں؟ اتنے چھوٹے سےعلاقے سے 151 اغوا شدہ لڑکیاں برآمد ہوئیں، لڑکیوں کا اغوا ہونا پولیس کی نااہلی اور ناکامی ہے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ڈی پی او سرگودھا نے بتایا کہ بچی کی تلاش جاری ہے۔ جس پر جسٹس مقبول باقرنے ریمارکس دیے کہ جن تھانوں میں مقدمات درج کیے گئے تھے،ان کے ایس ایچ اوز کو بھی معاملے پر کرنا چاہیے تھا۔

ڈی پی او سرگودھا نے بتایا کہ عدالتی حکم پراغوا شدہ لڑکیوں کو برآمد کرنے کے لیے اقدامات کررہے ہیں۔

جسٹس مقبول باقر نے کہا کہ یہ بہت زیادتی کی بات ہے کہ ایف آئی آر کے باوجود بازیابی میں اتنی سستی برتی گئی۔

ڈی پی او نے کہا کہ مختلف مقدمات میں ملوث 16 ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے،بازیاب ہونے والی لڑکیوں میں سے کچھ لڑکیوں نے نکاح نامے بھی دکھائے ہیں۔ اس پر جسٹس مقبول باقر نے ریمارکس دئیے کہ ’نکاح نامے تو بن بھی جاتے ہیں۔‘

عدالت نے آئی جی پنجاب کوصوبے بھر میں اغوا شدہ لڑکیوں کو برآمد کرنے کے لیے اقدامات کی ہدایت کی۔

عدالت نے ثوبیہ بتول کی برآمدگی کے لیے بھی پولیس کو اقدامات کرنے کا حکم دیا ہے۔

عدالت نے ثوبیہ بتول کے اغوا کیس میں گرفتار ملزم عمیر کی درخواست ضمانت خارج کردی ہے۔

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان