میانوالی: کئی غیر ملکی سربراہان مملکت کی میزبانی کرنے والا بوہڑ بنگلہ

کالاباغ ریلوے پل کی مغربی سمت دریائے سندھ کے کنارے سفید رنگ سے آراستہ نواب آف کالا باغ کا تاریخی بوہڑ بنگلہ چارسو سال قدیم بوہڑ برگد کے درخت کی وجہ سے بوہڑ بنگلہ کہلاتا ہے۔

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر میانوالی میں واقع دنیا بھر میں اپنی خاص پہچان رکھنے والا شہر کالا باغ نہ صرف کالا باغ ڈیم کے حوالے سے مشہور ہے بلکہ اس مشہوری کی ایک وجہ نواب آف کالا باغ اور ان کا مشہور اور بوہڑ بنگلہ بھی ہے۔

یہ بنگلہ سابق گورنر مغربی پاکستان نواب ملک امیر محمد خان نے 1934 میں تعمیر کرایا تھا۔

 کالاباغ ریلوے پل کی مغربی سمت دریائے سندھ کے کنارے سفید رنگ سے آراستہ نواب آف کالا باغ کا تاریخی بوہڑ بنگلہ چارسو سال قدیم بوہڑ برگد کے درخت کی وجہ سے بوہڑ بنگلہ کہلاتا ہے۔

 75کنال پر محیط بوہڑ بنگلہ کالا باغ میں کئی قسم کے درخت موجود ہیں جن میں سے کئی بیرون ملک سے منگوائے گئے ہیں۔

نواب آف کالاباغ ملک وحید خان نے انڈیپینڈنٹ اردو سے خصوصی گفتگو میں بتایا کہ ’اس تاریخی بوہڑ بنگلہ دنیا بھر کے سربراہان مملکت، عرب شہزادے اور دیگر نامور شخصیات قیام کر چکی ہیں جن میں قائد اعظم محمد علی جناح، ملکہ الزبتھ، شاہ ایران، صدر ایوب خان،ذوالفقار علی بھٹو، شاہ حسین، شاہ فیصل، سابق صدر جنرل پرویز مشرف، بینظیر بھٹو، عمران خان، و دیگر کئی سیاسی شخصیات شامل ہیں۔‘

نواب ملک وحید خان نے بتایا کہ ’ہماری رہائش دوسرے بنگلوں میں ہوتی ہے یہ بنگلہ ہمارا مہمان خانہ ہے۔‘

ان کے مطابق بوہڑ بنگلہ کالاباغ میں صرف سربراہان مملکت، عرب شہزادوں اور دیگر وی آئی پی شخصیات کو ٹھہرنے کی اجازت ہوتی تھی یا پھر نواب صاحبان کے قریبی رفقا اس بنگلے میں قیام کر سکتے تھے۔

 تاہم اب نوابزادہ ملک وحید خان نے اس بنگلے کو عوام کے لیے بھی کھول دیا ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ان کے مطابق بوہڑ بنگلہ کالا باغ کو دیکھنے کے لیے کئی لوگ یہاں آتے ہیں اور تصاویر بنواتے ہیں۔ اس بنگلے میں سابق گورنر مغربی پاکستان نواب ملک امیر محمد خان کی کئی یاد گار تصاویر ہیں اور کالا باغ آنے ولے کئی غیر ملکی سربراہان مملکت کی بھی تصاویر شامل ہیں۔

دریائے سندھ کے کنارے ہونے کی وجہ سے بوہڑ بنگلہ نے کئی سیلابوں کا سامنا کیا مگر اس کی بنیادیں مضبوط ہونے کی وجہ سے اسے معمولی نقصان پہنچا۔

اس بنگلے کی بنیادوں میں پرانے دور سے ہی کنکریٹ، چونا اور سیمنٹ شامل ہے جس کی وجہ سے اسے زیادہ نقصان نہیں پہنچ پاتا۔

 نواب ملک وحید خان کا کہنا تھا ککہ بوہڑ بنگلہ کے سٹاف میں 10 سے 12 ملازمین شامل ہیں جن میں سکیورٹی گارڈ، باورچی، بیرے، مالی، خاکروب اور دیگر شامل ہیں جو بوہڑ بنگلہ کی خوبصورتی کو برقرار رکھتے ہیں۔

بوہڑ بنگلہ کالاباغ میں نواب آف کالاباغ کی کئی سو سال پرانی خاندانی تلواریں بھی موجود ہیں ۔ نواب ملک وحید خان کے مطابق جب ہمارے آباو اجداد سلطان محمود غزنوی کے ساتھ 1025 عیسوی میں یہاں آئے تب سے نہ صرف یہ تلواریں یہاں ہیں بلکہ ہر زمانے کی تلواریں موجود ہیں جن سے ہمارے آباو اجداد جنگوں میں حصہ لیا کرتے تھے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ملٹی میڈیا