دو نیوز اینکرز ایک دن میں آف ایئر

ان میں پبلک نیوز سے تعلق رکھنے والی ملیحہ ہاشمی، سما نیوز کے اینکر عمران ریاض اور تجزیہ کار اور کالم نگار ارشاد بھٹی کا نام ہے۔

(تصاویر: عمران ریاض فیس بک/ ملیحہ ہاشمی انسٹا گرام)

سوشل میڈیا پر تین صحافیوں کے بارے میں بحث زور و شور سے جاری ہے جن کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ انہیں آف ایئر کر دیا گیا۔

ان میں پبلک نیوز سے تعلق رکھنے والی ملیحہ ہاشمی، سما نیوز کے اینکر عمران ریاض اور تجزیہ کار اور کالم نگار ارشاد بھٹی کا نام ہے۔

تاہم جب ارشاد بھٹی سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ وہ چھٹیوں پر ہیں اور پیر سے دوبارہ جیو نیوز کو جوائن کریں گے۔

اس سے قبل شیریں مزاری نے ایک ٹویٹ کی جس میں انہوں نے دعویٰ کیا کہ عمران ریاض خان، ملیحہ ہاشمی اور ارشاد بھٹی کو بر طرف کردیا گیا ہے۔

ڈائیریکٹر پروگرامنگ جیو نیوز معاز احسن سے جب انڈپینڈنٹ کے نامہ نگار ثاقب تنویر نے رابطہ کیا تو ان کا کہنا تھا ارشاد بھٹی چھٹیوں پر ہیں اور اگلے ہفتے سے دوبارہ جوائن کریں گے۔

ڈائیریکٹر پروگرامنگ کے مطابق ارشاد بھٹی نے یہ چھٹیاں پہلے سے لے رکھی تھیں۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ شیریں مزاری نے ٹویٹ کرنے سے قبل جیو نیوز سے رابطہ نہیں کیا جبکہ ان کی جماعت خود دوسروں پر فیک نیوز کا الزام لگاتی ہے۔

جب پبلک نیوز پر ٹاک شو کرنے والی ملیحہ ہاشمی سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا: ’یہ درست ہے کہ مجھے پبلک نیوز کی انتظامیہ کی جانب سے آف ایئر کر دیا گیا ہے۔‘

ملیحہ ہاشمی نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ مجھے عمران خان پر تنقید نہ کرنے اور کرپشن کا دفاع نہ کرنے پر برطرف کیا گیا۔

سما نیوز کے اینکر عمران ریاض کا آج پروگرام نہ ہو سکا جس کی جگہ خبرنامہ چلتا رہا۔ اس حوالے سے جب ان سے رابطہ کیا تو ان کا کہنا تھا، ’میرے شو کا ٹائم ہے اور میں گھر پر ہوں۔‘

انہوں نے مزید بتایا کہ شو سے قبل گروپ میں پروڈیوسر نے اگاہ کیا کہ آج شو نہیں ہے مگر مینجمنٹ سے اس حوالے سے اب تک رابطہ نہیں ہو سکا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

صحافی عدیل راجہ نے ٹویٹ میں لکھا کہ عمران ریاض کو آف ایئر کردیا گیا ہے اور اس بارے میں عمران ریاض خان کو جلد اگاہ کر دیا جائے گا۔

انڈپینڈنٹ اردو کی جانب سے سما نیوز کے سی ای او نوید صدیقی سے اس حوالے سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے جواب نہیں دیا۔

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان