عرفان خان کی حسِ مزاح غضب تھی : صبا قمر

بالی وڈ اور ہالی وڈ فلموں میں کام کرنے والے عظیم بھارتی اداکار عرفان خان کی دوسری برسی پر ان کی ساتھی اداکارہ صبا قمر انہیں کمال انسان اور زبردست شخصیت کے مالک کے طور پر یاد کرتی ہیں۔

صبا قمر نے 2017 میں ریلیز ہونے والی ’ہندی میڈیم‘ میں عرفان خان کے ساتھ کام کیا (ویڈیو سکرین گریب یوٹیوب، میڈیوک فلمز، ٹی سیریز)

’عرفان خان اپنے سین کی بہت زیادہ تیاری نہیں کیا کرتے تھے، جب میں ’ہندی میڈیم‘ کر رہی تھی تو سینیما کے پردے پر جو بھی جادو نظر آیا، وہ وہیں اسی وقت ہوا تھا۔‘

یہ کہنا ہے پاکستانی اداکارہ صبا قمر کا جن کے لیے بالی وڈ فلم ’ہندی میڈیم‘ کی شوٹنگ کے ابتدائی دن آسان نہ تھے کیوں کہ ساتھی اداکار عرفان خان کا اندازِ اداکاری ویسا نہ تھا جس کی صبا کو عادت تھی۔

بالی وڈ اور ہالی وڈ کی کئی فلموں میں کام کرنے والے اور اداکاری کے کئی اعزاز جیتنے والے عظیم بھارتی اداکار عرفان خان کو دنیا سے رخصت ہوئے آج دو سال ہوگئے ہیں۔

ان کے مداح اور ان کے ساتھی اداکار انہیں آج بھی یاد کرتے ہیں۔ صبا قمر بھی انہی مداحوں اور ساتھی اداکاراوں میں سے ایک ہیں، جنہوں نے 2017 میں ریلیز ہونے والے بالی وڈ فلم ’ہندی میڈیم‘ میں عرفان خان کے ساتھ بطور ہیروئن کام کیا۔

صبا بتاتی ہیں کہ عرفان خان کے ساتھ گزارا ہوا ہر ایک لمحہ یاد گار تھا، وہ غضب کی حسِ مزاح رکھتے تھے اور فلم کے سیٹ پر بھی وہ مذاق کرتے رہتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ عرفان کمال کے انسان تھے، زبردست شخصیت کے مالک تھے اور ان سے بہت سیکھنے کا موقع ملا کیوں کہ ان کا کام کرنے کا انداز الگ ہی تھا۔ ان کا اس طرح دنیا سے چلے جانا بہت افسوسناک ہے۔

صبا کہتی ہیں کہ ان کی خواہش تھی کہ وہ عرفان خان کے ساتھ کام کریں اور یہ ان کی خوش قسمتی تھی کہ انہوں نے بالی وڈ میں جو پہلا کام کیا وہ عرفان خان کے ساتھ ہی تھا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ان کا کہنا تھا: ’ابتدا میں تو مجھے ان کے ساتھ کام کرنے میں مشکل پیش آرہی تھی، کیوں کہ اس طرح تو ہم یہاں کام ہی نہیں کرتے۔ چاہے ٹی وی ہو یا فلم، ہم اپنے مکالموں کی ریہرسل کرتے ہیں۔ تو جب عرفان خان کے ساتھ کام کیا تو انہوں نے کہا کہ ’صبا چلو، بس یہ کرلیتے ہیں۔‘

انہوں نے بتایا کہ وہ کچھ چونک گئیں کہ یہ کیسے کریں گے، مکالمے ادا کرنے کی رفتار کیا ہوگی، آواز کا اتار چڑھاؤ کیسا ہوگا، یہ سین کیسا ہوگا، وہی جو ایک اداکار سوچتا ہے اپنے کام کے بارے میں۔

’تین دن تک تو مجھے سمجھ ہی میں نہیں آیا، پھر میں سمجھی کہ اداکاری کا یہ سکول تو میں نے کبھی دیکھا ہی نہیں، تو وہ بہت دلچسپ اور مزے کا تجربہ تھا۔‘

ان کا کہنا تھا کہ فلم بناتے ہوئے جو دو ماہ دہلی میں عرفان خان کے ساتھ گزرنے ان کی بہت خوبصورت یادیں ہیں۔ ’عرفان ایک ہی تھے، ان کی جگہ کوئی نہیں لے سکتا۔‘

انہوں نے بتایا کہ انہیں عرفان خان سے بہت کچھ سیکھنے کو ملا، اور ان کے ساتھ کام کرنا قابلِ فخر ہے۔

صبا قمر کے مطابق عرفان خان کا اس دنیا سے چلے جانا فلمی صنعت کے لیے بہت بڑا نقصان  ہے اور اسے پورا کرنا مشکل۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی فن