مسجد وزیر خان میں 'رقص' کی ویڈیو: صبا قمر اور بلال سعید کی ضمانت منظور

جمعرات کومقدمے کی سماعت میں ایڈیشنل سیشن جج چوہدری قاسم علی نے کہا کہ ملزمان کے خلاف عائد الزامات کا فیصلہ ٹرائل میں ہوگا۔

لاہور کی تاریخی مسجد وزیر خان میں مبینہ طور پر موسیقی بجانے اور رقص کی ویڈیو بنانے کے خلاف دائر کیس میں سیشن عدالت نے جمعرات کو اداکارہ صبا قمر اور بلال سعید کی ضمانت منظور کرلی۔

یاد رہے کہ عدالت پہلے ہی صبا قمر اور بلال سعید کی عبوری ضمانتیں منطور کر چکی تھی۔

جمعرات کو دونوں ملزمان عدالت میں پیش ہوئے، جہاں ان کے وکیل نے ان کا موقف پیش کیا اور ضمانت مستقل کرنے کی استدعا کی۔

جبکہ مدعی فرحت منظور چانڈیو ایڈووکیٹ نے ان کی عبوری ضمانت مسترد کر کے گرفتار کرنے کی درخواست کی۔

ایڈیشنل سیشن جج چوہدری قاسم علی نے کہا کہ ملزمان کے خلاف عائد الزامات کا فیصلہ ٹرائل میں ہوگا۔

دوران سماعت عدالت نے پولیس سے استفسار کیا کہ ملزمان کی مسجد میں رقص کی ویڈیو کہاں ہے؟ جس پر پولیس افسر نے بتایا کہ 'مقدمے کی تحقیقات مکمل نہیں ہیں، مدعی وکیل نے فوٹیجز بھی بطور ثبوت فراہم نہیں کیں۔'

جج نے ریمارکس دیے کہ 'ملزمان کی فوٹیجز سوشل میڈیا پر موجود ہیں آپ وہاں سے حاصل کر لیتے۔' جس پر عدالت میں قہقے بھی لگے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

پاکستانی اداکارہ صبا قمر اور گلوکار بلال سعید کی فلم کی ریکارڈنگ کے دوران لاہور کی مسجد وزیر خان میں مبینہ طور پر رقص کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی۔

اس ویڈیو میں دونوں کو مسجد کے اندر رقص کرتے دیکھا گیا تھا، جس پر سوشل میڈیا پر شدید تنقید کی گئی۔

مقامی وکیل فرحت منظور چانڈیو کی جانب سے کچھ عرصہ پہلے تھانہ اکبری گیٹ میں صبا اور بلال کے خلاف مسجد کا تقدس پامال کرنے کا مقدمہ درج کرایا گیا تھا۔

اس معاملے پر دونوں اداکار معافی بھی مانگ چکے ہیں اور اس کیس میں انہوں نے عدالت سے عبوری ضمانت بھی حاصل کی تھی۔

جمعرات کو ضمانت کنفرم ہونے کے بعد وہ میڈیا سے بات کیے بغیر ہی عدالت سے چلے گئے۔ 

مذکورہ فوٹیج سامنے آنے کے بعد محکمہ اوقاف نے بھی تحقیقات کی تھیں اور ایک ذمہ دار افسر کو بھی معطل کیا گیا تھا۔

ترجمان محکمہ اوقاف کا کہنا تھا کہ اگرچہ فلم کی شوٹنگ کے لیے اجازت لی گئی تھی، لیکن اس طرح مسجد میں ڈانس کی ویڈیو سامنے آنے پر وہاں کی نگرانی کے ذمہ دار مینیجر کے خلاف کارروائی کی گئی۔

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان