کپتان اپنی ٹیم کے بغیر کچھ نہیں کر سکتا: وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کا کہنا ہے کہ احتساب اور شفافیت کی آڑ میں افسران کو ہراساں کرکے ان کی کارکردگی متاثر کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔

شہباز شریف 28 اپریل سے 30 اپریل تک تین روزہ دورے پر سعودی عرب میں موجود تھے (تصویر: پاکستان مسلم لیگ ن/ فیس بک)

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کا کہنا ہے کہ احتساب اور شفافیت کی آڑ میں افسران کو ہراساں کرکے ان کی کارکردگی متاثر کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ’اللہ نے مجھے ایک بار پھر قوم کی خدمت کا موقع دیا ہے اور میرا یہ عزم ہے کہ قابل افسران کے ساتھ یہ سفر شروع کروں۔‘

انہوں نے یہ بات ریٹائرڈ اور حاضر سروس سول و انتظامیہ کے افسران سے ملاقات کے دوران کہی۔

سرکاری ٹی وی چینل پی ٹی وی نیوز کے مطابق ملاقات میں افسران نے گورننس، انتظامی امور اور پالیسیوں کے نفاذ کے حوالے سے اپنے تجربات سے وزیراعظم کو آگاہ کیا۔

اس موقع پر وزیراعظم نے تمام افسران کو عید کی مبارک باد پیش کی اور کہا کہ ’پاکستان کی خوش قسمتی ہے کہ آپ جیسے قابل افسران موجود ہیں، بلاشبہ آپ ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں۔‘

شہباز شریف نے کہا کہ قابل افسران سیاسی حکومت کی ملکی ترقی و خوشحالی میں رہنمائی اور معاونت کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کپتان اپنی ٹیم کے بغیر کچھ نہیں کر سکتا۔

اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے اپنی ایک ٹویٹ میں بتایا کہ ان کی ابوظہبی کے ولی عہد اور متحدہ عرب امارات کی فوج کے نائب کمانڈر شیخ محمد بن زید النہیان سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔

وزیراعظم پاکستان کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے جاری ٹویٹ میں کہا گیا ہے شہباز شریف نے اس موقع پر شیخ محمد بن زید النہیان کو عید کی مبارک باد پیش کی اور ان کی میزبانی کا شکریہ ادا کیا۔

واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کے تین روزہ دورے کے بعد متحدہ عرب امارات کا بھی دورہ کیا تھا۔

وزیراعظم کے ٹوئٹر اکاؤنٹ کی جانب سے کی جانے والی سلسلہ وار ٹوئٹس میں بتایا گیا ہے کہ شہباز شریف نے ابو ظہبی کے ولی عہد کی جانب سے دورے کے فوراً بعد اقتصادی وفد پاکستان بھیجنے پر ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔

شہباز شریف کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ’یہ دونوں برادری ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات کا ایک نیا باب ہے۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان