پاکستان کے وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کراچی میں پاکستان انٹرنیشنل میری ٹائم ایکسپو اینڈ کانفرنس (PIMEC 2025) کے دوران سعودی عرب کے وزیر ٹرانسپورٹ و لاجسٹک سروسز، انجینیئر صالح بن ناصر الجاسر کو اہم پاکستانی انفراسٹرکچر منصوبوں میں سعودی سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے۔
حکومت پاکستان کے اعلامیے کے مطابق ان انفراسٹرکچر منصوبوں میں ایم-6 موٹر وے (سکھر- حیدرآباد)، ایم-10 موٹر وے (حیدرآباد - کراچی پورٹ)، ایم-13 موٹر وے (کھاریاں - راولپنڈی) اور مانسہرہ - ناران - جل کھڈ- چلاس (MNJC) روڈ شامل ہیں۔
عبدالعلیم خان نے سعودی وزیر کو پاکستان کے بڑھتے ہوئے روڈ نیٹ ورک اور اہم قومی منصوبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ ٹرانسپورٹ، لاجسٹکس، اور انفراسٹرکچر کی ترقی کے شعبوں میں تعاون مزید بڑھانا چاہتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ منصوبہ اپنے سیاحتی امکانات کی وجہ سے تجارتی طور پر فائدہ مند ہے اور سرمایہ کاروں کے لیے پرکشش ہے۔
عبدالعلیم خان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کا روڈ انفراسٹرکچر متحرک اور خود کفیل ہے، جسے مؤثر ٹول سسٹم کی مدد حاصل ہے جو سڑکوں کی دیکھ بھال اور ترقی میں نمایاں کردار ادا کرتا ہے نیز وزارت مواصلات اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی شمالی علاقوں کو اہم شہری اور اقتصادی مراکز سے ملانے والے نئے موٹر وے منصوبوں پر کام کر رہے ہیں، جو علاقائی تجارت اور روابط کو مزید مضبوط کریں گے۔
انہوں نے اعادہ کیا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان بھائی چارہ اور طویل المدتی تعلقات قائم ہیں اور انفراسٹرکچر کے شعبے میں تعاون کے لیے بہت زیادہ صلاحیت موجود ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان سعودی وزیر کی میزبانی پر خوش ہے اور آئندہ بار بار ملاقاتوں کے منتظر ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
اس موقع پر سعودی وزیر نے بین الاقوامی میری ٹائم آرگنائزیشن کے انتخابات میں پاکستان کی حمایت طلب کی، جس پر پاکستان نے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ انجینیئر صالح بن ناصر الجاسر نے نیز وزیر مواصلات کو جلد سعودی عرب کے دورے کی دعوت بھی دی۔
سعودی وزیر نے پاکستان کی ترقیاتی کوششوں کی تعریف کی اور ملک کی مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے ٹیکنالوجی، روڈ سیفٹی اور لاجسٹک منصوبوں میں سعودی تعاون کی پیشکش بھی کی۔
وفاقی وزیر برائے مواصلات عبدالعلیم خان نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر اسی سلسلے کی توسیع میں کراچی کے بنیادی ڈھانچے کی موجودہ حالت پر گہری تشویش اور عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پاکستان کے معاشی حب کے قد کی عکاسی نہیں کرتا۔
انہوں نے اعلان کیا کہ M-6 موٹروے (سکھر-حیدرآباد) اور M-10 موٹروے (حیدرآباد-کراچی پورٹ) پر ترقیاتی کام رواں مالی سال سے شروع ہو جائیں گے۔
عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ ان موٹر ویز کی تکمیل سے کراچی پورٹ براہ راست پورے ملک سے منسلک ہو جائے گا جس سے تجارت، لاجسٹکس اور رابطوں میں بہتری آئے گی۔
انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ وفاقی حکومت سندھ بھر میں انفراسٹرکچر کو جدید بنانے کے لیے پرعزم ہے، اس بات کو یقینی بناتے ہوئے کہ ہر منصوبہ عوام کے فائدے کے لیے شفافیت، معیار اور کارکردگی کے اعلیٰ ترین معیارات پر پورا اترے۔