سعودی وزارت حج و عمرہ نے عمرہ ویزے پر مملکت میں داخل ہونے کی مدت تین ماہ سے کم کر کے ایک ماہ کر دی۔
العربیہ کی ایک رپورٹ کے مطابق عمرے ویزے میں نئی ترمیم آئندہ ہفتے سے نافذ العمل ہو گی۔
اس ترمیم کے تحت عمرہ ویزا جاری ہونے کے 30 دن کے اندر متعلقہ شخص مملکت میں داخل نہ ہوا تو ویزا خود بخود منسوخ ہو جائے گا۔
تاہم سعودی وزارت نے وضاحت کی کہ یہ تبدیلی عمرے پر آنے والے مسافروں کے قیام کے دورانیے کو متاثر نہیں کرے گی۔
مملکت پہنچنے کے بعد عمرہ ادا کرنے والوں کو اب بھی تین ماہ تک ملک میں قیام کی اجازت حاصل ہو گی۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
عمرہ اور زیارت کی قومی کمیٹی کے مشیر احمد بجافر نے بتایا کہ یہ فیصلہ موسم سرما میں حرمین شریفین میں رش کم کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔
اگرچہ عمرہ کی ادائیگی صرف مکہ مکرمہ میں ہوتی ہے لیکن زیادہ تر زائرین اپنے مختصر قیام کے دوران مدینہ منورہ کی زیارت کا بھی موقع حاصل کرتے ہیں۔
اکتوبر میں سعودی عرب نے عمرے کے قواعد مزید سخت کیے تھے جن کے تحت مسافروں کے لیے رہائش کی پیشگی بکنگ اور ’نسک‘ یا ’مسار‘ ایپس کے ذریعے ٹرانسپورٹ کی تصدیق لازمی قرار دی گئی تھی۔
تاہم اب تمام اقسام کے ویزوں کے حامل افراد مملکت میں اپنے قیام کے دوران عمرہ ادا کر سکتے ہیں۔