میں جسے میر جعفر کہتا ہوں وہ شہباز شریف ہیں: عمران خان

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ جس کو وہ میر جعفر کہتے ہیں وہ ’شہباز شریف‘ ہیں۔

سابق وزیراعظم عمران خان نے منگل کو جلہم میں جلسے سے خطاب کیا (سکرین گریب)

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ جس کو وہ میر جعفر کہتے ہیں وہ ’شہباز شریف‘ ہیں۔

عمران خان نے منگل کی رات جہلم میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان فوج کے پیچھے بات کرتا ہے ہم اس کی اجازت نہیں دیں گے۔‘

انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’میں جس میر جعفر کا کہتا ہوں وہ تم ہو۔ جس طرح امریکہ نے شہباز شریف کو بٹھایا، تو تم ہو میر جعفر۔‘

عمران خان کا کہنا تھا کہ ’شہباز شریف تم یہ کہتے ہو کہ عمران خان نے فوج پر تنقید کی، شرم کرو، عمران خان کا جینا مرنا پاکستان میں ہے۔‘

’میں تو کہتا ہوں میرا نام ای سی ایل میں ڈالو میں باہر جانا ہی نہیں چاہتا۔‘

واضح رہے کہ گذشتہ روز قومی اسمبلی نے سابق وزیر اعظم عمران خان کی ’فوج مخالف‘ تقریر پر قرارداد مذمت منظور کی تھی۔

سپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے اس موقع پر کہا تھا کہ ’قومی سلامتی کے اداروں پر کوئی بھی رکیک حملہ، کمزور کرنے کی کوشش، چھپے یا کھلے الفاظ میں بات کرنا قومی مفاد کے خلاف ہے۔ ہمارا آئین اس بات کی اجازت نہیں دیتا کہ افواج پاکستان سمیت اداروں پر ایسے الفاظ کہے جائیں۔‘

جبکہ وزیر اعظم شہبازشریف نے ایوان میں اپنے خطاب میں کہا تھا کہ ’اس لاڈلے کو جو اداروں نے سپورٹ کیا اس کی مثال نہیں ملتی۔‘

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ’اب یہ نہ کھیلنے اور نہ کھیلنے دیں گے پر عمل کر رہا ہے۔‘

اس کے جواب میں عمران خان نے پیر ہی کو پارٹی کارکنان سے خطاب میں کہا تھا کہ وہ وزیراعظم شہباز شریف کو جہلم کے جلسے میں جواب دیں گے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

جہلم جلسے سے خطاب میں سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ’میں نے کہا تھا کہ میں جب اقتدار سے نکلوں گا تو میں زیادہ خطرناک بنوں گا۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’وہاں تو میں بند تھا، آفس میں سارا دن کام، وزن بھی میرا بڑھ گیا تھا، میں انتظار کر رہا تھا کہ عوام کے بیچ آؤں۔‘

انہوں شہباز شریف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’انہوں نے آتے ہی کہا کہ ہم نریندر مودی سے دوستی چاہتی ہیں۔ تم اس لیے دوستی چاہتے ہوں کیونکہ جو تمھیں لے کر آئے ہیں انہوں نے حکم دیا ہے۔‘

عمران خان نے کہا کہ ’بھارت نے پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا کیا، انہوں نے دنیا میں چھ سو جعلی میڈیا دفاتر بنائے اور پاکستان کے خلاف پروپگینڈا کیا۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’انہوں نے (بھارت) پاکستان کی فوج اور عمران خان کو پروپیگینڈا کا نشانہ بنایا۔‘

جلسے کے شرکا سے خطاب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ ’وہ جانتے ہیں کہ دو چیزیں ہیں جو پاکستان کو جوڑ کر رکھ سکتی ہے، ایک فوج پاکستان کو اکھٹا رکھ رہی ہے اور دوسرا پاکستان تحریک انصاف۔‘

عمران خان نے اپنے خطاب کے آغاز میں کہا کہ ’میں نے سوچا تھا کہ 20 لاکھ لوگ اسلام آباد پہنچیں گے لیکن جیسے لوگ نکلے ہیں اب وہ نمبر 25 لاکھ پر چلا گیا ہے۔‘

زیادہ پڑھی جانے والی سیاست