آئی فون کے ڈیزائنر کا ایپل چھوڑنے کا اعلان

سر جونی ایئو نے 1996 میں اپیل میں شمولیت اختیار کی تھی، ان کے زیر نگرانی کمپنی کی مشہور زمانہ مصنوعات متعارف کرائی گئی تھیں جن میں آئی میک، آئی فون اور آئی پیڈ شامل ہیں۔

ایپل کمپنی کے سی ای او ٹم کُک نے سر جونی کو ڈیزائن کی دنیا میں ’واحد شخصیت‘ قرار دیا ہے۔

آئی فون کے ڈیزائنر سر جونی ایئو تین دہائیوں بعد ٹیکنالوجی کی دنیا کی سب سے بڑی کمپنیوں میں سے ایک ایپل کمپنی چھوڑ رہے ہیں۔

سر جونی نے 1996 میں اپیل میں شمولیت اختیار کی تھی اور ان کے زیر نگرانی کمپنی کی مشہور زمانہ مصنوعات متعارف کرائی گئی تھیں جن میں آئی میک، آئی فون اور آئی پیڈ شامل ہیں۔

ایپل نے جمعرات کو جونی کی رخصتی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی ذاتی ڈیزائن کمپنی بنانے جا رہے ہیں۔

بہت کم افراد کو جونی کی نئی کمپنی ’لو فرام‘ کے بارے میں معلومات ہیں۔ گو کہ ایپل نے اعلان کیا ہے کہ وہ اس کے پہلے صارف ہوں گے۔

سر جونی نے اپنے بیان میں کہا: ’تقریباً 30 سال تک لاتعداد منصوبوں کے ساتھ مجھے ایپل کے لیے ڈیزائن ٹیم بنانے، اس کو چلانے اور اس کا حصہ ہونے پر فخر ہے۔‘ 

ان کا مزید کہنا تھا: ’مجھے ایپل میں موجود اپنے ڈیزائنر ساتھیوں پر انتہائی اعتماد ہے جو میرے قریبی دوست بھی رہے ہیں۔ میں آنے والے اگلے برسوں میں بھی ان کے ساتھ کام کرنے کا خواہش مند رہوں گا۔‘

ایپل کمپنی کے سی ای او ٹم کُک نے سر جونی کو ڈیزائن کی دنیا میں ’واحد شخصیت‘ قرار دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا: ’ایپل کی تجدید میں ان کے کردار کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔  1998 میں آئی میک کی لانچنگ سے آئی فون تک اور حال ہی میں ایپل کی بے مثال کامیابی میں جونی نے اپنی تمام توانائیاں صرف کر دی تھیں۔‘

ٹم کُک کے مطابق: ’ایپل اپنے خصوصی پروجیکٹس کے لیے براہ راست ان کے ٹیلنٹ سے فائدہ اٹھاتی رہے گی جبکہ ان کی تشکیل کردہ شاندار اور پرجوش ڈیزائن ٹیم بھی کمپنی کا عظیم سرمایہ ہے۔‘

 سر جونی نے ایپل چھوڑنے کا اعلان فنانشل ٹائمز کو دیے گئے انٹرویو میں کیا تھا، تاہم نہ ہی ایپل نے اور نہ خود انہوں نے کمپنی سے روانگی کی اصل تاریخ بتائی ہے۔

ان کے عہدے کو فوری طور پر پُر نہیں کیا جائے گا بلکہ ان کے دو ڈپٹی ڈائریکٹرز کمپنی کے چیف آپریٹنگ آفیسر جیف ولیمز کو براہ راست رپورٹ کریں گے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ٹیکنالوجی