پشاور: خیبر پختونخوا میں عطر کی دکانوں کی ’سب سے بڑی گلی‘

اگرچہ پشاور میں اکا دکا جگہوں پر عطر کی بعض اور دکانیں بھی ہیں لیکن اس جگہ کی خاصیت یہ ہے کہ یہاں ایک پوری گلی عطر کے دکانوں کی ہے۔

(سکرین گریب)

صوبہ خیبرپختونخوا کے شہر پشاور میں ایک ایسی گلی بھی ہے جہاں تقریباً 30 دکانیں عطر کی ہیں۔ رمضان اور عید کے مواقع ہوں یا عام دن یہاں ہرطرح کے خریداروں کا رش ہوتا ہے۔

ان دکانوں کے نام عرب ممالک کے مقامات اور شخصیات کے ناموں پر رکھے گئے ہیں اور یہاں کی معطر فضا گزرنے والے ہر شخص کو کچھ دیر کے لیے اس قدر مسحور کر دیتی ہے کہ بعض لوگ خریداری کا ارادہ نہ رکھتے ہوئے بھی یہاں رک کرقیمتیں پوچھنا شروع کر دیتے ہیں۔

ان دکانوں میں سستی اور مہنگی ترین، نایاب ومشہور ہر طرح کے عطر مل جاتے ہیں، جس کو نہ صرف مذہبی رجحان رکھنے والے لوگ ذوق وشوق سے خریدتے ہیں بلکہ اب عام لوگوں میں بھی عطر خریدنے کا رجحان پیدا ہوگیا ہے۔

 یہ گلی ایک ایسی جگہ پر واقع ہے جس کے اوپر بی آر ٹی ’ریپیڈ بس ٹرانزٹ‘ کا سٹیشن ہے لہذا نہ صرف عام لوگ بلکہ بی آرٹی کے مسافروں کی بھی یہ ایک گزرگاہ ہے۔

عطر کے دکان داروں کے مطابق یہ ’زیرزمین‘ گلی سنہ 2000 میں بنی تھی اور رفتہ رفتہ یہ خیبرپختونخوا میں عطر بیچنے والی سب سے پہلی اور بڑی گلی بن گئی۔ اگرچہ پشاور میں اکا دکا جگہوں پر عطر کی بعض اور دکانیں بھی ہیں لیکن اس جگہ کی خاصیت یہ ہے کہ یہاں ایک پوری گلی عطر کی دکانوں کی ہے۔

ان دکانوں میں نہ صرف مشہور عطر ملتا ہے بلکہ گھر اور دفتر کو معطر رکھنے کے لیے کوئلے یا الیکٹرک سے عطر کا دھواں پھیلانے کا سامان بھی موجود ہے۔ اکثر لوگ دوست واحباب کو تحفہ دینے کے لیے بھی اس گلی کا رخ کرتے ہیں۔

اس گلی کے ایک تاجر ظہیراللہ نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ ’پرانے وقتوں میں صرف تین چار قسم کے عطر ہوا کرتے تھے جن کی خوشبو اس قدر تیز اور غیرمعیاری ہوتی تھی کہ لوگوں کے سر میں درد شروع ہوجاتا تھا۔‘

’لیکن اب تقریباً تمام برانڈز کے عطر دستیاب ہیں۔ اور لوگ میں دن بہ دن عطر خریدنے کا شوق بڑھتا جارہا ہے۔ وجہ یہ ہے کہ پرفیوم کی نسبت یہ کم پیسوں میں مل جاتا ہے اور دیرپا بھی ہوتا ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’اکثر لوگ پرانے وقتوں میں کہتے تھے کہ عطر صرف مردے کو نہلا کر ان کے اوپر لگایا جاتا تھا لہذا عطر کی ایک مخصوص خوشبو وہی احساس دلاتے ہوئے ایک عجیب نقاہت پیدا کرتی تھی۔‘

’اب تو ہم یہاں ڈرموں کے حساب سے بیچتے ہیں۔ یہ ہول سیل دکانیں ہیں۔ جن کو ہم پاکستان کی بڑی بڑی کمپنیوں سے خرید کرلاتے ہیں جبکہ بعض عطر ہم بیرون ممالک سے بھی منگواتے ہیں۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ملٹی میڈیا