جذباتی ہو کر غلطی کر دی: حرا مانی کی ’معافی‘

اداکارہ حرا مانی گذشتہ دو روز سوشل میڈیا پر موضوع بحث بنی رہیں جس کی وجہ دعا زہرہ کیس کے حوالے سے ان کا خیالات کا اظہار تھا۔

(تصویر: حرا مانی انسٹاگرام)

اداکارہ حرا مانی گذشتہ دو روز سوشل میڈیا پر موضوع بحث بنی رہیں جس کی وجہ دعا زہرہ کیس کے حوالے سے ان کا خیالات کا اظہار تھا۔

کراچی سے تعلق رکھنے والی دعا زہرہ نے لاہور کے نوجوان ظہیر احمد سے مبینہ طور پر ’پسند کی شادی‘ کی۔ اس شادی کے حوالے سے مختلف مقدمات عدالت میں زیر سماعت ہیں جن میں دعا کا شادی کے لیے کم عمر ہونا اور مبینہ طور پر اغوا کیے جانا، جیسے معاملات زیر غور ہیں۔

حرا مانی نے دعا اور ظہیر کے متعلق اپنی ’خواہش‘ کا اظہار کرتے ہوئے انسٹاگرام سٹوری پر لکھا تھا: ’میں چاہتی ہوں کہ دعا زہرہ اور ظہیر کبھی الگ نہ ہوں۔ اللہ تعالیٰ میری یہ دعا ضرور سنیں گے۔‘

اس بیان کے بعد اداکارہ کو سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

اب حرا مانی نے ایک ویڈیو پیغام جاری کیا ہے جس میں انہوں نے اپنے اس بیان پر ’سوری‘ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’میں دعا زہرہ، ان کے خاندان اور اپنی ساری عوام سے دل سے سوری کرتی ہوں، اپنی غلطی ماننے سے کوئی چھوٹا بڑا نہیں ہو جاتا۔‘

انسٹاگرام پر شیئر کیے گئے پیغام میں انہوں نے مزید کہا: ’دو دن پہلے میں نے دعا زہرہ اور ظہیر کے حق میں لکھ دیا تھا۔ مجھے تب تک بالکل پتہ نہیں تھا کہ یہ اغوا کا قصہ ہے اور دعا زہرہ کم عمر ہے۔ میں نے ان کے کچھ انٹرویوز اور یوٹیوبرز کی چیزیں دیکھ کر ایک رائے قائم کر لی جو کہ غلط تھی۔‘

’سوری کرنے میں کوئی مضائقہ نہیں ہے اور سوری کرنے سے کوئی چھوٹا بڑا نہیں ہو جاتا۔ میرے بہت سے فین ہیں جو مجھے سپورٹ کرتے ہیں اور عوام سے ہی سٹار ہوتا ہے، عوام کو ناراض کرنا مجھے نہیں آتا اور نہ ہی مجھ سے ہو گا، تو میں معذرت چاہتی ہوں اگر آپ لوگوں کو میری طرف سے تکلیف پہنچی ہے۔‘

آبدیدہ حرا مانی نے مزید کہا کہ ’سچ تو یہ ہے کہ مجھے بھی تکلیف پہنچی ہے، جب مجھے پتہ چلا کہ دعا زہرہ کا کیس کیا ہے، جب مانی نے مجھے سب بتایا اور دکھایا تو کافی پریشان ہو گئی دعا کے والدین کے لیے، کہ وہ کس کرب سے گزرے ہوں گے۔ میں بھی ایک بیٹی ہوں تو مجھے پتہ ہے کہ اگر میرے والد ہوتے تو وہ مجھے ایسے پریشان (جو کہ میں ابھی بھی ہوں) دیکھ کر کتنے دکھی ہوتے۔‘

’مجھے بہت لوگ کہہ رہے ہیں کہ ویڈیو نہیں بناؤ، اس پہ بات نہیں کروں مگر کیونکہ میرا انداز بہت فطری ہے اور میں عوام سے براہ راست بات کرنا چاہتی ہوں اپنے لوگوں سے، میرے قریبی لوگ بھی مجھ سے ناراض ہوئے، انہوں نے بھی مجھے کہا کہ تمہیں یہ نہیں لکھنا چاہیے تھا کیونکہ مجھے واقعی نہیں پتہ تھا۔‘

انہوں نے کہا کہ ’انسان جس بھی عہدے پر ہو، اگر اس نے غلطی کی ہے تو اسے معافی مانگنی چاہیے تو میں آپ سب اور دعا زہرہ کے والدین سے معافی مانگتی ہوں، یہ میری غلطی اور کم علمی تھی کہ میں نے جذباتی ہو کر یہ بات لکھ دی۔‘

’میں اداکار ہوں اس لیے جذباتی بھی ہوں لیکن جذبات ٹھیک جگہ استعمال کرنے چاہییں جو کہ میں کرتی بھی ہوں، فلاحی کاموں میں بھی حصہ لیتی ہوں، میں حساس اور جذباتی ہوں، ہو گئی غلطی مجھ سے، انسانوں سے غلطی ہو جاتی ہے۔ سب سے پہلے تو میں انسان ہوں۔ مجھ سے غلطی ہو گئی جس پر میں معذرت خواہ ہوں۔‘

حرا مانی کے اس اقدام کو ان کے مداحوں اور دیگر اداکاروں نے سراہا ہے۔

اداکار منیب بٹ نے لکھا: ’آپ نے اچھا قدم اٹھایا ہے۔‘

اداکار اور میزبان شفاعت سید نے تالیاں بجانے والا ایموجی شیئر کر کے حرا مانی کو سراہا۔

اداکارہ سونیا حسین نے تحریر کیا: ’ہم سب سے زندگی میں غلطیاں ہوتی ہیں مگر اب اس کے بارے میں مزید نہ سوچیں۔ آپ بہت پریشان لگ رہی ہیں۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی سوشل