شوبز جوڑوں کی محبت بھری سادہ سی شادیاں

حالیہ چار مہینوں میں پاکستان کے بہت سے فنکاروں نے شادی میں سادگی کو اپناتے ہوئے رسومات ادا کیں، وجہ کرونا وائرس بھی ہو سکتی ہے لیکن عموماً دیکھنے میں یہی آرہا ہے کہ شوبز ستارے سادگی سے شادی کی رسومات ادا کرنے کو ترجیح دے رہے ہیں۔

آغا علی اور حنا الطاف (دائیں)، صدف کنول اور شہروز سبزواری (بائیں) - (تصاویر: انسٹاگرام)

پاکستان کی شوبز انڈسٹری میں لو میرج کا رجحان تیزی سے فروغ پا رہا ہے کیونکہ فنکار ساتھ کام کرتے ہیں تو پہلے ان کے درمیان دوستی پھر انڈرسٹینڈنگ اور پھر محبت ہوجاتی ہے اور یوں اکثریت رشتے بنالیتی ہے۔ کچھ عرصہ سے یہ رجحان ماضی کی نسبت بہت بڑھ گیا ہے جس کی مثالیں حالیہ چار مہینوں میں ہونے والی شادیوں کو دیکھ کر دی جاسکتی ہیں، جہاں ملک کے نامور فنکاروں نے لو میرج کی ہے جن میں سجل علی اور احد رضا میر، آغا علی اور حنا الطاف، فریال محمود اور دانیال راحیل، صدف کنول اور شہروز سبزواری کے نام شامل ہیں۔ اداکارہ نمرہ خان بھی راجہ افتخار سے شادی کے بندھن میں بندھیں، لیکن یہ شادی ارینج میرج تھی۔

اہم بات یہ ہے کہ ان سب نے شادی میں سادگی کو اپناتے ہوئے رسومات ادا کیں، وجہ کرونا (کورونا) وائرس بھی ہو سکتا ہے لیکن عموماً دیکھنے میں یہی آرہا ہے کہ شوبز ستارے سادگی سے شادی کی رسومات ادا کرنے کو ترجیح دے رہے ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

حالیہ شادیوں کی بات کی جائے تو سب سے پہلے سجل اور احد کے نام آتے ہیں جنہوں ںے 14 مارچ 2020 کو شادی کی۔ ان کے درمیان کافی عرصے سے دوستی تھی۔ ان کی شادی ایسی شادی کہی جا سکتی ہے جس کا انتظار ان کے مداح بے صبری سے کر رہے تھے۔ اس جوڑی نے بھی نہایت ہی سادگی سے شادی کی، جس میں قریبی رشتے دار اور چند ایک دوستوں نے شرکت کی۔

سجل علی احد سے قبل فیروز خان کی منگیتر رہ چکی ہیں۔ ان کی شادی کی خبریں خاصی عام تھیں لیکن یہ رشتہ کن وجوہات کی بنا پر ختم ہوا اس پر آج تک نہ فیروز خان نے بات کی اور نہ ہی سجل علی نے ۔ ان دونوں کا رشتہ ختم ہونے کا اعلان خود فیروز خان نے کیا جبکہ سجل علی نے کبھی اس حوالے سے کوئی تبصرہ نہیں کیا۔ انہوں نے ایک مرتبہ صرف اتنا کہا تھا کہ جوڑے آسمان پر بنتے ہیں، انسان زمین پر جو مرضی سوچتا رہے ہوتا وہی ہے جو خدا کو منظور ہوتا ہے۔ یوں سجل علی اور فیروز خان دونوں زندگی میں آگے بڑھے، فیروز خان بھی شادی کے بندھن میں بندھ گئے اور سجل علی نے بھی احد کی صورت میں اپنا جیون ساتھی تلاش کر لیا۔

سجل علی اور احد رضا میر (تصویر: ٹوئٹر)


سجل علی اور احد رضا میر ڈرامہ سیریل 'یقین کا سفر' کے سیٹ پر ایک دوسرے سے ملے، دیکھتے ہی دیکھتے ان کی دوستی ہوئی اور دوستی محبت اور پھر شادی کے فیصلے میں بدل گئی۔ ان کی جوڑی کو عوام میں خاصی مقبولیت بھی حاصل ہے۔

اسی طرح معروف اداکارہ نمرہ خان جو کہ مختلف اوقات میں مختلف دوستیوں کے بندھن میں رہیں لیکن کبھی ان کا کوئی سیکنڈل سامنے نہیں آیا۔ انہوں نے 14 اپریل کو ارینج میرج کی۔ ان کی شادی میں بھی بہت زیادہ خرچہ نہیں کیا گیا اور عام شادیوں کی طرح کے ہی انتظامات رکھے گئے۔ نمرہ کے شوہر لندن پولیس میں ہوتے ہیں۔ نمرہ کے بقول انہوں نے اپنے شوہر کو شادی سے پہلے کبھی نہ دیکھا تھا اور نہ ہی وہ کبھی ان سے ملی تھیں جبکہ ان کے شوہر نے انہیں شوبز میں کام کرنے سے بالکل بھی منع نہیں کیا۔

نمرہ خان اور راجہ افتخار (تصویر: انسٹاگرام)


آغا علی اور حنا الطاف نے بھی 23 مئی کو سادگی سے شادی کی۔ حنا سے قبل آغا علی اداکارہ سارہ خان سے قریب تھے، تاہم بعدازاں یہ رشتہ ختم ہوگیا تھا۔ دونوں اداکاروں نے انسٹاگرام پر اپنی شادی کی تصاویر پوسٹ کرتے ہوئے بتایا تھا کہ کس طرح وہ پہلے ایک دوسرے سے نفرت کرتے تھے، جو بعد میں دوستی اور پھر محبت میں تبدیل ہوگئی۔ آغا علی اور حنا الطاف نے جمعتہ الوداع کو قریبی عزیزوں کی موجودگی میں نکاح کیا۔

آغا علی اور حنا الطاف (تصویر: انسٹاگرام)


چلبلی اداکارہ فریال محمود اور سیمی راحیل کے بیٹے دانیال راحیل بھی حال ہی میں شادی کے بندھن میں بندھے ہیں۔ ان کی شادی میں بھی قریبی لوگوں نے ہی شرکت کی۔ یوں کہہ سکتے ہیں کہ انہوں نے بھی سادگی سے نکاح کی رسم ادا کی۔ دونوں اداکاروں کی دوستی ایک سال پہلے ہوئی۔ دونوں ایک ساتھ دو تین پراجیکٹس میں کام کرچکے ہیں۔ تین ماہ قبل انہوں نے اعلان کیا کہ وہ جلد ہی شادی کے بندھن میں بندھنے والے ہیں۔ اپنے بیٹے کی شادی کے حوالے سے سیمی راحیل کہتی ہیں کہ ہم نے اپنے بیٹے کی پسند کو دل و جان سے قبول کیا ہے۔ بچوں کو حق حاصل ہے کہ وہ اپنی پسند کے مطابق شادی کریں۔

فریال محمود اور دانیال راحیل (تصویر: فیس بک)


31 مئی کو نامور ماڈل صدف کنول اور اداکار شہروز سبزواری شادی کے بندھن میں بندھے۔ ان کا نکاح بھی سادگی سے ان کی فیملی کی موجودگی میں ہوا۔شہروز صدف سے قبل سائرہ یوسف سے شادی کے بندھن میں رہ چکے ہیں اور ان کی ایک بیٹی بھی ہے۔ چھ ماہ پہلے دونوں نے ایک دوسرے سے علیحدگی اختیار کر لی تھی اور وجہ ان کے درمیان ہونے والے اختلافات تھے، جن کی وجہ ماڈل صدف کنول بتائی جا رہی تھیں لیکن شہروز کے والد بہروز سبزواری، صدف اور خود شہروز بھی اس بات کی تردید کرتے رہے اور کہتے رہے کہ 'ایسا کچھ نہیں ہے۔' اپنے ویڈیو پیغام میں شہروز نے یہ کہا تھا کہ صدف ان کی صرف دوست ہیں، اس سے بڑھ کر کچھ نہیں، لیکن دوستی کا یہ رشتہ شادی پر منتج ہوا۔

صدف کنول اور شہروز سبزواری (تصویر: انسٹاگرام)


یہ ہیں محبت کی وہ شادیاں جو نہایت ہی سادگی سے انجام پائیں۔ ان شادیوں نے ایک پیغام بھی دیا ہے کہ ضروری نہیں ہے کہ لوگوں کا ہجوم اکٹھا کیا جائے، شادی سادگی سے بھی انجام دی جا سکتی ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی بلاگ