عمران خان کے حلقے کی پہلی زپ لائن خواتین میں مقبول

پنجاب کے ضلع میانوالی کے علاقے داوُد خیل کی پہلی زپ لائن خواتین اور بچوں کے لیے تفریح کا انوکھا ذریعہ بن گئی ہے۔

میانوالی: بچے زپ لائن سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔ (تصویر: انڈپینڈنٹ اردو)

میانوالی میں سابق وزیر اعظم عمران خان کے حلقے کی پہلی زپ لائن خواتین اور بچوں کے لیے تفریح کا سبب بن رہی ہے جسے ٹورازم کارپوریشن آف پنجاب (ٹی ڈی سی پی) کی زیر نگرانی تعمیر کیا گیا ہے۔

عمران خان نے 2019 میں اپنے آبائی شہر میانوالی کے لیے آٹھ بڑے منصوبوں کی منظوری دی تھی۔ ان منصوبوں میں ایک پبلک پارک کی تعمیر بھی شامل تھی جسے اب مکمل کر لیا گیا ہے۔

اس پارک کی تعمیر دریائے سندھ کے کنارے داوُد خیل کے مقام پر کی گئی ہے جہاں ضلع میانوالی کی پہلی زپ لائن بھی لگائی گئی ہے۔

پارک میں سیر تفریح کی غرض سے اپنے خاندان کے ساتھ آئی ایک خاتون سیاح نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ ’میانوالی میں خواتین کی تفریح کے لیے کوئی مواقع نہیں تھے۔‘

خاتون بتاتی ہیں کہ ’یہاں زپ لائن جیسی سہولت خواتین کی تفریح کے لیے فراہم کی گئی ہے۔ یہاں پر بہت مزا آتا ہے، نیا، انوکھا تجربہ ہے۔‘

پارک میں کئی فیملیز اپنے بچوں کے ساتھ موجود تھیں جن کی توجہ کا مرکز زپ لائن ہی تھی۔

پارک پر تعینات ٹورازم آفیسر جلیل خٹک نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ ’میانوالی ایک خوبصورت ضلع ہے۔ یہاں کسی چیز کی کمی نہیں تھی۔ اگر کمی تھی تو وہ کسی سیر و سیاحت کے مرکز کی کمی تھی جہاں پر بچے اور فیملی جا کر سیر و سیاحت کر سکیں۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

جلیل کے مطابق ’عمران خان صاحب نے اس بات کو بہترین انداز میں سمجھا۔ ایک تو ان کا اپنا حلقہ تھا تو اس چیز کو انہوں نے سمجھا کہ ایک چیز کی کمی ہے تو وہ بھی پوری ہو جائے۔ تو اس منصوبے کو ٹی ڈی سی پی کے حوالے کیا گیا۔‘

ان کا کہنا ہے کہ ’یہ زپ لائن ضلع میانوالی کے لیے تو ایک عجوبہ ہے۔ ایک نئی چیز ہے۔ اسی چیز کو آپ دور جا کر جیسے ناران کاغان میں استعمال کرتے ہیں۔‘

جلیل کا ماننا ہے کہ ’ضلع میانوالی کے بچوں اور نوجوانوں کی خوش قسمتی ہے کہ یہاں پر زپ لائن لگی ہے۔ یہاں آئے روز سیاحوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔‘

’اگر آپ اس پر رائیڈ لیں تو جو رائیڈ لے رہا ہوتا ہے وہ مناظر سے بھی متاثر ہوتا ہے۔ اتنی خوبصورت جگہ ہے۔‘

انہوں نے بتایا کہ زپ لائن پر رائیڈ لینے سے پہلے سیاحوں کو ہیلمٹ پہنایا جاتا ہے اور حفاظتی اقدامات کی مکمل تسلی کر لی جاتی ہے۔

زیادہ پڑھی جانے والی ملٹی میڈیا