امریکہ یوکرین کو مزید 60 کروڑ ڈالر فوجی امداد دے گا

روس کے حملے کے بعد امریکہ نے یوکرین کو تقریباً 15.1 ارب ڈالر کی سکیورٹی امداد بھیجی ہے۔

امریکی وزیر خارجہ اینٹنی بلنکن پانچ اگست 2022 کو ویتنام میں ایک پریس کانفرنس کر رہے ہیں۔ (اے ایف پی)

امریکی محکمہ خارجہ کو وائٹ ہاؤس کی طرف سے بھیجے گئے دستاویزات کے مطابق روس کے خلاف جنگ میں یوکرین کی مدد کے لیے امریکہ مزید 60 کروڑ ڈالر کی فوجی امداد بھیجے گا۔

خبررساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق وائٹ ہاؤس نے کہا کہ محکمہ دفاع یوکرین کو21 ویں بار ہتھیار اور فوجی امداد بھیج رہا ہے۔

فوجی امداد کے حالیہ پیکیج میں اسی قسم کا گولہ بارود اور سازوسامان شامل ہوگا جس کی مدد سے یوکرینی افواج نے اپنے ملک کے مشرق اور جنوب کے کچھ حصوں میں روسی افواج کو شکست دی۔

وزیر خارجہ اینٹنی بلنکن نے کہا کہ یوکرین کے عوام قابل ستائش حوصلے اور عزم کے ساتھ اپنے وطن کا دفاع کر رہے ہیں اور اپنے مستقبل کے لیے لڑ رہے ہیں۔

انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ’ ہم جو امداد فراہم کر رہے ہیں اسے میدان جنگ میں نمایاں کامیابیوں اور ور وقت آنے پر مذاکرات کی میز پر یوکرین کا پلڑا بھاری رکھنے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔‘

خبررساں ایجنسی روئٹر کے مطابق امریکی صدر جو بائیڈن نے اپنی صدارتی ڈرا ڈاؤن اتھارٹی کا استعمال کرتے ہوئے اس امداد کی اجازت دی۔ اس اتھارٹی سے صدر کو امریکی اسلحے کے ذخیرے سے زائد ہتھیاروں کی منتقلی کی اجازت دینے کا اختیار حاصل ہوتا ہے۔

 پینٹاگون نے کہا کہ پیکیج میں ہائی موبلیٹی آرٹلری راکٹ سسٹمز (ہیمارس)، نائٹ ویژن گاگلز، کلے مور مائنز، مائن کلیئرنگ آلات، 105 ملی میٹر آرٹلری راؤنڈ اور 155 ملی میٹر پریسیژن گائیڈڈ آرٹلری راؤنڈ شامل ہیں۔

وائٹ ہاؤس کے میمو میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ یہ رقم فوجی تعلیم اور تربیت کے لیے استعمال کی جائے گی۔

روس کے حملے کے بعد امریکہ نے یوکرین کو تقریباً 15.1 ارب ڈالر کی سکیورٹی امداد بھیجی ہے۔

پینٹاگون نے کہا کہ کیئف میں جنگ کے تقاضوں کو پورا کرنے کے لیے امریکہ یوکرین کو اہم صلاحیتیں فراہم کرنے کے لیے اپنے اتحادیوں اور شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اے پی کے مطابق اس حالیہ فنڈنگ میں 2.2 ارب ڈالر کی طویل مدتی فوجی مالی امداد شامل ہے جس کا اعلان وزیر خارجہ اینٹنی بلنکن نے گذشتہ ہفتے دورہ یوکرین کے دوران کیا تھا۔

اسی دن یورپ میں امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن کی جانب سے 67.5 کروڑ ڈالر کے ہتھیاروں کے پیکج کا اعلان کیا گیا تھا۔

امریکہ نے کہا کہ  اینٹنی بلنکن نے کیئف میں جس 2.2 ارب ڈالر کا اعلان کیا ہے وہ نیٹو کے ارکان اور علاقائی سلامتی کے شراکت داروں سمیت یوکرین اور اس کے 18 ہمسایوں کے لیے ہے جو مستقبل میں روسی جارحیت کے خطرے سے دوچار ہیں۔

حالیہ پیکج سے امریکہ کی جانب سے یوکرین کو بھیجی جانے والی امداد کی کل رقم تقریباً 15.9 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔

شمال مشرقی یوکرین میں ماسکو کی حالیہ شکست، پانچ ماہ قبل کیئف کے نزدیکی علاقوں سے روسی فوجیوں کے انخلا کے بعد سب سے بڑی فوجی شکست ہے۔

اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ روس کے پاس اب بھی کافی فوجی اور وسائل موجود ہیں، یوکرین کے جوابی حملے پر نظر رکھنے والے امریکی حکام قبل از وقت فتح کے اعلان سے احتیاط کر رہے ہیں۔

اور وہ اس بات سے محتاط ہیں کہ روسی صدر ولادی میر پوتن حالات کا رخ تبدیل کرنے کے لیے کیا کر سکتے ہیں۔

لیکن امریکی رہنماؤں نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ امریکہ اور اتحادیوں کی جانب سے فراہم کردہ درست ہتھیار اور راکٹ سسٹم بشمول ہائی موبلیٹی آرٹلری راکٹ سسٹم اور تیز رفتار اینٹی ریڈی ایشن میزائل ڈرامائی تبدیلی کی عکاسی کر رہے ہیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا