ملکہ الزبتھ کے استعمال میں رہنے والی انمول اشیا

ملکہ الزبتہ ایک خوش لباس خاتون تھیں جو موقعے کی مناسبت سے پوشاک کا انتخاب کرتی تھیں، اور شوخ رنگ انہیں دوسروں سے منفرد بناتے میں مدد دیتے تھے۔

چھ نومبر، 2007 کی اس تصویر میں ملکہ الزبتھ اور ڈیوک آف ایڈنبرا شہزادے فلپ کو لندن کے ویسٹ منسٹر ہال میں دیکھا جا سکتا ہے(اے ایف پی)

ملکہ برطانیہ الزبتھ دوئم کی حکمرانی پچاس کی دہائی سے 2022 تک قائم رہی اور اس دوران ان کا سٹائل تبدیل ہوتا رہا، لیکن ان کا لباس ہمیشہ پروقار اور مکمل ہوتا اور وہ قیمتی جواہرات، مہنگے بیگز اور ڈیزائنرز کے کپڑوں کے ساتھ وہ ہر جگہ منفرد نظر آتی تھیں۔

معروف برانڈ ’کیسریا‘ کی سربراہ آمنہ کے مطابق ملکہ الزبتھ ہمیشہ ایک سٹائل آئیکون تھیں، جبکہ ملکہ کی بہو کاؤنٹس آف ویسکس صوفی کے مطابق ان کا لباس ایسا بنایا جاتا تھا کہ وہ لوگوں میں منفرد نظر آئیں۔

ملکہ کی ذاتی کلیکشن میں ہیرے جواہرات، لباس، جوتے، ٹوپیاں اور سکارفز کی ایک بہت بڑی تعداد موجود تھی۔

سب سے پہلے اگر ان کے تاج کی بات کی جائے تو کراؤن جیولز ایک بادشاہ یا ملکہ سے آگے منتقل ہوتے ہیں۔

ملکہ الزبتھ نے اپنی تاج پوشی کی تقریب میں امپریل سٹیٹ کراؤن پہنا، جو پندرھویں صدی سے برطانوی شاہی خاندان کا حصہ ہے۔ اس تاج میں مخمل، سونا، چاندی، پلاٹنیم، ہیرے، روبی اور سفائر لگے ہوئے ہیں۔

اس کے علاوہ سینٹ ایڈورڈ کراؤن کو بھی ملکہ نے بہت سی اہم تقریبات میں اپنے سر کی زینت بنایا، جبکہ ان کا ایک ہیروں سے بنا تاج جارج چہارم سٹیٹ ڈایاڈیم کے نام سے جانا جاتا ہے۔

مہشور زمانہ ہیرا کوہ نور کوئن مدر کے تاج میں جڑا ہوا ہے۔

ملکہ کے پاس ٹیارا (چھوٹے اور کم وزن تاجوں) کی بھی ایک بڑی کلیکشن تھی، جس میں کوئین میری ٹیارا، گرلز آف گریٹ بریٹن اور آئرلینڈ، گرینڈ ڈچز ولادی میر، کیمبرج لور ناٹ، کوئین الیگزینڈرا کوکوشنک، کارٹیر ہالو، گریویلی اور دیگر چھوٹے تاج شامل ہیں، جو ملکہ نے تحفے کے طور پر اپنے بیٹوں کی بیگمات اور ان کے بچوں کی بیگمات کو دے رکھے تھے۔

ملکہ برطانیہ کی بیٹی این اور بہن شہزادی مارگریٹ بھی یہ زیورات استعمال کرتی رہی ہیں۔  

شہزادی ڈیانا، شہزادی فرگوسن، شہزادی کیٹ اور شہزادی میگھن اور اب کوئین کمیلا بھی ان ہی کے دیے ہوئے تاج مختلف تقریبات میں پہنتی رہی ہیں۔

یہ سب ملکہ کی ذاتی کلیکشن تھی جبکہ کچھ انہیں ان کے آبا و اجداد سے ملے۔

شاہی تاجوں کی اقسام

کراؤن ، ڈیاڈیمنز اور ٹیاراز میں فرق ہوتا ہے۔

کراؤن ٹوپی کے اوپر بنایا جاتا ہے اور سارے سر کو ڈھانپتا ہے اور اسے ملکہ اور بادشاہ پہنتے ہیں۔

ڈیاڈیمنز مکمل جواہرات سے بنایا جاتا ہے، جس میں کوئی کپڑا (مخمل) استعمال نہیں ہوتا، جبکہ یہ شکل میں گول اور سائز میں چھوٹا ہوتا ہے۔

اگر ہم ٹیاراز کی بات کریں تو یہ ہیئر بینڈ کی طرح سیمی سرکل (آدھے دائرے کی طرح) ہوتے ہیں۔

 کوئین الزبتھ زندگی کی آخری دہائی میں کوٹ نما لباس زیب تن کرتی تھیں، جس میں ہیٹ، دستانے، بروچ اور پرل کی جیولری لازمی جزو تھے۔

ضعیف العمری کی وجہ سے وہ جوتے ہمیشہ ایک ہی سٹائل کے پہنتیں اور اکثر ان کا رنگ کالا ہوتا تھا۔

کیپ اور ہیٹ ہر لباس کے ساتھ میچنگ رنگ میں ہوتا جبکہ مختلف موقعوں پر انہوں نے سر پر سکارف بھی زیب تن کیا۔

انہوں نے نیٹ، شیفون، پولکا ڈاٹس اور چیک والے ڈیزائن بہت شوق سے پہنے جبکہ گھڑ سواری کرتے وقت ملکہ پینٹ شرٹ زیب تن کرتی تھیں اور سردیوں میں فر اور اونی کیپ ان کا انتخاب ٹھہرتا تھا۔

سرکاری تقریبات اور نجی ڈنرز میں وہ گاؤنز اور جیولری پہنتیں، جن میں گھڑی، ہار، ٹاپس انگوٹھی اور تاج شامل ہوتے۔

ملکہ کے نیکلس

ان کے مشہور ہاروں (نیکلس) میں دہلی دربار نیکلس، کراؤن روبی نیکلس، وکٹورین سفائر اینڈ ڈائمنڈ سیٹ، تین لڑی والا پرل سیٹ، پرل چوکر اور 26 ڈائمںڈ والا نیکلس، جس کا سب سے بڑا ہیرا لاہور ڈائمنڈ کہلاتا ہے، شامل ہیں۔

اس کے علاوہ کنگ فیصل نیکلس، فیسٹون نیکلس، روبی فلورل نیکلس، نظام حیدرآباد نیکلس بھی مشہور ہیں۔

ملکہ الزبتھ کے کچھ زیورات اب ٹاور آف لندن میں موجود ہیں اور ان کو عام عوام بھی دیکھ سکتے ہیں۔

جوتے

آنجہانی ملکہ کے جوتوں کی بات کریں تو وہ زیادہ تر پمپس پہنتی تھیں جبکہ چمڑے کے جوتے، لانگ بوٹس اور لوفرز بھی ان کے پیروں کی زینت بنتے تھے۔

بروچز

بروچ کا شمار ملکہ کی پسندیدہ جیولری میں ہوتا تھا، جو وہ موقعے کی مناسبت سے اپنے بائیں کندھے کے نیچے سامنے کی طرف لگاتی تھیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ان کے بروچوں کی کلیکشن میں سفائر بروچ، تتلی والا بروچ، آرٹ ڈیکو بروچ، ملیٹ بروچ، فلاور باسکٹ بروچ، کولی نن بروچ، ہارٹ ڈائمنڈ بروچ، ڈائمنڈ بار بروچ، لندن بروچ، کوئن وکٹوریہ بروچ، پرل بروچ، سپرے بروچ اور میپل لیف بروچ قابل ذکر ہیں۔

ملکہ الزبتھ اکثر ڈائمنڈ کے بروچ اور پرل کے ہار میں نظر آتی تھیں جبکہ ایک جوان شہزادی کے طور پر انہوں نے فلورل ٹی ڈریسز اور پیلٹڈ ڈریس پہنے۔

جیولری سیٹ

کوئین کے پاس جیولری سیٹس بھی تھے، جو گلے کے ہار، ٹاپس، بریسلٹ اور نیکلس پر مشتمل ہوتے ہیں۔

ان سیٹس میں برازیل سیٹ، جارج سکس وکٹورین، کوئن الیگزینڈرا، دبئی سفائر اور ایمرلڈ ٹیسل سیٹ نمایاں ہیں۔

ملکہ کے پاس 98 بروچ، 46 نیکلس، 34 ٹاپس، 15 انگوٹھیاں، 14 گھڑیاں، پانچ لاکٹ اور 16 چھوٹے تاجوں تھے کے علاوہ 300 سے زیادہ زیورات تھے۔

گاونز

ان کا شادی کا گاون نورمن ہرٹنیل نے ڈئزائن کیا تھا، جس پر پرل کرسٹل جڑے ہوئے تھے اور اس کے دامن کی لمبائی 13 فٹ تھی۔

ملکہ برطانیہ کی ڈے ٹو ڈے وارڈروب ہارڈز ایمز بناتے اور ہیٹس فیرڈکس فوکس تیار کرتے، تاہم بعد ازاں سیٹورٹ پروین اور انجیلا کیلی نے یہ فرائض انجام دیے۔

ہینڈ بیگز

کوئین نے 50 سال لونر کے بیگ اور اینولواینڈ ڈیویڈ کے لوفرز پہنے، اور یہ ان کا ٹریڈ مارک سٹائل تھا۔

ملکہ کی آخری تصویر میں بھی لونر بیگ ان کے ہاتھ میں دیکھا جا سکتا ہے۔

ملکہ برطانیہ کے لباس میں ایک سیگنچر ہمیشہ دیکھنے میں آیا، جس میں بائیں ہاتھ میں ہینڈ بیگ کا اٹھانا تھا۔

1950 سے شاہی خاندان لونر کمپنی کے بیگز استعمال کررہا ہے۔ یہ کمپنی سال میں صرف 150 پرس بناتی ہے، جبکہ ملکہ برطانیہ کے لئے خصوصی بیگ بنائے جاتے تھے۔

سکارف

ملکہ الزبتھ اکثرارمیس اور بربری کے سکارفز میں بھی نظر آتی تھیں۔

گھڑیاں

ملکہ کی ذاتی کلیکشن میں کارٹیر، پاتک فلپ اور اومیگا کی بیش قیمت 14 گھڑیاں بھی شامل تھیں، جن میں ڈائمنڈ لگے ہوئے ہیں۔

کوئین ایک بہت بااثر شخصیت تھیں، ان کی وفات کے بعد ان کی چیزیں برطانیہ کے شاہی خاندان ونڈسر فیملی کو منتقل ہوں گی۔

 ہیلو پاکستان اور گرازیہ پاک کی پبلشر زہرا سیف اللہ کہتی ہیں کہ ’شاہی خاندان کا فیشن اپنی مثال آپ ہے، اور ملکہ اپنے وقت سے آگے تھیں، ان کا فیشن بہت بہترین تھا۔‘

گزشتہ دو دہائیوں کے دوران انجیلا کیلی، پرسنل اسسٹنٹ، ایڈوائزر، اور سٹیورٹ پروین ان کی ڈریسنگ میں معاونت کرتی رہی۔

ان کی پوتی شہزادی بیترس نے ان کا ہی لباس 2020 میں پہنا، جو اس بات کا عکاس ہے کہ ان کی فیشن سے متعلق سمجھ بوجھ بہترین تھی۔

ڈریس کوٹ

ملکہ نے ہمیشہ سمارٹ ڈریس کوٹ پہنے، جبکہ پگڑی والی ٹوپی کو بھی کئی مرتبہ اپنے سر پر رکھا۔

زندگی کے اوائل میں ملکہ کے کورٹ ڈریسز نورمن ہیرٹنل او ہارڈی ایمیز نے بنائے اور حالیہ سالوں میں وہ انجیلا کیلی کے ملبوسات میں نظر آئیں۔

ان کی ہیٹس اور کیپس کی بات کی جائے تو انہوں نے ہر سٹائل کے ہیڈ وئیر پہنے۔ اس پر جواہرات پھول پر لگے ہوتے۔ انہوں نے اپنی زندگی میں رائل ملیر، ریچل ٹرور مورگن کے بنائے ہوئے ہیٹس کیپ پہنے۔ ان کی وفات سے ایک گہرا خلا پیدا ہوگی وہ خاندانی اقدار اور بہترین طرز حکمرانی کی امین تھیں۔

ظاہر رحیم تولہ پاکستان کی فیشن انڈسٹری کا بڑا نام ہیں، وہ کہتے ہیں کوئین الزبتھ نے ہمیشہ ایسا لباس پہنا جس سے برٹش کلچر کی جھلک نظر آتی تھی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملکہ کا لباس ہمیشہ سفارت کاری کے مطابق ہوتا، جس میں رنگوں اور جیولری کا انتخاب ایونٹ کے مطابق کیا جاتا تھا۔

ظاہر رحیم کے خیال میں لباس میں شوخ رنگوں کے انتخاب کے باعث ملکہ ہجوم میں بھی الگ نظر آئیں، جبکہ ان کا لونرز کا بیگ، پرم پومز، ہرلومز بروچ ان کو عالمی شخصیات میں ممتاز بناتے تھے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی سٹائل