’خود پرست‘ بابر اعظم کو سوریا کمار یادیو نے پیچھے چھوڑ دیا

بابر اعظم کی اس تنزلی کی وجہ ان کا حالیہ خراب فارم ہے جس کا سلسلہ ایشیا کپ سے شروع ہو اور اب انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھی جاری رہا ہے۔

ایشیا کپ فائنل میں سری لنکا کی وکٹ لینے کے بعد بابر اعظم خوشی کا اظہار کرتے ہوئے (تصویر: اے ایف پی)

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی تازہ ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں انڈیا کے سوریا کمار یادیو پاکستان کے بابر اعظم کو پیچھے چھوڑ کر تیسرے نمبر پر آگئے ہیں۔

بابر اعظم کی اس تنزلی کی وجہ ان کا حالیہ خراب فارم ہے جس کا سلسلہ ایشیا کپ سے شروع ہو اور اب انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھی جاری رہا ہے۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری ہونے والی ٹی ٹوئنٹی بلے بازوں کی رینکنگ کے مطابق بابر اعظم اس فہرست میں تیسرے سے چوتھے نمبر پر آ گئے ہیں جبکہ سوریا کمار یادیو تیسری پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔

رینکنگ میں پاکستان کے اوپنر محمد رضوان بدستور پہلے نمبر پر موجود ہیں۔

ایشیا کپ کا فائنل ہارنے کے بعد انگلینڈ کے دورہ پاکستان کی شروعات بھی پاکستانی شائقین کے لیے کچھ زیادہ مختلف نہیں تھی۔

کراچی میں منگل کو کھیلے گئے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ سے قبل مداحوں کو امید تھی کہ ہوم گراؤنڈ پر بابر اعظم کی فارم واپس آجائے گی مگر ایسا ہو نہ سکا۔

بابر اعظم ایشیا کپ کے چھ میچوں میں صرف 68 رنز ہی بنا پائے تھے جبکہ انگلینڈ کے خلاف پہلے میچ میں انہوں نے 31 رنز کی اننگز کھیلی۔ یہی وجہ ہے کہ وہ ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں نیچے آ گئے ہیں۔

دوسری جانب ان کی جگہ لینے والے سوریا کمار یادیو نے ایشیا کپ کے پانچ میچوں میں 139 اور آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میں 46 رنز بنائے جو انہیں ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں تیسرے نمبر پر لے گئی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

بابر اعظم کی رینکنگ میں تنزلی اور محمد رضوان کی عمدہ فارم کو دیکھ کر سوشل میڈیا صارفین دو حصوں میں بٹ گئے ہیں جن میں سے کچھ بابر اعظم اور محمد رضوان کی جوڑی کو سراہ رہے ہیں تو بعض مڈل آرڈر کی خراب کارکردگی کا ذمہ دار اسی جوڑی کو ٹھرا رہے ہیں۔

کنول آفتاب نے انگلینڈ کے خلاف میچ کے بعد ٹویٹ میں لکھا کہ ’آج پھر بابر اور رضوان نے مڈل آرڈر پر سلو رن ریٹ کے باعث پریشر ڈالا۔‘

کرکٹولوجسٹ اپنی ٹویٹ میں کہتے ہیں کہ ’بابر اعظم خود پرست ہیں، آپ لیجنڈ نہیں ہو سکتے اگر آپ مطلبی ہو۔ شان مسعود کو برباد کیا جا رہا ہے صرف بابر اور رضوان کی رینکنگ کے چکر میں۔‘

ایک اور صارف کا بھی یہی کہنا تھا کہ ’رضوان اور بابر صرف رینکنگز کے لیے کھیل رہے ہیں، بجائے اس کے کہ انفرادی طور پر نمبر ایک ہوں ٹیم کو نمبر ایک پر ہونا پڑے گا۔‘
جہاں کئی صارفین نے بابر اور رضوان کو آڑے ہاتھوں لیا وہیں کچھ نے ان کا دفاع بھی کیا۔

راز خان اپنی ٹویٹ میں لکھتے ہیں ’کیا آپ سوچ سکتے ہیں کہ لوگ بابر اور رضوان کے پیچھے پڑ گئے ہیں، یہ دونوں نہ ہوتے تو ہم سپر 8 بھی نہ کھیل پائیں۔‘

حفصہ نے مڈل آرڈر کے بارے میں بات کرتے ہوئے لکھا کہ ’ہم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ضرور ہار جائیں گے، اگر مڈل آرڈر ٹھیک نہ ہو، کیا محمد رضوان اور بابر پوری ٹیم کی ذمہ داری بھی اٹھائیں اور میچ بھی جیتیں؟ نہیں۔ یہ شرم کی بات ہے۔‘

ساج صادق نے انگلینڈ کے سابق کپتان ناصر حسین کی کہی ہوئی بات بیان کی جہاں وہ کہ رہے تھے کہ ’شان مسعود اچانک سے چوتھے نمبر پر کھیلنے آگئے، اس کی کوئی تک نہیں بنتی کہ وہ تب کھیلنے آئیں جب پانچ اوور باقی ہوں، وہ فنشر نہیں ہیں، ٹاپ آرڈر بیٹسمین ہیں۔‘

زیادہ پڑھی جانے والی ٹرینڈنگ