سپین: خواتین فٹ بال کھلاڑی کوچ کی وجہ سے ٹیم چھوڑنے کو تیار

سپین کی خواتین فٹبال ٹیم کی 15 کھلاڑیوں نے فیڈریشن کو لکھی گئی ای میلز میں کوچ جارج ولڈا کو برطرف کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

ہسپانوی فٹ بال فیڈریشن کے مطابق بیلن ڈی اور نامی فٹ بال کے مقابلوں کی فاتح الیکسیا پوٹیلس (گھٹنا ٹیکے ہوئے) کوچ جارج ولڈا کے خلاف ای میل بھیجنے والی 15 خواتین کھلاڑیوں میں شامل نہیں ہیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)

ہسپانوی فیڈریشن کی جانب سے کوچ میں تبدیلی کے مطالبے کو مسترد کیے جانے کے بعد امکان ہے کہ فٹ بال کی 15 خواتین کھلاڑی سپین کی قومی ٹیم چھوڑ دیں گی۔

امریکی خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق فیڈریشن نے کہا ہے کہ اسے 15 کھلاڑیوں کی جانب سے موصول ہونے والی ای میلز میں کہا گیا ہے کہ اگر کوچ جارج ولڈا کو برطرف نہیں کیا گیا تو وہ ٹیم چھوڑ دیں گی۔

فیڈریشن نے کہا کہ کھلاڑیوں کے مطابق اس صورت حال نے ان کی ’جذباتی حالت‘ اور صحت کو ’نمایاں‘ طور پر متاثر کیا ہے۔

فیڈریشن نے ’صورت حال‘ کی وضاحت نہیں کی اور نہ ہی ان کھلاڑیوں کے نام بتائے جنہوں نے یہ مطالبہ کیا تھا۔

ہسپانوی میڈیا کے مطابق بیلن ڈی اور نامی فٹبال کے مقابلوں کی فاتح الیکسیا پوٹیلس ان میں شامل نہیں تھیں۔

فیڈریشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’فیڈریشن کھلاڑیوں کو قومی کوچ اور کوچنگ سٹاف پر سوال اٹھانے کی اجازت نہیں دے گی کیونکہ یہ ان کی ذمہ داری نہیں ہے۔ اس قسم کی حرکات نقصان دہ ہیں اور یہ فٹ بال اور کھیلوں کی اقدار کے اندر نہیں ہیں۔‘

اس نے اپنے بیان میں لکھا: ’ہسپانوی قانون کے مطابق قومی ٹیم کی کال کو قبول نہ کرنا ایک سنگین خلاف ورزی سمجھا جاتا ہے، جس سے دو سے پانچ سال کے درمیان پابندیاں عائد ہوسکتی ہیں۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

فیڈریشن کا مزید کہنا ہے کہ وہ ان کھلاڑیوں کے خلاف پابندیوں کا مطالبہ نہیں کرے گی، لیکن جب تک وہ ’اپنی غلطی کا اعتراف نہیں کرتے اور معافی نہیں مانگتے‘ انہیں دوبارہ منتخب نہیں کیا جائے گا۔

بیان میں کہا گیا کہ قومی ٹیم کو ایسے پرعزم کھلاڑیوں کی ضرورت ہے جو فخر کے ساتھ ہسپانوی جرسی کے رنگوں کا دفاع کریں۔

ولڈا نے ہسپانوی میڈیا کو بتایا کہ کھلاڑیوں کی جانب سے کچھ چینجنگ روم کوڈز کو توڑا گیا تھا، تاہم انہوں نے اس کی تفصیل نہیں بتائی۔

ان کھلاڑیوں نے حال ہی میں ایک نیوز کانفرنس میں کہا تھا کہ وہ قومی ٹیم میں کچھ تبدیلیاں دیکھنا چاہتی ہیں لیکن انہوں نے ولڈا کی برطرفی کا مطالبہ نہیں کیا تھا۔

فیڈریشن کے صدر لوئس روبیالس ایک سخت گیر کے طور پر جانے جاتے ہیں اور اکثر سپین میں دیگر فٹ بال حکام کے ساتھ ان کے اختلافات رہتے ہیں۔

فیڈریشن کی صدارت سنبھالنے کے بعد انہوں نے 2018 کے ورلڈ کپ سے کچھ دن پہلے ہی مردوں کی قومی ٹیم کے کوچ جولین لوپیٹگوئی کو پیشگی اطلاع کے بغیر ریئل میڈرڈ کے ساتھ ملازمت اختیارکرنے پر برطرف کردیا تھا۔

ولڈا نے 2015 میں اگناسیو کوریڈا کی جگہ خواتین کی قومی ٹیم کی ذمہ داری سنبھالی تھی، جن پر بعد میں کچھ کھلاڑیوں نے زبانی بدسلوکی کا الزام عائد کیا تھا۔

سپین رواں سال ویمنز یورپین چیمپیئن شپ کے کوارٹر فائنل میں انگلینڈ سے ہار گیا تھا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی فٹ بال