انگلینڈ کی پاکستان، انڈیا ٹیسٹ سیریز کی پیشکش

انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے نائب چیئرمین مارٹن ڈارلو نے پاکستان کے خلاف جاری ٹی 20 سیریز کے دوران پاکستان کرکٹ بورڈ سے اس بارے میں بات کی ہے۔

پاکستان اور انڈیا کے درمیان حال ہی میں ایشیا کپ کے دوران دو میچز کھیلے گئے ہیں (اے ایف پی)

انگلینڈ نے پاکستان اور انڈیا کو نیوٹرل مقام یعنی انگلینڈ میں ٹیسٹ سیریز کھیلنے کی پیشکش کی ہے۔

پاکستان اور انڈیا ویسے تو آئی سی سی ٹورنامنٹس اور ایشیا کپ میں ایک دوسرے کے خلاف کھیلتے رہے ہیں مگر دونوں ٹیموں کے درمیان تقریباً 15 سالوں سے دو طرفہ کرکٹ نہیں کھیلی جا سکی ہے۔ تاہم اب برطانوی اخبار دی ٹیلی گراف کے مطابق انگلینڈ نے پاکستان اور انڈیا کو اس کی سرزمین پر ٹیسٹ سیریز کھیلنے کی پیشکش کی ہے۔

دی ٹیلی گراف کے مطابق انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے نائب چیئرمین مارٹن ڈارلو نے پاکستان کے خلاف جاری ٹی 20 سیریز کے دوران پاکستان کرکٹ بورڈ سے اس بارے میں بات کی ہے۔

انہوں نے مستقبل میں پاکستان اور انڈیا کے درمیان تین ٹیسٹ میچ انگلینڈ میں کرانے کی پیشکش کی ہے۔

یہ بات معلوم ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ فی الحال کسی نیوٹرل مقام پر انڈیا کے خلاف کھیلنے کو تیار نہیں ہے، تاہم اس نے انگلش کرکٹ بورڈ کی پیشکش پر اس کا شکریہ ادا کیا ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

پاکستان کی نظر میں انگلینڈ میں انڈیا کے خلاف کھیلنا پیچھے کی جانب قدم ہو گا لیکن یہ نظریہ تبدیل ہو سکتا ہے اگر ایسے انداز میں میچ کرائے جائیں جن سے پاکستان کو پیسہ ملے۔

یاد رہے کہ پاکستان اور انڈیا نے 2007 کے بعد سے ٹیسٹ سیریز نہیں کھیلی ہے جبکہ دونوں ٹیموں کے درمیان وائٹ بال کرکٹ سیریز آخری بار 2012 میں کھیلی گئی تھی۔

دی ٹیلی گراف کے مطابق انڈیا کے لیے پاکستان کے خلاف کسی نیوٹرل مقام پر کھیلنا زیادہ قابل قبول ہو سکتا ہے۔

اس خبر کے سامنے آنے کے بعد ’پاکستان اینڈ انڈیا‘ اس وقت سوشل میڈیا پر ٹاپ ٹرینڈ بنا ہوا ہے، جہاں اس حوالے سے دونوں ممالک کے صارفین تبصرے کر رہے ہیں۔

کچھ انگلینڈ کی اس پیشکش کو خوش آئند قرار دے ہے ہیں تو کچھ کا کہنا ہے کہ ’پاکستان کو یہ پیشکش مسترد کر دینی چاہیے۔‘

جبکہ انڈین صارفین کی جانب سے ایسی ہی ٹویٹس زیادہ دیکھنے میں آ رہی ہیں جس میں وہ پاکستان سے نہ کھیلنے کا مشورہ دے رے ہیں۔

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ