ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ میں پاکستان کی دوسری جیت

پاکستان نے بنگلہ دیش کو باآسانی نو وکٹوں سے ہرا کر پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کر لی۔

28 مئی2022،  پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تیسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل ویمنز کرکٹ میچ کے دوران ڈیانا بیگ بولنگ کرتے ہوئے(اے ایف پی)

پاکستان کی ویمن کرکٹ ٹیم نے ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ میں پیر کو اپنے دوسرے میچ میں میزبان اور دفاعی چیمپئن بنگلہ دیش کو نو وکٹوں سے باآسانی شکست دے دی۔

پاکستان کی اوپننگ بلے بازوں نے اچھا آغاز فراہم کیا اور انچاس کے سکور پر پہلی وکٹ منیبہ علی کی گری، جنہوں نے 19 گیندوں پر 14 رنز سکور کیے۔

وہ سلمیٰ خاتون کی گیند پر وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئیں۔ منیبہ نے لیٹ کٹ کی کوشش کی لیکن کیپر کے ہاتھوں میں کیچ دے بیٹھیں۔

سدرا امین نے 36 رنز بنائے جبکہ ون ڈاؤن اور کپتان بسمہ رؤف نے وننگ چوکا لگا کر 12 بنائے۔

سدرا کو پلیئر آف دا میچ قرار دیا گیا۔ اس جیت سے پاکستان پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست آ گیا ہے۔

بنگلہ دیش نے آج پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 20 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 70 رنز بنائے۔

پاکستان کا بظاہر ٹاس جیت کر بنگلہ دیش کو بیٹنگ کروانے کا فیصلہ اچھا ثابت ہوا۔

پاکستانی بولنگ کے سامنے محض تین بنگلہ دیشی بیٹرز ہی 10 رنز سے اوپر سکور کر سکیں۔

ان میں سرفہرست سلمیٰ خاتون نے 24، نگار سلطانہ نے 17 جبکہ لتا مونڈل نے 12 سکور کیے۔

پاکستانی بولرز ڈیانا بیگ اور ندا ڈار کی زبردست بولنگ کے سامنے بنگلہ دیشی کھلاڑی نہ ٹھہر سکے۔

 ڈیانا نے 11 رنز اور ندا نے 19 رنز دے کر دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

سعدیہ اقبال اور اومیمہ سہیل نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔  

دونوں ٹیمیں اپنے پہلے مقابلے جیت کر اس معرکے میں اتری تھیں۔ پاکستان نے ملائیشیا کے خلاف نو وکٹوں سے جبکہ وہیں دفاعی چیمپیئن بنگلہ دیش نے تھائی لینڈ کو شکست دی تھی۔

پاکستان نے اتوار کو سلہٹ انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم (SICS) میں ملائیشیا کو نو وکٹوں سے شکست دے کر اے سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ میں بھرپور آغاز کیا تھا۔

بنگلہ دیش ٹیم ٹائٹل ہولڈر ہے اور ان سے توقع کی جا رہی تھی کہ وہ اپنی ساکھ برقرار رکھ پائے گی لیکن بظاہر ایسا نہیں ہوا۔

وہ مزید دو قیمتی پوائنس حاصل کرنے میں ناکام رہی۔

دوسری جانب پاکستان نے گذشتہ چند ماہ میں انفرادی پرفارمنس سے متاثر کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے لیکن ایک یونٹ کے طور پر اس نے اجتماعی طور پر مایوس کیا۔

اگرچہ وہ اس سال کے شروع میں ویمنز ورلڈ کپ میں مکمل طور پر بکھری ہوئی تھی، برمنگھم میں کامن ویلتھ گیمز 2022 میں بھی مختلف نہیں تھی کیونکہ وہ نہ صرف فائنلسٹ، انڈیا اور آسٹریلیا کے خلاف کمزور نظر آئی تھی بلکہ بارباڈوس کے ہاتھوں بھی شکست کھائی۔

بسمہ معروف کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ ان کی زیر قیادت پاکستان کھیل کے مختصر ترین فارمیٹ میں اپنی صلاحیتوں، مہارت اور مزاج کا مظاہرہ کرنے کے لیے بے چین ہے۔

سات ٹیموں پر مشتمل ٹورنامنٹ راؤنڈ رابن فارمیٹ پر مشتمل ہے جہاں ہر ٹیم سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے سے قبل ایک دوسرے کے خلاف کھیلیں گی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ٹورنامنٹ کا فائنل 15 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔ پاکستان کا روایتی حریف بھارت کے خلاف میچ سات اکتوبر کو شیڈول ہے۔

پاکستان نے 19-2018 میں ملائیشیا کے شہر کوالالمپور میں منعقدہ اے سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ کے آخری ایڈیشن میں تیسری پوزیشن حاصل کی تھی۔

ٹورنامنٹ کے میچ پی ٹی وی سپورٹس پر براہ راست نشر کیے جا رہے ہیں۔

پاکستان کے میچ:

چھ اکتوبر – بمقابلہ تھائی لینڈ

 سات اکتوبر – بمقابلہ بھارت

نو اکتوبر – بمقابلہ متحدہ عرب امارات

11 اکتوبر – بمقابلہ سری لنکا

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ