’خواتین کا استحصال‘: امریکہ نے طالبان پر مزید ویزہ پابندیاں عائد کر دیں

امریکہ نے طالبان حکومت کی طرف سے خواتین کی آزادی سلب کرنے اور لڑکیوں کی تعلیم کو روکنے جیسے معاملات پر طالبان کے موجودہ اور پرانے ممبران کو ویزوں کا اجرا روک دیا ہے۔

امریکی سیکریٹری خارجہ انٹونی بلنکن 5 اکتوبر، 2022 کو چلی میں پریس کانفرنس کے دوران (اے ایف پی)

امریکہ نے طالبان حکومت کی طرف سے ’خواتین کا استحصال‘ کرنے اور لڑکیوں کی تعلیم کو روکنے جیسے معاملات پر طالبان کے موجودہ اور پرانے اراکین کو ویزوں کا اجرا روک دیا ہے۔

انڈپینڈنٹ اردو نے تین روز قبل انکشاف کیا تھا کہ افغانستان میں طالبان کے 13 رہنما بشمول وزیر خارجہ امیر خان متقی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی جانب سے سفری اجازت میں گذشتہ اگست کے بعد توسیع نہ کرنے سے بیرون ملک جانے سے بدستور قاصر ہیں۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق امریکی وزیر خارجہ اینٹنی بلنکن نے ایک بیان میں کہا کہ یہ اقدام انسانی حقوق کی پامالی، خواتین اور لڑکیوں کی آزادی اور تعلیم میں رکاوٹ کے پیشِ نظر لیے گئے ہیں۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اینٹنی بلنکن نے طالبان سے متعلق نئی ویزہ پابندیوں کا اعلان اقوام متحدہ کے لڑکیوں کے عالمی تعلیم کے دن کیا۔

اس موقع پر بلنکن نے کہا، ’ایک افسوس ناک مثال کے طور پر، ایک سال سے زیادہ عرصے تک افغانستان دنیا کا واحد ملک ہے جہاں لڑکیوں کو چھٹی جماعت سے آگے سکول جانے سے روک دیا جاتا ہے، اور ان کی واپسی کی کوئی تاریخ نظر نہیں آتی۔‘

اس موقع پر انہوں نے ٹوئٹر میں ایک پیغام میں کہا کہ لڑکیوں کی تعلیم کے لیے امریکہ طالبان پر زور دیتا رہے گا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اگست 2021 میں دوبارہ اقتدار میں آنے کے بعد طالبان نے لڑکیوں کو سیکنڈری سکول جانے سے روک دیا ہے لیکن خواتین کو یونیورسٹی جانے کی اجازت ہے۔

دوسری جانب افغانستان کے لیے امریکہ کے خصوصی نمائندے تھامس ویسٹ نے افغان شہریوں کو طالبان سے بات کرنے پر زور دیا ہے۔ 

دو دن قبل تھامس ویسٹ نے ترکی میں افغان خواتین کے وفد سے ملاقات میں کہا کہ ’میں تمام افغانوں، چاہے وہ ملک میں ہوں یا ملک سے باہر، کو کہتا ہوں کہ اپنے آپ کو منظم کریں اور یک آواز ہو کر طالبان اور شہریوں سے اپنے بچوں اور خاندان کے روشن مستقبل کے لیے بات کریں۔‘

حال ہی میں کابل کے ایک تعلیمی ادارے میں ایک کلاس روم پر ہونے والے خودکش بم حملے میں درجنوں طالب علم ہلاک اور زخمی ہوئے جب وہ امتحانات کی تیاری کر رہے تھے۔

اقوام متحدہ کے مطابق اس حملے میں 53 طلبا ہلاک ہوئے جن میں 46 خواتین اور لڑکیاں شامل ہیں۔

حملہ آور نے یونیورسٹی میں داخلے کے امتحان کے لیے بنے ہال میں لڑکیوں کے سیکشن کے ساتھ خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا