’لیڈیز کو بھیجیں ہماری بے عزتی ہورہی ہے‘: جنرل فیض کی ویڈیو وائرل

پی ایم اے کاکول ری یونین میں لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید اور ڈرل انسٹرکٹرز کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔

لیفٹیننٹ جنرل فیض پی ایم اے کاکول کی ری یونین میں شریک ہیں جہاں ان کے بالوں کے بارے میں سٹاف کو احکامات دیے جا رہے ہیں کہ ’انہیں وحید مراد سے نجم سیٹھی بنائیں‘ (سکرین گریب)

حال ہی میں لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید اور ان کے ساتھ کے چند سینیئر افسران کی اپنے جونیئر افسران کے ساتھ ہنسی مذاق کی ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے۔

سوشل میڈیا صارفین اب سینیئر حکام کو پرانی یادیں تازہ کرتے ہوئے دیکھ رہے ہیں اور اس کو سراہ رہے ہیں۔

صحافی مطیع اللہ جان نے بھی ایک ویڈیو کلپ اپنے ٹوئٹر پر شیئر کرتے ہوئے لکھا: ’فوجی افسران کی یہ روایت ہے کہ وہ کاکول اکیڈمی میں اپنے سنہرے دنوں کی تربیت کو دوبارہ عملی جامہ پہنانے کے لیے کورس ری یونین کا انعقاد کرتے ہیں جہاں ڈرل انسٹرکٹر انہیں ’مستقبل میں واپس‘ آنے اور نئے سرے سے جینے کے لیے دوبارہ جنم لینے کا احساس دلانے کے لیے چیختے ہیں۔‘

ایک کلپ میں ڈرل انسٹرکٹر کو فیض حمید کو نائی کے پاس لے جانے کی ہدایت کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے جس میں وہ ان کے بال صحافی نجم سیٹھی جیسے کاٹنے کو کہ رہے ہیں (چونکہ سیٹھی کے سر پر بال نہ ہونے کے برابر ہیں اور فوج کے معاملے میں ان کی رائے عموماً سخت ہوتی ہے۔)

عبدالرحمٰن نامی صارف اپنی ٹویٹ میں لکھتے ہیں ’ ایڈجوٹینٹ پی ایم اے نے ڈرل سٹاف کو حکم دیا کہ جی سی فیض حمید کو حجام کی دکان پر لے جائیں اور اس کی شکل وحید مراد سے بدل کر نجم سیٹھی کر دیں۔‘

ایک اور کلپ میں لیفٹیننٹ جنرل فیض سمیت اعلیٰ فوجی افسران ڈرل ماسٹر کے ساتھ ہنسی مزاح کرتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔

اس ری یونین کا پس منظر کیا ہے؟

انسٹرکٹرز کی باتوں کو سنتے ہوئے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ جیسے آپ فوجیوں کی اصل ٹریننگ اور ڈرل سیشن دیکھ رہے ہیں، تاہم حقیقت میں یہ صرف ہنسی مزاح تک ہی محدود ہے۔

اس حوالے سے ریٹائرڈ کرنل خالد منیر نے انڈپینڈنٹ کو بتایا: ’یہ پاکستان فوج کی باوقار کاکول ملٹری اکیڈمی کی ایک روایت ہے کہ سنہری یادوں کو تازہ کرنے کے لیے سینیئر جنرلز اور آفیسرز کو جنٹلمین کیڈیٹس کے طور پر دوبارہ ملنے کی دعوت دی جاتی ہے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ان کا مزید کہنا تھا: ’تقریباً پچھلے 10 سالوں سے یہ روایت شروع ہوئی ہے اور جو افسران اپنی سلور جوبلی پوری کرلیں تو ان کو کاکول بلایا جاتا ہے۔‘

ان کے مطابق: ’انسان اپنا اچھا وقت وقت کبھی نہیں بھولتا اس کا صاف ثبوت یہ ویڈیو ہے جس میں فیض حمید جو کہ ہماری دلیر فوج کے ایک جنرل ہیں۔ یہ جب فوج میں آئے تو انہوں نے کیسے ٹریننگ حاصل کی ان دنوں کو یاد کر رہے ہیں۔‘

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کس ادب کے ساتھ تمام افسران پی ایم اے کاکول اکیڈمی کے سٹاف کی ہر بات مان رہے ہیں۔

بظاہر اپنی ڈیوٹی صحیح سے نہ کرنے پر ایک شخص ایک افسر سے پوچھ رہا ہے کہ مجھے آپ کہانی نہ سنائیں یہ بتائیں کہ آپ نے کام ٹھیک کیوں نہیں کیا۔

دوسری طرف جنرل فیض حمید سے کہا جاتا ہے کہ آپ اپنا رول نمبر بتائیں تو وہ فوراً سے بتا دیتے ہیں مگر پھر کہا جاتا ہے کہ تیز آواز میں کہو جس پر وہ اُونچی آواز میں دوبارہ سے رول نمبر دہراتے ہیں۔

اس موقع پر دیکھا جا سکتا ہے کہ آرمی افسران کے اہل خانہ بھی موجود تھے جو اس سب سے محفوظ ہو رہے تھے۔

زیادہ پڑھی جانے والی ٹرینڈنگ