’میرے بیٹے کا خیال رکھنا‘: کامیڈین طارق ٹیڈی چل بسے

فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے 46 سالہ طارق ٹیڈی نے بطور اداکار تھیٹر پر راج کیا اور کچھ عرصہ پہلے ہی انہوں نے انڈین پنجابی فلموں میں بھی کام شروع کیا تھا۔

ساتھی اداکاروں کے مطابق طارق ٹیڈی ایک خوش اخلاق اور بہادر انسان تھے۔ وفات سے قبل بھی وہ خوفزدہ نہیں تھے بلکہ مسکراتے رہے اور باتیں کرتے رہے (طارق ٹیڈی آفیشل فیس بک اکاؤنٹ)

معروف کامیڈین طارق ٹیڈی لاہور میں جگر کے عارضے میں مبتلا ہونے کے باعث ہفتے کی صبح اپنے پرستاروں کو ہمیشہ کے لیے سوگوار کر گئے۔ آخری دنوں میں ان کی رہائش لاہور کے علاقے علامہ اقبال ٹاؤن میں رہی۔

پنجاب کے شہر فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے طارق ٹیڈی نے بطور اداکار تھیٹر پر راج کیا۔ ان کی تھیٹر میں انٹری کسی بھی سٹیج ڈرامے کی کامیابی تصور ہوتی تھی۔

ان کے ساتھی اداکار اظہر علی نے بتایا کہ وہ ایک سال سے جگر کے مرض میں مبتلا تھے۔ انہیں پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ (پی کے ایل آئی) میں داخل کروایا گیا، جہاں وہ کچھ دن علاج کے بعد جگر کے ٹرانسپلاٹ سے قبل ہی جان سے چلے گئے۔

طارق ٹیڈی کی عمر 46 برس تھی۔ ان کی بیوی 16 سال قبل وفات پا چکی تھیں۔ ان کا ایک ہی بیٹا ہے، جسے وہ پیار سے سونو بلاتے تھے اور وفات کے وقت بھی انہیں بس اپنے بیٹے کی ہی فکر تھی۔

طارق ٹیڈی نے فیصل آباد میں مقامی تھیٹروں سے کام شروع کیا اور 2004 میں لاہور شفٹ ہوگئے۔ دیکھتے ہی دیکھتے ان کی مخصوص جگت بازی نے انہیں نمایاں مقام پر پہنچا دیا۔ چند سال بعد ہی پنجاب بھر کے تھیٹرز میں ان کی انٹری ڈرامے کی کامیابی تصور کی جاتی تھی۔

ساتھی اداکاروں کے مطابق وہ ایک خوش اخلاق اور بہادر انسان تھے۔ وفات سے قبل بھی وہ خوفزدہ نہیں تھے بلکہ مسکراتے رہے اور باتیں کرتے رہے۔

تھیٹر سے فلم کا سفر

طارق ٹیڈی کے ساتھی اداکار اظہر علی، جنہوں نے ان کے ساتھ آخری ایام گزارے، انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا: ’وہ کافی عرصے سے بیمار تھے مگر ظاہر نہیں ہونے دیتے تھے۔ میں نے انہیں زبردستی اپنے پاس رکھا ہوا تھا تاکہ ان کی دیکھ بھال کی جاسکے۔ ان کا بیٹا زیر تعلیم ہے تو دیکھ بھال کرنے کے لیے کوئی نہیں تھا۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اظہر کے بقول: ’انہوں نے کچھ عرصہ پہلے ہی انڈین پنجابی فلموں میں کام شروع کیا اور پذیرائی ملنے پر پانچ مزید فلموں میں انہیں سائن کرلیا گیا تھا۔ فلم ’ڈرامے والے لوگ‘ کی شوٹنگ کے لیے انہیں لندن جانا تھا لیکن بیماری کی وجہ سے نہیں جا سکے۔

’اس سے پہلے انہوں نے فلم ’سلاخیں‘ میں بھی کام کیا اور پانچ فلمیں انہیں مزید کرنا تھیں۔‘

طارق ٹیڈی کے ساتھی اداکار قیصر پیا کے مطابق انہوں نے آج ہفتے کی صبح ہی انہیں ملاقات کے لیے بلایا اور بیٹے کی ذمہ داری سونپی کہ ’میرے بیٹے کا خیال رکھنا۔‘

قیصر نے بتایا کہ طارق ٹیڈی بیوی کی وفات کے بعد بیٹے سے بہت محبت کرتے تھے اور انہیں فکر تھی تو اپنے بعد بس اپنے بیٹے کی تھی۔

طارق ٹیڈی تعلیم یافتہ نہ ہونے کے باوجود حاضر دماغ تھے اور ڈراموں میں سکرپٹ سے زیادہ ان کے اپنے ڈائیلاگ اور جگتیں شامل ہوتی تھیں۔

بقول قیصر: ’تھیٹر ڈرامے تو سینکڑوں کیے، اب تعداد بھی یاد نہیں۔ ہم شروع سے ہی اکھٹے کام کرتے رہے۔ وہ کسی سے نہ حسد کرتے تھے اور نہ ہی کسی کو نیچا دکھانے کی کوشش کرتے تھے۔ بس اپنے کام پر توجہ دیتے اور مصنوعی پن سے دور بھاگتے تھے۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی فن