راولپنڈی میں رنز کی بارش: انگلینڈ نے 112 سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا

انگلینڈ کی جارحانہ بلے بازی کا عالم یہ تھا کہ انہوں نے میچ کے پہلے 20 اوروں میں 140 رنز بنا ڈالے تھے جو ٹی 20 کا بھی اچھا سکور سمجھا جاتا ہے۔

دونوں انگلش اوپنرز نے پاکستان کے خلاف ٹیسٹ میچ کے پہلے ہی دن سنچریاں سکور کیں (اے ایف پی)

انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف راولپنڈی ٹیسٹ میں میچ کے پہلے ہی دن سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔

اس سے قبل آسٹریلیا نے جنوبی افریقہ کے خلاف 1910 میں سڈنی میں ٹیسٹ میچ کے پہلے دن 494 رنز بنائے تھے۔ اس میچ آسٹریلیا نے کل 528 رنز بنائے تھے اور جنوبی افریقہ کو فالو آن کروا کر ایک اننگز اور 114 رنز سے جیتا تھا۔

آج ہونے والے راولپنڈی ٹیسٹ میں ایک ہی دن میں چار انگریز کھلاڑیوں نے سینچریاں بھی سکور کیں۔

انگلینڈ کی جارحانہ بلے بازی کا عالم یہ تھا کہ انہوں نے میچ کے پہلے 20 اوروں میں 140 رنز بنا ڈالے تھے جو ٹی 20 کا بھی اچھا سکور سمجھا جاتا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ حال ہی میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ کے فائنل میں پاکستان نے اسی ٹیم کے خلاف 137 رنز بنا پایا تھا۔

اس کے علاوہ مہمان بلے بازوں نے مسلسل 40 اووروں تک چھ سے زیادہ کی اوسط برقرار رکھ کر ایک اور ریکارڈ قائم کیا۔

یہ ٹیسٹ میچ کے پہلے دن کا ریکارڈ ہے۔ کسی بھی دن کا ریکارڈ 588 رنز ہے جو برطانیہ ہی نے 1936 میں انڈیا کے خلاف مانچسٹر میں قائم کیا تھا۔

راولپنڈی ٹیسٹ میں زیک کرالی نے 109 کے سٹرائیک ریٹ کے ساتھ 122، بین ڈکٹ نے 97 کے سٹرائیک ریٹ کے ساتھ 107، اولی پوپ نے 103 کے سٹرائیک ریٹ کے ساتھ 108 اور ہیری بروک نے 124 کے سٹرائیک ریٹ کے ساتھ 101 رنز بنائے اور وہ ابھی کھیل رہے ہیں۔ 

اب تک آؤٹ ہونے والے کھلاڑیوں میں صرف جو روٹ سینچری نہ بنا سکے اور 23 رنز بنا کر زاہد محمود کا نشانہ بن گئے۔

شام 4:45 پر جب کم روشنی کے باعث میچ ختم کر دیا گیا تو برطانیہ نے 75 اووروں میں 506 رنز بنائے تھے اور اس کے چار کھلاڑی آؤٹ ہوئے تھے۔ اس اننگز کے دوران انگلش ٹیم کا رن ریٹ 6.67 رہا، جب انگلش بلے بازوں نے کل 73 چوکے اور تین چھکے لگائے۔

پاکستان کی طرف سے سب سے مہنگے بولر سعود شکیل ثابت ہوئے جنہوں نے دو اووروں میں 30 رنز دیے۔ زاہد محمود نے 23 اووروں نے 160 رنز دیے اور دو وکٹیں حاصل کیں۔

محمد علی نے 96 رنز دے کر ایک اور حارث رؤف نے 13 اووروں میں 78 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔

نسیم شاہ 15 اووروں میں 96 رنز دے کر کوئی وکٹ نہ حاصل کر سکے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ