’وزیراعلیٰ سندھ سے مشابہہ‘ رضاکار، جو ٹریفک بحال رکھتا ہے

کراچی کے رہائشی 56 سالہ زرین خان پچھلے چار سال سے ایمپریس مارکیٹ کے سگنل پر بغیر کسی معاوضے کے ٹریفک کو بحال رکھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

کراچی جہاں ملک کا سب سے بڑا شہر ہونے کا اعزاز رکھتا ہے، وہیں یہاں کا ٹریفک بھی ایک بڑا مسئلہ ہے۔ دن بہ دن شہر قائد میں گاڑیوں کی تعداد بڑھتی جارہی ہے اور ٹریفک پولیس پر بھی اس کا بوجھ بڑھ رہا ہے۔

ایسی صورت حال میں کراچی کے علاقے نارتھ کراچی کے رہائشی 56 سالہ زرین خان پچھلے چار سال سے ایمپریس مارکیٹ کے سگنل پر بغیر کسی معاوضے کے ٹریفک کو بحال رکھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو میں زرین خان نے بتایا کہ انہیں بچپن سے ہی لوگوں کی خدمت کرنا اچھا لگتا ہے اور ٹریفک میں پھنسی ایمبولینسوں کو نکالنا، ٹریفک کو بحال کرنا، بزرگوں اور بصارت سے محروم افراد کو سڑک پار کرانے جیسے کاموں سے لوگوں کی خدمت کرکے انہیں خوشی ہوتی ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

زرین خان نے یہ بھی بتایا کہ ان کی شکل وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے مشابہہ ہونے کی وجہ سے بھی وہ شہریوں میں کافی مقبول ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ابتدا میں جب انہوں نے سگنل پر ٹریفک کو بحال کرنے کا کام شروع کیا تو انہیں کافی مشکلات پیش آئیں کیونکہ جب وہ گاڑیوں کو سگنل پر روکتے ہیں تو یونیفارم نہ ہونے کی وجہ کافی لوگ ان کی بات نہیں مانتے تھے۔

زرین خان بتاتے ہیں کہ وہ روزانہ شام کو پانچ بجے سے لے کر رات تقریباً دس بجے تک اپنا کام پوری ایمانداری سے سرانجام دیتے ہیں اور سردی ہو یا گرمی، وہ اپنا کام مکمل کرکے ہی گھر جاتے ہیں۔

انہوں نے متعلقہ حکام سے اپیل کی کہ ان کے معاوضے کا بندوبست کیا جائے تاکہ ان کے گزر بسر میں آسانی ہو۔

ساتھ ہی انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی گاڑیاں احتیاط سے چلائیں، اپنے لائسنس، شناختی کارڈ اور کاغذات ساتھ رکھیں اور ٹریفک پولیس اہلکاروں کے ساتھ تعاون کریں اور ان کی عزت کریں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی میری کہانی