کراچی کے علاقے گلستان جوہر کی رہائشی صابرہ نے اپنی صلاحیتوں کو چار دیواری میں قید رکھنے کے بجائے ان کا استعمال کرتے ہوئے ’کارن ڈاگ‘ کے نام سے سٹریٹ فوڈ متعارف کروایا ہے۔
مکئی کے بُھٹوں (چھلیوں) پر چاول، مچھلی کا گوشت، موزاریلا چیز وغیرہ لگا کر پیش کیا جاتا ہے، اور اس آئٹم کو ’کورین کارن ڈاگ‘ کہتے ہیں۔
انڈپینڈنٹ اردو سے بات کرتے ہوئے صابرہ کا کہنا تھا کہ انہیں بچپن سے ہی کھانے بنانے کا شوق تھا، اور کورین کورن ڈاگ پہلی مرتبہ اپنے بچوں کے لیے گھر پر بنایا تو سب نے ان کے اس نئے آئٹم کی تعریف کی۔
اس کے بعد انہوں گلستان جوہر کامران چورنگی کے قریب اپنا سٹال لگایا جس میں ان کو مصطفٰی حنیف ٹرسٹ والوں نے سٹال لگا کر دیا اور کچھ چیزوں کا انتظام صابرہ نے خود کیا۔
انہوں نے اپنے کاروبار کو ’سنیکس ٹو نائٹ‘ کا نام دیا۔
انہوں نے بتایا کہ وہ کافی چیزیں گھر پر تیار کرتی ہیں، جبکہ کچھ کام پر اپنے سٹال پر بھی کرتی ہیں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ان کا سٹال شام چھ سے رات ایک بجے تک کھلا ہوتا ہے، جہاں ان کے دو بیٹے ان کی مدد کرتے ہیں۔
صابرہ نے مزید بتایا کے کراچی کے لوگوں نے ان کی بہت حوصلہ افزائی کی اور انہیں اس کام میں ابھی تک مشکلات پیش نہیں آئیں، اور گاہک بھی ان کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔
صابرہ کا کہنا تھا کہ خواتین کو ہمت سے کام لیتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کا استعمال کرنا چاہیے، اور بغیر کسی خوف کے اپنا کاروبار شروع کرنا چاہیے۔