خضدار دھماکے میں 13 افراد زخمی، دو کی حالت تشویش ناک: پولیس

تھانہ سٹی کے سٹیشن ہاؤس آفیسر (ایس ایچ او) محمد جان ساسولی نے انڈپینڈنٹ اردو کو تصدیق کی ہے کہ اس دھماکے میں زخمی ہونے والے 13 افراد میں سے دو افراد کی حالت تشویش ناک ہے۔

ایس ایچ او محمد جان ساسولی کے مطابق عمر فاروق چوک پر شام سات بج کر 30 منٹ پر خود ساختہ دھماکہ خیز مواد (آئی ای ڈی) کا دھماکہ ہوا جس میں 13 افراد زخمی ہوئے (عطر خان مینگل)

صوبہ بلوچستان کے ضلع خضدار کے تھانہ سٹی کی حدود میں عمر فاروق چوک کے قریب ایک دھماکے کے نتیجے میں 13 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

تھانہ سٹی کے سٹیشن ہاؤس آفیسر (ایس ایچ او) محمد جان ساسولی نے انڈپینڈنٹ اردو کو تصدیق کی ہے کہ اس دھماکے میں زخمی ہونے والے 13 افراد میں سے دو افراد کی حالت تشویش ناک ہے۔

ایس ایچ او محمد جان ساسولی کے مطابق عمر فاروق چوک پر شام سات بج کر 30 منٹ پر خود ساختہ دھماکہ خیز مواد (آئی ای ڈی) کا دھماکہ ہوا تھا۔

انہوں نے کہا کہ دھماکے کے نتیجے میں قریب کھڑی ریڑھیوں میں آگ بھڑک اٹھی اور واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا۔

ایس ایچ او محمد جان ساسولی کے مطابق جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کیے گیے ہیں۔

ایس ایچ او نے اس سوال پر کہ سوشل میڈیا پر دو دھماکوں کی خبر چل رہی ہے جواب دیا کہ دھماکہ ایک ہی تھا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے دھماکے میں شہریوں کے زخمی ہونے پر افسوس کا اظہار کیا اور خضدار کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی کے نفاز اور زخمیوں کو علاج کی بہترین سہولتوں کی فراہمی کی ہدایت کی۔

ایک جاری بیان کے مطابق انہوں نے پولیس اور انتظامیہ کو واقعے میں ملوث عناصر اور ان کے سرپرستوں کو قانون کی گرفت میں لانے کے احکامات جاری کیے۔

وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ خضدار شہر اور قومی شاہراہ کی سکیورٹی میں اضافہ کیا جائے اور دہشت گردوں کا پیچھا کرکے انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔

بلوچستان کے وزیر داخلہ میر ضیا اللہ لانگو نے خضدار میں ہونے والے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کرلی۔

وزیر داخلہ نے بتایا کہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے صورت حال کا جائزہ لے رہے ہیں اور صوبائی حکومت ’عوام کے ساتھ مل کر امن دشمن عناصر کا قلع قمع کرے گی۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان