امریکہ برفانی طوفان ’وائٹ آؤٹ‘ کی زد میں، لاکھوں افراد پھنس گئے

ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ بعض جگہوں پر اتنی شدید سردی ہے کہ باہر نکلنے والا کوئی بھی فرد چند منٹوں میں فراسٹ بائٹ کا شکار ہوسکتا ہے۔

امریکہ کے بعض علاقے ان دنوں شدید ٹھنڈ اور سرد طوفان ‘وائٹ آؤٹ‘ کی زد میں ہیں جہاں کرسمس کی چھٹیوں کے لیے جانے والے کروڑوں افراد پروازوں کی منسوخی اور اہم شاہراہوں کی بندش کے باعث پھنس کر رہ گئے ہیں۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق شدید برف باری اور تیز ہواؤں نے سال کے ان مصروف ترین اوقات میں تعطیلات کے منصوبوں کو متاثر کیا ہے کیونکہ آرکٹک سے آنے والے ایک بہت بڑے سرد طوفان نے ملک کے وسطی علاقوں کو منجمد کر دیا ہے۔

لاکھوں لوگ سرد طوفان کی وارننگ کے باعث گھروں میں پھنسے ہوئے ہیں کیوں کہ ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ بعض جگہوں پر اتنی شدید سردی ہے کہ باہر نکلنے والا کوئی بھی فرد چند منٹوں میں فراسٹ بائٹ کا شکار ہوسکتا ہے۔

امریکی صدر جو بائیڈن نے اس حوالے سے صحافیوں کو بتایا کہ ’یہ آپ کے بچپن میں ہونے والی برف باری کی طرح نہیں ہے۔ یہ ایک سنجیدہ مسٔلہ ہے۔‘

امریکن آٹوموبائل ایسوسی ایشن کے مطابق بلائنڈنگ وائٹ آؤٹ اور سڑک کے خطرناک حالات پہلے ہی پھیل رہے تھے جب کہ 10 کروڑ لوگوں کے سڑکوں کے ذریعے سفر کرنے کی توقع تھی۔

شمال کو ملانے والی آئی 90 ہائی وے ساؤتھ ڈکوٹا میں جمعے تک بند کر دی گئی ہے۔

ساؤتھ ڈکوٹا ڈپارٹمنٹ آف ٹرانسپورٹ نے کہا کہ عملہ ریاست بھر سے تمام دستیاب وسائل کو استعمال کرنے ہوئے شاہراہوں کو صاف کرنے اور سفر کی بحالی کے لیے کوشش کر رہا ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

بیان میں مزید کہا گیا: ’متعدد شاہراہوں کو فی الحال ’ناقابل سفر‘ سڑکوں کے طور پر درج کیا گیا ہے جہاں وسیع پیمانے پر ہونے والی برف باری اور بہاؤ کی وجہ سے سڑک پر سفر عملی طور پر ناممکن ہے۔‘

پیننگٹن کاؤنٹی شیرف کے دفتر نے ٹویٹ کیا کہ ریاست کے ریپڈ سٹی کے قریب 100 کے قریب موٹرسائیکل پھنسے ہوئے ہیں۔

شیرف آفس نے مزید لکھا: ’کسی بھی قسم کے سفر کا مشورہ نہیں دیا جا سکتا۔‘

طیاروں کی آمدورفت سے باخبر رکھنے والی ویب سائٹ فلائٹ اویئر ڈاٹ کام کے مطابق جمعرات کو 22 ہزار سے زیادہ پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں، جن میں سے ساڑھے پانچ ہزار پروازوں کو مکمل طور پر منسوخ کر دیا گیا۔

ایکو ویدر کی پیشگوئی کے مطابق طوفان تیزی سے مزید شدید ہو سکتا ہے۔

امریکی نیشنل ویدر سروس نے بھی خبردار کیا ہے کہ برفانی طوفان وسطی میدانی علاقوں سے وسط بحر اوقیانوس اور شمال مشرق تک کے علاقوں کو لپیٹ میں لے سکتا ہے۔

مونٹانا میں موسم کی پیشگوئی کرنے والے ادارے نے کہا کہ جمعرات کو آرکٹک سنیپ کے باعث سرد ترین رات کی توقع کی جارہی ہے، جس میں درجہ حرارت منفی 40 فارن ہائیٹ تک گر جائے گا جو ہڈیوں تک کو جما سکتا ہے۔

یہ درجہ حرارت ناسا کے اعداد و شمار کے مطابق مریخ کے درجہ حرارت سے کچھ ہی زیادہ ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی امریکہ