ہم سپیکر کے سامنے پیش ہونے کا کہتے ہیں تو وہ بھاگ جاتے ہیں: فواد

پی ٹی آئی رہنما نے یہ بیان راجا پرویز اشرف کی صحافیوں سے گفتگو کے بعد دیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے چیف وہیپ عامر ڈوگر آج (بدھ) کو ملاقات کے لیے نہیں آئے، انہو ں نے کل آنے کا کہا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری 7 اگست 2022 کو اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کر رہے ہیں (تصویر: سکرین گریب)

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی رہنما فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ’سپیکر ہمیں اب کہہ رہے ہیں کل آپ آ جائیں۔ سپیکر اور ایم این ایز سارے غیرملکی دوروں پر رہتے ہیں۔ انکشاف ہوا کہ بلاول بھٹو کے دوروں پر 1.7 ارب روپے خرچ ہوئے۔‘

اسلام آباد مٹیں بدھ کو صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے یہ بیان سپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف کی صحافیوں سے گفتگو کے بعد دیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے چیف وہیپ عامر ڈوگر آج (بدھ) کو ملاقات کے لیے نہیں آئے، انہو ں نے کل آنے کا کہا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ’تحریک انصاف کے لیے روزانہ نئے قوانین بن رہے ہیں۔‘

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ ’تمام لوگوں نے ایوان میں کھڑے ہو کر استعفے دیے۔ اپریل کے بعد سے پی ٹی آئی کے ارکان قومی اسمبلی کو تنخواہیں نہیں ملیں۔‘

’چھوٹے لوگ بڑی کرسیوں پر بیٹھ گئے ہیں، عہدوں کا وقار نیچے آ گیا ہے۔ استعفے دینے کے بعد اب تک ان نشستوں پر الیکشن نہیں ہوئے۔ استعفوں کے لیے سپیکر کو خط لکھا، سپیکر کا جواب نہ ادھر کا، نہ ادھر کا آیا۔‘

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ’جاوید ہاشمی کیس میں طے ہوا تھا کہ ایوان میں کہا جائے تو استعفیٰ منظور ہو جائے گا۔ یہ تو نہیں ہو رہا کہ ہماری تنخواہیں پی ڈی ایم کا ٹولا لے رہا ہے؟‘

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ’افغانستان کے حالات خراب ہوئے تو اثرات یہاں پر بھی آئیں گے۔ عدالت کا سیاست میں مداخلت کا کوئی کام نہیں۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کا حال آپ نے دیکھ لیا ہے۔ پاکستان میں عدالتی نظام نہیں رہا۔ جب ہم سپیکر کے سامنے پیش ہونے کا کہتے ہیں تو اسپیکر بھاگ جاتے ہیں۔‘

انہوں نے کہا کہ ’عامر ڈوگر کی سپیکر آفس سے بات ہو گئی ہے۔ انہوں نے ہمیں کل ملاقات کا وقت دیا ہے۔ کل رات سپیکر قومی اسمبلی آسٹریلیا جا رہے ہیں۔ پہلے ڈالر نہیں مل رہے تھے۔ اب سونا نہیں مل رہا۔ کابینہ ساری بیرون ممالک کے دوروں پر ہے۔‘

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ’لوگ شہباز شریف کے ساتھ چین دورے پر گئے۔ چین نے کہا ہم صرف پانچ افراد کا خرچہ برداشت کریں گے۔ پاکستان کے مسئلے ایسے نہیں کہ کوئی امپورٹڈ ٹیکنوکریٹ آ کر نظام چلائے۔‘

اس سے قبل پارلیمنٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے راجا پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ ’پی ٹی آئی کے چیف وہیپ نے گذشتہ روز مجھ سے ملاقات کے لیے رابطہ کیا۔ میں نے آج اسمبلی آفس میں پہنچ کر خود عامر ڈوگر سے رابطہ کیا۔ میں نے بتایا کہ میں سپیکر آفس پہنچ گیا ہوں ملاقات کے لیے آجائیں اس پر پی ٹی آئی کے چیف ویپ نے کل ملاقات کا کہا۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ان کے مطابق عامرڈوگر نے بتایا کہ پی ٹی آئی کے چند لوگ استعفےکے معاملے پر ملاقات کرنا چاہتے ہیں۔ ’میں نےکہا کہ جتھے کی صورت میں ملاقات نہیں ہوگی۔ رولزکے مطابق سب ممبران سے الگ الگ ملاقاتیں ہوں گی۔‘

’پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی کے استعفے اپنے ہاتھوں سے لکھے ہوئے نہیں ہیں جب کہ قواعد کے مطابق ہر رکن کو اپنے ہاتھ سے استعفیٰ لکھنا لازم ہے، کچھ ارکان نے استعفے منظور نہ کرنے کی استدعا کی ہے، جن ارکان نے مجھ سے استعفے منظور نہ کرنے کی استدعا کی ان کا نام اور تعداد نہیں بتا سکتا۔‘

عامر ڈوگر کے مطابق سپیکر راجہ پرویز اشرف نے شاہ محمود کو لکھے گئے خط میں چھ سے 10 جنوری کے درمیان استعفوں کی تصدیق کے لیے اراکین پارلیمنٹ کو طلب کیا ہے۔ ’استعفوں کی تصدیق کے لیے سپیکر کے سامنے پیش ہونے سے قبل طریقہ کار طے کیا جائے گا۔‘

پارلیمانی وفد کی قیادت شاہ محمود قریشی کریں گے جبکہ وفد میں اسد عمر، فواد چوہدری، پرویز خٹک، اسد قیصر، عامر ڈوگر اور دیگر ارکان شریک ہوں گے۔ 

قبل ازیں شاہ محمود قریشی نے سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کو پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی کے استعفوں کی تصدیق کے لیے خط لکھا تھا۔

تحریک انصاف نے 28 دسمبر کو خیبر پختونخوا ہاؤس میں تمام ارکان پارلیمنٹ کا اجلاس طلب کیا تھا، تاہم وہ اجلاس اب موخر کر دیا گیا ہے۔

راجا پرویز اشرف کا کہنا ہے کہ وہ عجلت میں پی ٹی آئی کےاستعفے منظور نہیں کریں گے۔ استعفے قواعد وضوابط کے مطابق منظور ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملکی مسائل کا واحد حل پارلیمنٹ کا فورم ہے اور پی ٹی آئی سے کہیں گے پارلیمنٹ میں اپنا کردار ادا کریں۔

(ایڈیٹنگ: حسنین جمال)

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی سیاست